مائیکل جیکسن کی آخری رسومات، پرستاروں کا ہجوم
7 جولائی 2009دنیا بھر میں مائیکل جیکسن کے کروڑوں پرستار اس عظیم گلوکار کو ان کی آخری رسومات کی تقریب کی صورت میں خراج عقیدت پیش کرنے کے منتظر ہیں۔ بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کے مطابق امریکی ریاست کیلی فورنیا کا شہر لاس اینجلیز مائیکل جیکسن کی یاد میں ہونے والی اس تقریب سے گھنٹوں قبل ہی ان کے شائقین سے بھر چکا ہے۔
کنگ آف پاپ میوزک کہلانے والے مائیکل جیکسن کی آخری رسومات منگل کے روزان کے اہل خانہ اور قریبی دوستوں کی موجودگی میں ایک نجی تقریب میں ادا کی جائیں گی۔ اس تقریب کے بعد، جیکسن کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے لاس اینجلیز کے Staples Center میں ایک یادگاری کنسرٹ منعقد کیا جائےگا۔
جیکسن خاندان کے ارکان کے مطابق اس شو میں سٹیوی ونڈر، مرایا کیری، لائونل رچی، سموکی رابنسن سمیت بہت سے مشہور گلوکار اپنے اپنے انداز میں آنجہانی مائیکل جیکسن کو خراج عقیدت پیش کریں گے۔ دو گھنٹے پر محیط یہ شو پچاس سال کی عمر میں انتقال کر جانے والے مائیکل جیکسن کی زندگی کے بہت سے پہلوؤں کا احاطہ کرے گا۔
20 ہزار افراد کی گنجائش والے سٹیپلز سینٹر میں، مقامی وقت کے مطابق منگل کی سہ پہر، ہونے والے کنسرٹ میں مفت شرکت کے لئے مائیکل جیکسن کے 1.6 ملین سے زائد شائقین نے درخواستیں دی تھیں۔ شروع میں اس کنسرٹ میں ایسے 11 ہزار شائقین کو مدعو کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا لیکن بعد میں قرعہ اندازی کے ذریعے مختلف ملکوں میں جن شائقین کا انتخاب کیا گیا، اُں کی تعداد 8750 رہی۔
منتظمین کے اب تک کے اندازوں کے مطابق سٹیپلز سینٹر میں آج کے یادگاری کنسرٹ میں حصہ لینے والوں کی مجموعی تعداد 18 ہزار کے قریب رہے گی۔ اس کے علاوہ لاس اینجلیز ہی میں واقع Nokia سینٹر میں اس شو کی لائیو سکریننگ بھی کی جائے گی جس کے لئے مائیکل جیکسن کے مداحوں میں 6500 پاس تقسیم کئے گئے ہیں۔
اس کے باوجود لاس اینجلیز میں چونکہ مائیکل جیکسن کے سبھی مداحوں کو یہ پاس نہیں ملے، اس لئے کنسرٹ کے منتظمین نے کہا ہے کہ جن سوگوار شائقین کے پاس ٹکٹ موجود نہیں ہیں، وہ یہ تقریب ٹیلی ویژن پر دیکھیں۔ ایسا اس لئے کہا گیا کہ آج ہی اس امریکی شہر کی سڑکوں پر مائیکل جیکسن کے مداحوں کی تعداد تقریبا یقینی طور پر لاکھوں میں رہنے کا امکان ہے۔ یہ کنسرٹ تمام اہم امریکی ٹی وی چینلز کے علاوہ انٹرنیٹ پر بھی براہ راست دکھایا جائے گا۔
اس مائیکل جیکسن میموریل کنسرٹ کو دنیا کے مختلف ملکوں میں کئی ملین شائقین کس وقت دیکھیں گے، اس کا اندازہ اس امر سے لگایا جاسکتا ہے کہ آسٹریلیا میں انتہائی سرد موسم کے باوجود میلبورن کے فیڈریشن سکوائر میں نصب ایک بہت بڑی سکرین پر جب ہزار ہا مداح اس تقریب کو لائیو دکھیں گے تو تب بدھ کے روز صبح سویرے کا وقت ہو گا۔ جنوبی ایشیا میں اس وقت منگل کی رات اپنے آخری حصے میں ہو گی اور مغربی یورپ میں قریب نصف شب کا وقت ہوگا۔
رپورٹ : میراجمال
ادارت : مقبول ملک