1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مائیک پومپیو'منقسم‘ پیغامات کے ساتھ جرمنی میں

7 نومبر 2019

امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو دیوار برلن کے انہدام کے تیس برس پورے ہونے کے موقع پر منقعد ہونے والی تقریبات میں شرکت کی خاطر جرمنی کے دورے پر ہیں۔ وہ سرد جنگ کے دور میں جرمنی میں تعینات بھی رہ چکے ہیں۔

Deutschlandbesuch von US-Außenminister Pompeo Treffen mit US Soldaten in Grafenwöhr
تصویر: Reuters/J. Meyer

امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو تین روزہ دورے پر بدھ کی شام جرمنی پہنچے۔ انہوں نے سب سے پہلے جنوبی صوبے باویریا میں تعینات امریکی دستوں سے ملاقات کی جبکہ آج جمعرات کو وہ اپنے جرمن ہم منصب ہائیکو ماس سے بھی ملاقات کرنے والے ہیں۔

پومپیو اور ماس کی ملاقات سابقہ مشرقی اور مغربی جرمن ریاستوں کی مشترکہ سرحد پر واقع مؤڈلاروئتھ نامی گاؤں میں ہو گی، جس کی آبادی صرف پچاس نفوس پر مشتمل ہے اور تین عشرے پہلے جرمنی کی داخلی سرحد اسی گاؤں کے بیچ میں گزرتی تھی۔ اس کے بعد وہ ہالے اور لائپزگ کے لیے روانہ ہو جائیں گے۔ اسی طرح جمعے کو پومپیو چانسلر انگیلا میرکل، وزیر دفاع آنےگرَیٹ کارین باؤر اور وزیر خزانہ اولاف شولس کے ساتھ بھی مختلف امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔

تصویر: Natalia Messer

مائیک پومپیو نے اس سے قبل مئی میں جرمنی کا اپنا دورہ آخری لمحات میں مؤخر کر دیا تھا۔ تاہم بعد ازاں انہوں نے اپنے اس دورے کو مکمل کیا تھا۔ حالیہ دورے کے دوران کئی متنازعہ موضوعات زیر بحث آ سکتے ہیں۔ ان میں سے ایک مغربی دفاعی اتحاد نیٹو کے فوجی اخراجات کا معاملہ بھی ہے۔

واشنگٹن حکومت کا الزام ہے کہ جرمنی نیٹو کے مجموعی فوجی اخراجات میں اپنا مناسب حصہ ادا نہیں کر رہا۔ اس کے علاوہ امریکا کو جرمنی اور روس کے مشترکہ گیس پائپ لائن منصوبے پر بھی اعتراض ہے۔ انہی وجوہات کی بناء پر جرمنی اور امریکا کے باہمی روابط میں سرد مہری بھی پائی جاتی ہے۔

تصویر: DW/H. Rawlinson

1990ء میں جب سرد جنگ کا دور ختم ہوا، تو اس وقت مغربی جرمنی میں دو لاکھ امریکی فوجی تعینات تھے۔ مشرقی اور مغربی جرمنی کے انضمام کے بعد امریکا نے اپنے فوجیوں کی تعداد کو بتدریج کم کرنا شروع کر دیا تھا۔ آج کل جرمنی کے مختلف مقامات پر تقریباً پینتیس ہزار امریکی فوجی تعینات ہیں۔

تاہم پومپیو اور جرمن رہنماؤں کی ملاقاتوں میں ممکنہ طور پر یہ موضوع بھی زیر بحث آ سکتا ہے کہ اور مزید کتنا عرصہ امریکی فوجی جرمن سرزمین پر موجود رہیں گے؟

  ع ا / م م 

جرمنی کا اتحاد، کب کیا ہوا؟

02:37

This browser does not support the video element.

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں