ماحولیاتی آلودگی کے باعث چینیوں کی اوسط عمر میں کمی
9 جولائی 2013سال 1981ء سے سال 2000ء تک کوئلے کے ذریعے شمالی چین کی عوام کو موسم سرما میں مفت حرارت فرا ہم کی جاتی رہی ہے۔ محقیقین کا ماننا ہے کہ اس نظام نے ماحولیاتی آلودگی میں خطرناک حد تک اضافہ کیا جس کے اثرات اب تک فضا میں موجود ہیں۔
اس تحقیق میں چینی، امریکی اور اسرائیلی محقیقین نے حصہ لیا اور چین کے 90 شہروں میں ماحولیاتی آلودگی کا جائزہ لینے کے بعد اپنی رپورٹ ’امریکی نیشنل اکیڈمی آف سائنسز‘ میں پیش کی۔
اس رپورٹ میں پیش کئے گئے اعداد و شمار میں کوئلے کے ذریعے شمالی چین کی عوام کو گھروں میں حرارت فراہم کرنے کے نظام کو عوام کے لیے تباہ کن قرار دیا گیا ہے کیونکہ آلودگی کو ترک کرنے کے لیے مناسب آلات استعمال نہیں کیے جاتے رہے۔
اس سائنسی تحقیق میں شامل محققین کا ماننا ہے کہ وہاں کی فضا اب بھی آلودہ ہے اور لوگوں کی صحت پر اثرانداز ہو رہی ہے اور یہی وجہ ہے کہ شمالی چین کے لوگوں کی اوسطاﹰ عمر کم رہےگی۔
اس رپورٹ کے نتیجے میں یہ بات واضح ہو گئی ہے کہ کس طرح چین کی مضبوط معیشت وہاں کے لوگوں کی زندگی کو کمزور کر رہی ہے۔ ماحولیاتی آلودگی کی یہ صورت حال دنیا کے دیگر ترقی پذیر ممالک جیسے کے بھارت سے بالکل مختلف نہیں ہے۔