1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ماحول دوست حج کا انعقاد

1 اگست 2020

ماحولیاتی حلقوں نے سن 2020 کے حج کو ایک 'ماحول دوست' یا ایک 'گرین حج' قرار دیا ہے۔

Saudi-Arabien Mekka | Corona & Hadsch | Pilgerfahrt
تصویر: Getty Images/AFP

عرب دنیا کی مشہور ماحول پسند خاتون نُوہاد عود نے کہا کہ یہ کہنا مشکل ہے کہ رواں برس کے محدود اجتماع سے ماحول کو کتنا فائدہ ہوا لیکن اس سے ہمارے مجموعی رویے کی عکاسی ضرور ہوئی ہے۔ نُوہاد عود کے مطابق یہ ضرور محسوس ہوا کہ ماحول دوست حج کی صورت یہی ہے، جس کا پہلے تصور بھی نہیں تھا۔

ماحولیاتی حلقوں کا کہنا ہے کہ ہر سال حج کے موقع پر لاکھوں افراد کا اجتماع تحفظ ماحولیات کے لیے ایک بڑا چیلنج ہوتا ہے۔ ایک محدود علاقے میں کچھ ایام کے دوران لاکھوں افراد کی موجودگی اور مناسکِ حج کے لیے ان کی نقل و حرکت فضائی ماحول کے لیے ایک مسئلہ  ہوتی ہے۔

تصویر: Getty Images/AFP/A. Al-Rubaye

اس دوران ہزاروں بسوں اور موٹر گاڑیوں کے چلنے سے انتہائی بڑی مقدار میں دھوئیں اخراج اور پلاسٹک کی اشیاء کا استعمال بھی ماحولیاتی آلودگی کا باعث ہوتا ہے۔

رواں برس کے حج سے پہلے سعودی عرب کو کورونا وائرس کی وبا کا سامنا تھا اور دو لاکھ پچھتر ہزار سے زائد افراد وائرس کی لپیٹ میں آئے۔ ان مریضوں میں سے دو ہزار آٹھ سو چھیاسٹھ کی زندگیاں ختم ہو گئیں۔

اسی لیے اس سال صرف دس ہزار زائرین حج کے لیے حرمِ کعبہ پہنچے۔ گزشتہ برس دنیا بھر سے تقریباً پچیس لاکھ افراد نےاسلامی فریضےکی ادائیگی کے لیے سعودی عرب کا سفر کیا تھا۔

تصویر: Getty Images/AFP

مکہ میں بدھ کو جب مناسک حج کی ادائیگی کا سلسلہ شروع ہوا تو سابقہ سالوں جیسی صورت حال نہیں تھی۔ عینی شاہدین کے مطابق شہر میں خاموشی تھی، قریبی مذہبی مقامات تک نقل و حرکت اور افعال میں نظم و ضبط تھا۔

حتیٰ کہ حج کے دوران ایک مقام ہر شیطان کو کنکریاں ماری جاتی ہیں، اس مرتبہ یہ کنکریاں بھی جراثیم سے محفوظ یعنی سنیٹائزڈ تھیں۔ تمام حاجیوں کو ایک خصوصی کِٹ دی گئی تھی اور اس میں ماسک اور ڈِس انفیکنٹ بھی رکھا گیا تھا۔

افغانستان سے آئی ہوئی خاتون زائرہ عظیم اللہ فرح کا کہنا تھا کہ ہر شے صاف ستھری تھی اور بلدیہ کے کارکن کوڑا کرکٹ اکھٹا کرنے کے لیے تعینات تھے۔

ان ورکرز میں ایک رحیم فجر الدین کا کہنا تھا کہ حالیہ حج کے مقابلے میں ماضی میں ٹنوں کے حساب سے کوڑا جمع کیا جاتا تھا۔

 

ع ح، ش ج (اے ایف پی)

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں