مارٹن شلزُ یورپی پارلیمنٹ کے نئے اسپیکر
18 جنوری 2012
سوشل ڈیموکریٹک پارٹی SPD نےکہا ہے کے مارٹن شُلز اپنے پیش روکے مقابلے میں زیادہ سیاسی انداز میں اپنی نئی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔ SPD کی طرف سے جاری کیے گئے ایک بیان کے مطابق شلزُ یورپی پارلیمنٹ کو یورپی یونین کے دیگر اہم اداروں یعنی یورپی کمیشن اور کونسل کے مقابلے میں مزید مستحکم کرنے کی کوشش کریں گے۔
یورپی پارلیمنٹ میں اسپیکر ہی تمام اجلاسوں کی صدارت کرتا ہے۔ یورپی کونسل اور یونین کے ساتھ مل کر قواعد و ضوابط ترتیب دینا بھی پارلیمنٹ کے اسپیکر کی ہی ذمہ داری ہوتی ہے۔ ساتھ ہی اسپیکر ہی پارلیمنٹ کے بجٹ اور انتظامی امور کا بھی نگران ہوتا ہے۔ پارلیمنٹ کے مزید چھ دھڑوں کے ساتھ مل کر اجلاس کے ایجنڈے کو مرتب دینا بھی اسپیکر کا کام ہوتا ہے۔
اس حوالے سے مارٹن شُلز کا کہنا تھا ’’میں سمجھتا ہوں کہ اس طرح مجھے یورپی یونین کی سیاست میں جامع اختیار حاصل ہے، ان شعبوں میں بھی جن کے بارے میں یورپی یونین کے سربراہاں سمجھتے ہیں کہ وہ ان کے دائرہ اختیار میں ہیں۔‘‘ مارٹن شُلز کے بقول اگر انہیں دعوت نہ بھی دی گئی تو پھر بھی وہ اگلی یورپی سربراہی کانفرنس میں شرکت کرنے کی کوشش کریں گے۔ اس سے قبل وہ یورپی پارلیمنٹ میں سوشل ڈیموکریٹک پارٹی کے دھڑے کے سابق سربراہ بھی رہ چکے ہیں۔ وہ اپنے تند و تیز اور اثر انگیز بیانات کے حوالے سے شہرت رکھتے ہیں۔ اپنے انداز بیان کی وجہ سے وہ ذرائع ابلاغ میں بھی مقبول ہیں اور انہیں ایک بہترین انٹرویو پارٹز کے طور پر بھی دیکھا جاتا ہے۔ اپنے موقف کی وجہ سے جرمن عوام ان پر دیگر سیاستدانوں کے مقابلے میں زیادہ بھروسہ کرتے ہیں۔
2003ء میں شلُز کو اس وقت شہرت حاصل ہوئی، جب انہوں نے سابق اطالوی وزیراعظم سلویو بیرلسکونی کو ان کی سیاست کی وجہ سے شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ انہوں نے بیرلسکونی کو نازی ازم پر بنائی جانے والی ایک فلم میں محافظ کے ایک کردار سے تشبیہ دیتے ہوئے کہا تھا، ’’مجھے لگتا ہے کہ آپ اس کردار کے لیے سب سے مناسب شخصیت ہیں۔‘‘
پیشے کے اعتبار سے کتاب فروش مارٹن شلُز ایک طویل عرصے سے ایس پی ڈی سے وابستہ ہیں۔ 19 سال کی عمر میں وہ ایس پی ڈی میں شامل ہوئے تھے۔ اس کے بعد وہ دس سال تک اپنی پارٹی کی جانب سے آخن شہر کے ایک قریبی علاقے ’وُرسیلن‘ کے میئر بھی رہے اور 1994ء سے وہ یورپی سطح پر ایس پی ڈی کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ اس کے بعد 2004 ء میں انہیں یورپی پارلیمنٹ میں ایس پی ڈی کے دھڑے کا لیڈر بھی بنا دیا گیا۔
یورپی پارلیمان کے اس وقت 754 ارکان ہیں۔ ان میں سے کرسچن ڈیموکریٹس کے پاس271 نشستیں ہیں جبکہ سوشل ڈیموکریٹ ارکان کی تعداد 190 ہے۔ مارٹن شلُز 2014ء کے اختتام تک اسپیکر کے عہدے پر فائز رہیں گے۔ یورپی پارلیمنٹ کا اسپیکر بننا اس 56 سالہ سیاستدان کے کیریئر کی ابھی تک کی سب سے بڑی کامیابی تصور کی جا رہی ہے۔
رپورٹ: ریشیل گیساٹ/ عدنان اسحاق
ادارت : عاطف بلوچ