مارگلہ کریش : بلیک باکس مل گیا
31 جولائی 2010سول ایوی ایشن کے ڈائریکٹر جنرل جنید امین نے خبر رساں ادارے ڈی پی اے کو بتایا، ’’ ہاں، ہم نے بلیک باکس ڈھونڈ لیا ہے۔ یہ محفوظ ہے اور اس میں سے ریکارڈنگ ڈیٹا نکالا جا سکتا ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ طیارے کے کاک پٹ میں نصب وائس ریکارڈر بھی تلاش کیا جا چکا ہے۔
پاکستانی نجی ائیر لائن ’ائیر بلیو‘ کا مسافر بردار طیارہ بدھ کی صبح مارگلہ کی پہاڑیوں میں گر کر تباہ ہو گیا تھا۔ اس حادثے کے نتیجے میں طیارے میں سوار افراد میں سے کوئی بھی زندہ نہیں بچا تھا۔ طیارے میں سوار تمام 146 مسافر اور عملے کے چھ ارکان ہلاک ہو گئے تھے۔
پاکستانی دارالحکومت اسلام آباد کی شہری انتظامیہ نے بھی تصدیق کی ہے کہ تباہ ہونے والے طیارے کا بلیک باکس اور ریکارڈنگ دیٹا مل گیا گیا۔ کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ترجمان رمضان ساجد نے کہا ہے کہ بلیک باکس سے ریکارڈنگ مواد حاصل کرنے کے لئے اسے غیر ملک بھیجا جائے گا۔ رمضان ساجد ’مارگلہ کریش‘ کی امدادی کارراوئیوں کی نگرانی بھی کر رہے تھے۔
ابتدائی اندازوں کے مطابق ایئر بلیو کی پرواز خراب موسم کے باعث مارگلہ کی پہاڑیوں میں گر کر تباہ ہوئی۔ یہ پرواز بدھ کی صبح کراچی سے اسلام آباد کے لئے روانہ ہوئی تھی جبکہ حادثے سے کچھ دیر قبل ہی اس طیارے کا کنٹرول روم سے رابطہ منقطع ہو گیا تھا۔
رپورٹ : عاطف بلوچ
ادارت : شادی خان سیف