1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ماریو مونٹی: اٹلی کے وزیر اعظم نامزد

14 نومبر 2011

اندازوں کے عین مطابق اٹلی کے صدر جورجیو ناپو لی تانو نے ممتاز اکانومسٹ ماریو مونٹی کو اگلی حکومت تشکیل دینے کے لیے وزیر اعظم نامزد کردیا ہے۔ ان کو حال ہی میں اطالوی پارلیمان کے ایوان بالا کا تاحیات رکن بنایا گیا تھا۔

ماریو مونٹیتصویر: picture alliance/dpa

ماہر اقتصادیات ماریو مونٹی نے صدر کی جانب سے وزیر اعظم نامزد کیے جانے کے بعد اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ وہ اپنی قوم اور سیاستدانوں کے تعاون سے اٹلی کو بحرانی دور سے پار لے جا سکتے ہیں۔ اطالوی صدر نے ماریو مونٹی کو سلویو بیرلسکونی کے وزارت عظمیٰ سے مستعفی ہونے کے ایک روز بعد اس اعلیٰ منصب کے لیے نامزد کیا ہے۔ وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے سے قبل مونٹی کو پارلیمان سے اعتماد کا ووٹ حاصل کرنا ہو گا۔

صدر نے ان کو حکومت سازی کا موقع فراہم کرتے ہوئے کہا کہ وہ سیاسی حمایت حاصل کرنے کی کوشش کریں تاکہ وہ اس ملک کو اُس مشکل دور سے نکال سکیں، جس کا دوسری عالمی جنگ کے بعد اٹلی کو پہلی مرتبہ سامنا ہے۔

ماریو مونٹی میڈیا کے سامنےتصویر: dapd

ماریو مونٹی عالمی اقتصادی منظر پر ایک بہت ہی اہم نام ہے۔ وہ اپنے اقتصادی علم کی بنا پر یورپی یونین کے کمشنر بھی رہ چکے ہیں۔ مونٹی کو اطالوی صدر نے نومبر کی 9 تاریخ کو پارلیمنٹ کے ایوان بالایعنی سینیٹ کا تاحیات رکن نامزد کیا تھا۔

ماریو مونٹی نے نامزدگی کے بعد اپنے پہلے بیان میں کہا کہ اس وقت اٹلی کی اقتصادیات  حقیقی طور پر ایک ہنگامی دور سے گزر رہی ہے۔ مونٹی نے اپنے بیان میں یہ بھی کہا کہ معقولیت پسندی اور محتاط انداز میں قوم کو اس سے دور سے گزرنا ہو گا۔ نامزد وزیر اعظم کے مطابق اٹلی کو اس دشوار چیلنج کا سامنا کرتے ہوئے واپس اقتصادی استحکام کی جانب لوٹنا ہو گا اور مجموعی اتفاق و قوت وقت کا تقاضا ہے۔ مونٹی نے اپنی قوم پر واضح کیا کہ ان کا ملک یورپی یونین کے بانیوں میں سے ہے اور اس یونین میں وہ ایک کمزور عنصر کے طور پر ہرگز نہیں رہنا چاہتا۔

نامزد وزیر اعظم ماریو مونٹیتصویر: dapd

اڑسٹھ سالہ اقتصادیات کے پروفیسر ماریو مونٹی کو سیاسی جماعتوں کی حمایت سے کابینہ کو ترجیحی بنیادوں پر تشکیل دینا ہے۔ مختلف اورمخالف نظریات کی حامل سیاسی جماعتوں کی جانب سے مونٹی کی حمایت کے مشروط بیانات سامنے آئے ہیں۔ اٹلی میں اجرتیں زیادہ ہیں۔ پیداواری شرح گر چکی ہے۔ ملازمت کے مواقع محدود ہونے کی وجہ سے پورے ملک میں مایوسی پائی جاتی ہے۔ ماریو مونٹی کو اپنی قوم کو مایوسی کی دلدل سے باہر نکالنے کے لیے خاصی جانفشانی سے معاملات کو آگے بڑھانا ہو گا۔

روم میں بیرلسکونی کی جگہ جو ٹیکنوکریٹ حکومت معرض وجود میں آنے والی ہے، اسے حکومت کے غیرضروری اخراجات کو کنٹرول بھی کرنا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ بچتی اور کفایت شعاری کے ایک قابل عمل جامع پلان کو بھی وضع کرنا اہم معاملہ ہے۔ مالیاتی تجزیہ کاروں کے خیال میں نئی حکومت کو اس عمل میں آگے بڑھنے کے دوران عوامی غیض و غضب اور نفرت کا بھی سامنا ہو سکتا ہے لیکن ملکی معیشت کی بحالی کے لیے مشکل فیصلے ماریو مونٹی کی قیادت میں بننے والی نئی حکومت کی راہ دیکھ رہے ہیں۔

رپورٹ:  عابد حسین

ادارت:   عاطف بلوچ

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں