1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ماسکو اور واشنگٹن کے مابین نیا سرد دور؟

26 جون 2013

روس اور امریکا کے مابین گفتگو کا لہجہ کُھردار ہو چکا ہے۔ بات چاہے شام کی خانہ جنگی کی ہو یا ایڈورڈ سنوڈن کے ماسکو کے سفر کی، اطراف میں سے کوئی بھی اپنے موقف میں لچک پر آمادہ نہیں ہے۔

Russland Snowden Flughafen Scheremetjewo 26.06.2013
تصویر: Reuters

2010ء کے موسم گرما میں جب باراک اوباما نے اپنے اس وقت کے روسی ہم منصب دیمیتری میدویدیف کے ساتھ مل کر دونوں طاقتوں کے باہمی تعلقات میں ایک نئے آغاز کی وکالت کی تھی، تو امریکی صدر نے جو کچھ سوچا تھا وہ یقینی طور پر موجودہ حالات سے مختلف تھا۔ تب واشنگٹن اور ماسکو نے ایران، شمالی کوریا اور افغانستان جیسے بین الاقوامی سیاست کے اہم موضوعات کا ذکر کرتے ہوئے مشترکہ مفادات کی بات کی تھی۔

ایڈورڈ سنوڈنتصویر: Reuters

اس طرح دونوں ملکوں کے مابین ایٹمی ہتھیاروں میں کمی سے متعلق جو New Start معاہدہ طے پایا، اس کی صورت میں ایک دوسرے سے تعاون کی خواہش نے بہت جلد عملی سیاست میں اپنا راستہ بنا لیا تھا۔

اس کے برعکس حال ہی میں اپنے دورہء جرمنی کے دوران امریکی صدر نے ہتھیاروں میں کمی سے متعلق برلن میں اپنا جو تازہ مؤقف پیش کیا، اس پر موجودہ روسی صدر ولادیمیر پوٹن کا رد عمل بالکل مختلف ہے۔ صدر پوٹن کے رد عمل میں عدم اعتماد بھی نظر آتا ہے اور اس بارے میں عدم رضامندی بھی کہ وہ اپنی ’بڑی طاقت کی نئی سیاست‘ ترک کر دیں گے۔

جس کسی نے بھی شمالی آئر لینڈ میں جی ایٹ کی حالیہ سربراہی کانفرنس کے موقع پر باراک اوباما اور ولادیمیر پوٹن کو ایک دوسرے سے ملتے دیکھا تھا، اس نے اندازہ لگا لیا تھا کہ دونوں کا ایک دوسرے سے طرزِ ملاقات بدل چکا ہے۔

اس میں کوئی شک نہیں کہ دونوں صدور اور ان کے ملکوں کے مابین بات چیت کا لہجہ کُھردرا ہو چکا ہے۔ ماحول ایسا ہے کہ واشنگٹن اور ماسکو کے مابین کوئی لچک نظر نہیں آتی۔ بہت سی خفیہ امریکی معلومات منظر عام پر لانے والے امریکی خفیہ ادارے کے ایک سابق کنٹریکٹر ایڈورڈ سنوڈن اور اس کی ماسکو میں موجودگی کے تناظر میں روس اور امریکا کے مابین بیانات کے تازہ ترین تبادلے کے دوران جو لہجہ سننے میں آیا، ماہرین کے بقول وہ لہجہ سرد جنگ کے دور کی یاد دلاتا ہے۔

ماسکو کا ہوائی اڈہتصویر: Reuters

واشنگٹن میں کارنیگی اینڈاؤمنٹ فار انٹرنیشنل پیس کے روسی امور کے ماہر میتھیو روجانسکی کہتے ہیں، ’دونوں میں سے ہر ایک دوسرے کو اپنی مرضی کا تابع بنانا چاہتا ہے۔ باہمی تعلقات کی یہ وہی صورت ہے، جو دنیا سرد جنگ کے زمانے میں دیکھ چکی ہے۔ لیکن دوسری طرف پس منظر میں اشتراک عمل بھی جاری ہے۔‘

شام کی خونریز خانہ جنگی روس اور امریکا کے باہمی تعلقات کے لیے بڑا امتحان ثابت ہو رہی ہے۔ روس شام کا قریبی اتحادی ہے اور ماسکو کو ابھی تک یاد ہے کہ قذافی دور کے آخری مہینوں میں لیبیا میں مغربی دنیا کی مداخلت کے وقت ماضی میں لیبیا کی محافظ طاقت رہ چکنے والا ماسکو صرف تماشائی بن کر رہ گیا تھا۔

واشنگٹن کا ایڈورڈ سنوڈن کی ماسکو سے ملک بدری کا مطالبہ، روسی صدر پوٹن کی طرف سے واضح انکار اور اس تنازعے میں فریقین کی طرف سے سخت لفظوں کا چناؤ روسی امریکی تعلقات میں بڑھتے ہوئے کُھردرے پن کی تازہ ترین مثال ہیں۔

G. Schließ, mm / R. Mudge, ab

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں
ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں