’ماسکو ہوائی اڈے پر حملہ میں نے کروایا‘، چیچن باغی عمروف
8 فروری 2011فرانسیسی خبر رساں ادارے AFP کے مطابق چیچن باغی رہنما دوکو عمروف نے اپنے گروہ کی ویب سائٹ پر ایک ویڈیو پیغام میں اس حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔ چوبیس جنوری کو ماسکو کےمصروف ترین ہوائی اڈے Domodedovo پر خود کش حملےکا حوالہ دیتے ہوئے عمروف نے اپنے پیغام میں کہا ،’ یہ حملہ میرے حکم کے تحت کیا گیا۔‘ پیر کی شب جاری کیے گئے اس بیان میں عمروف نے خبردار کیا ہے کہ مزید ایسے حملے بھی کیے جا سکتے ہیں۔
روسی حکام کو انتہائی مطلوب عمروف نے کہا کہ ققفاذ میں روسی جرائم کے بدلے میں ہوائی اڈے پر حملہ کیا گیا ہے۔ روسی زبان میں جاری ہونے والے اس بیان میں عمروف نے مزید کہا کہ وہ اور اس کے جاں نثار جہاد کے لیے تیار ہیں۔
چیچنیا کے مسلم باغی رہنما عمروف نےعہد کیا ہے کہ سن 2011ء روس کے لیے خون سے بھرا ہوا ہو گا۔ شمالی قفقاذ میں اسلامی نظام لاگو کرنے کے خواہش مند عمروف نے روسی حکام کو خبردار کیا ہے کہ جب تک وہ ان کے علاقے کو چھوڑ نہیں دیتے اس طرح کے حملے ہوتے رہیں گے۔
چھیالیس سالہ عمروف نے اس سے قبل مارچ سن 2010ء میں ماسکو میٹرو پر ہوئے خود کش حملے اور نومبر 2009ء میں ہوئے ماسکو ٹرین حملوں کی ذمہ داری قبول کر رکھی ہے۔ ان دونوں حملوں میں بالتریب انتالیس اور چھبیس افراد ہلاک ہوئے تھے۔
روسی حکام نے کہا ہے کہ ماسکو کے ہوائی اڈے پر خود کش حملہ ایک بیس سالہ نوجوان نے کیا، جس کا تعلق شمالی قفقاذ کی ریاست چیچنیا سے ہی تھا۔ اس حملے کے نتیجے میں کم ازکم سات غیر ملکی بھی ہلاک ہوئے تھے، جن میں سے برطانیہ، جرمنی، آسٹریا اور یوکرائن کا ایک ایک باشندہ بھی شامل تھا۔
اس خود کش حملے کے بعد روسی صدر دمتری میدویدف نے جن اعلیٰ اہلکاروں کو ان کے عہدے سے برطرف کر دیا تھا، ان میں ریجنل ٹرانسپورٹ چیف کے علاوہ ماسکو پولیس کا نائب سربراہ بھی شامل تھا۔ میدویدف کے مطابق ماسکو کے اہم ترین ہوائی اڈے پر ہونے والے خود کش حملے کے پیچھے سکیورٹی لاپرواہی کا عنصر نمایاں تھا۔
رپورٹ: عاطف بلوچ
ادارت: کشور مصطفےٰ