ماضی میں جھانکنے والی غیرمعمولی اور انقلابی دوربین
25 دسمبر 2021ہفتے کے روز جیمز ویب اسپیس ٹیلی اسکوپ جنوبی امریکا کی شمال مشرقی ساحلی پٹی سے خلا میں روانہ کی گئی۔ نو ارب ڈالر کی لاگت سے تیار کردہ اس انفراریڈ ٹیلی اسکوپ کو خلائی رصدگاہی سائنس میں ایک نئے باب کا اضافہ قرار دیا جا رہا ہے۔ آریان فائیو راکٹ کے ذریعے اس دوربین کو آج ہفتے کی صبح عالمی وقت کے مطابق ساڑھے بارہ بجے یورپی اسپیس ایجنسی کے ذریعے فرنچ گنی کے علاقے سے خلا میں بھیجا گیا۔
آٹھویں سیارے کی دریافت میں ناسا نے مصنوعی ذہانت استعمال کی
یہ لانچ ناسا اور یورپی اسیس ایجنسی ایسا کی ویب کاسٹ پر براہ راست نشر کی گئی۔ اگر سب کچھ طے شدہ انداز سے انجام پاتا ہے تو یہ چودہ ہزار پاؤنڈ وزنی آلہ خلا میں پہنچنے کے بعد اگلے تیرہ روز میں تہہ بہ تہہ کھلتے ہوئے ٹینس کے ایک میدان کے برابر ہو جائے گا، جب کہ مزید دو ہفتے سفر طے کرتے ہوئے یہ اپنی مقررہ منزل پر پہنچے گی۔ یہ دوربین زمین کی سطح سے ایک ملین میل کی مسافت یعنی سورج سے بھی چار گنا زائد دوری پر زمین کے گرد چکر لگاتے ہوئے اپنا کام کرے گا۔
دوربین ماضی میں جھانکے گی
اس وقت زمین سے تین سو چالیس میل دور ہبل خلائی دوربین موجود ہے، جسے چکر لگاتے ہوئے ہر نوے منٹ میں سیارے کے سائے کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ تاہم ویب ٹیلی اسکول ہبل سے سو گنا زیادہ حساس ہے اور اپنے انفراریڈ اسپیکٹرم کے ذریعے خلائی دھول اور گیس کے اندر سے دوسری طرف جھانک لینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ سائنسدانوں کا خیال ہے کہ اس دوربین کے ذریعے بگ بینگ کے بعد بننے والے ابتدائی ستاروں کو دیکھا جا سکے گا، جب کہ کائنات میں زمین اور نظام شمسی کی جگہ کا بھی بہتر انداز سے تعین ممکن ہو گا۔
جیمز ویب کائنات کو انفراریڈ اسپیکٹرم کی مدد سے دیکھے گی اور یوں خلائی گیس اور دھول میں پیدا ہونے والے ستاروں کو دیکھا جا سکے گا۔ یہ بات اہم ہے کہ ہبل دوربین عدسے اور بالائے بنفشی طول موج کے ذریعے کائنات کو دیکھتی ہے۔
جیمز ویب ٹیلی اسکوپ، ایک غیرمعمولی دوربین
نئی دوربین کا پرائمری عدسہ اٹھارہ ہیگزاگونل سیگمنٹس سے بنا ہے، جنہیں سونے کی ملمع کاری کی حامل بیریلیم دھات میں رکھا گیا ہے۔ اس دوربین میں ہبل سے کہیں زیادہ روشنی جمع کرنے کی صلاحیت موجود ہے، جس کا مطلب کائنات میں اس دوربین کا زیادہ وسعت تک جھانکنا یعنی ہبل یا کسی بھی دوسری دوربین کے مقابلے میں ماضی میں زیادہ پیچھے تک دیکھنے کی صلاحیت ہے۔
ع ت/ ع ح (روئٹرز)