مالدیپ کی حکومت نے برطانوی سنگ تراش کا فن پارہ تباہ کر دیا
25 ستمبر 2018
مالدیپ میں پولیس نے سنگ تراشی کے ایک جدید نمونے کو اسلامی اقدار کے منافی ہونے کے شبے میں تباہ کر دیا ہے۔ اس فن پارے کو توڑنے کا حکم حالیہ الیکشن میں شکست کھانے والے صدر نے دے رکھا تھا۔
اشتہار
جس فن پارے کو مالدیپی پولیس نے ہتھوڑوں اور دوسرے سامان کے ساتھ توڑا ہے وہ برطانیہ کے سنگ تراش جیسن ڈی کیئرز ٹیلر کی تخلیق تھا۔ اس کو توڑنے کا حکم صدارتی الیکشن میں شکست کھانے والے صدر عبداللہ یامین نے رواں برس جولائی میں دیا تھا۔ اُن کے اس حکم پر عمل درآمد انتخابات کے نتائج سامنے آنے پر کیا گیا۔
اسلام اس ریاست کا سرکاری مذہب ہے۔ اس باعث کوئی مجسمہ یا انسانی خدوخال کا حامل سنگ تراشی کا کوئی نمونہ بھی اسلامی اقدار کے مخالف خیال کیا جاتا ہے۔ جیسن ڈی کیئرز ٹیلر کے فن پارے کا نام ’کولاریم‘ تھا اور صدر یامین نے یہ بھی کہا تھا کہ اس کو توڑنے کے حوالے سے عام لوگوں میں شدید اشتعالانہ جذبات پائے جاتے ہیں۔
کورلایم کو توڑنے پر اس کے سنگ تراش جیسن ڈی کیئرز ٹیلر نے نیوز ایجنسی اے ایف پی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ انتہائی پریشان کن اور دکھ کی بات ہے کہ مالدیپی حکام نے ان کے ایک فن پارے کو تباہ کر دیا ہے حالانکہ اس تناظر میں ابھی مذاکراتی عمل جاری تھا۔ برطانوی سنگ تزش کا یہ بھی کہنا ہے کہ کولاریم کی تخلیق کی بنیادی وجہ ایک انسان کا اپنے ماحول سے ربط دکھانا تھا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ مالدیپ ایک خوبصورت ملک ہے لیکن کولاریم کو توڑنا اس خوبصورت ملک کی ماحولیاتی تحریک کے لیے دھچکا ہے۔ یہ بھی ایک حقیقت ہے کہ مالدیپ میں مہاتما بدھ کے مجسموں پر بھی پابندی عائد ہے جبکہ تاریخی اعتبار سے بدھ مت ان جزائر میں مذہبِ اسلام سے پہلے موجود تھا۔
یہ امر اہم ہے کہ عبداللہ یامین کو لبرل سوچ کے حامل اپوزیشن رہنما ابراہیم محمد صالح نے شکست سے دوچار کیا ہے۔ مالدیپ سنی مسلمانوں کی جزیرہ ریاست ہے اور اس کی آبادی تین لاکھ چالیس ہزار کے لگ بھگ ہے۔ حالیہ کچھ عرصے میں عبداللہ یامین نے چین کے علاوہ سعودی عرب کے ساتھ بھی دو طرفہ تعلقات کو استوار کرنے کے عملی اقدامات کیے تھے۔
جدید اور شائستگی سے عبارت عصری مسلم فیشن ملبوسات
اسلام اور جدید طرز کے فیشن، مغربی دنیا میں کئی حلقوں کی طرف سے یہ ایک تضاد سے بھری بات قرار دی جاتی ہے۔ اس موضوع پر امریکی شہر سان فرانسسکو کے ڈی ینگ میوزیم میں منعقدہ نمائش 6 جنوری تک جاری رہے گی۔
تصویر: Sebastian Kim
جدید لیکن شائستہ
ڈی ینگ میوزیم میں رکھے گئے مسلم پہناوے جدیدیت اور شائستگی کے عناصر کے حامل خیال کیے گئے ہیں۔ مسلم ممالک میں مروج جدید فیشن کے ملبوسات ریشمی اور کرسٹل سے مزین ہیں۔ اس تصویر میں پہناوے کی ڈیزائننگ ملائیشیا کے فیشن ڈیزائنر برنارڈ چندرن نے کی ہے۔ چندرن ملائیشیا کی اشرفیہ میں ایک مقبول ڈیزائنر ہیں۔
تصویر: Fine Arts Museums of San Francisco
جکارتہ سے نیو یارک تک
ملائیشیا ہی کے ڈیان پیلانگی نے بھی اپنے فیشن ملبوسات کو مغرب میں متعارف کرایا ہے۔ اس نوجوان ڈیزائنر کے ملبوسات کو پہن کر لندن، میلان اور نیو یارک کے فیشن شوز میں مرد اور خواتین ماڈل کیٹ واک کر چکے ہیں۔
تصویر: Fine Arts Museums of San Francisco
سیاسی پیغام
ڈی ینگ میوزیم کا فیشن شو اصل میں ’اسلام سے خوف‘ سے جڑا ہوا ہے۔ ایک جیکٹ پر امریکی دستور کی پہلی شق کو عربی میں ترجمے کے ساتھ چسپاں کیا گیا ہے۔ امریکی آئین کی یہ شق آزادئ مذہب کی ضامن ہے۔ یہ جیکٹ لبنانی ڈیزائنر سیلین سیمعن ورنون کی کاوش ہے۔ یہ لبنانی فیشن ڈیزائنر سن انیس سو اسّی کی دہائی میں کینیڈا بطور مہاجر پہنچی تھیں لیکن بعد میں وہ امریکا منتقل ہو گئی تھیں۔
تصویر: Sebastian Kim
ٹرمپ کی ’مسلمانوں پر پابندی‘ کا ایک جواب
سیلین سیمعن نے اپنے ڈیزائن کردہ ملبوسات کو عصری سیاسی رویوں سے مزین کیا ہے۔ انہوں نے ’بین‘ یعنی پابندی کے لفظ کو اپنے سکارف پر واضح انداز میں استعمال کیا ہے۔ چند اسکارفس پر ایسے ممالک کی سیٹلائٹ تصاویر پرنٹ ہیں، جو امریکی صدر ٹرمپ کی عائد کردہ پابندی سے متاثر ہوئے۔ اس تصویر میں نظر آنے والی ماڈل ایرانی نژاد امریکی شہری ہُدیٰ کاتبی ہیں۔
تصویر: Fine Arts Museums of San Francisco/Driely Carter
اسپورٹس فیشن
اس نمائش میں ملبوسات، جیکٹس اور اسکارفس کے علاوہ اسپورٹس فیشن سے جڑے لباس بھی رکھے گئے ہیں۔ ان میں نائکی کا حجاب اور احدہ زانیٹی کی متنازعہ برکینی بھی شامل ہیں۔ اس برکینی کو سن 2016 میں فرانس میں عبوری مدت کے لیے پابندی کا سامنا بھی کرنا پڑا تھا۔
تصویر: DW/A. Binder
طرز تعمیر کی علامتی طاقت
ڈی ینگ میوزیم کے نمائشی ہال کو مشہور تعمیراتی فرم حریری اینڈ حریری نے ڈیزائن کیا ہے۔ یہ تعمیراتی فرم دو ایرانی نژاد امریکی بہنوں کی ہے۔ نمائش دیکھنے والے اس ہال کے سحر میں مبتلا ہو جاتے ہیں۔ یہ نمائش فرینکفرٹ اور میلان میں بھی کی جائے گی۔
تصویر: DW/A. Binder
سوشل نیٹ ورکس: اظہار کے مقام
اس نمائش کو مسلم دنیا کے درجنوں بلاگرز، فیشن جریدوں اور سرگرم کارکنوں سے معنون کیا گیا ہے۔ اس نمائش میں جدید عصری مسلم دنیا کے فیشن ملبوسات کے کئی پہلوؤں کو سمو دیا گیا ہے۔ سان فرانسسکو میں یہ نمائش اگلے برس چھ جنوری تک جاری رہے گی۔