متنازعہ فلم، پاکستان میں یو ٹیوب کی سروس معطل
18 ستمبر 2012
خبر رساں ادارے روئٹرز نے بتایا ہے کہ پاکستانی وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف نے ملک میں یو ٹیوب کی سروس کو معطل کرنے کا حکم نامہ اس وقت جاری کیاجب کراچی میں اس فلم کے خلاف کیے جانے والے احتجاج کے دوران پولیس اور مظاہرین کے مابین تصادم ہوا۔بتایا گیا ہے کہ پیر کو مشتعل مظاہرین نے کراچی میں امریکی قونصل خانے کی طرف بڑھنے کی کوشش کی تو پولیس نے انہیں منشتر کرنے کے لیے ہوائی فائرنگ بھی کی۔
وزیر اعظم کے دفتر کی طرف سے جاری کیے بیان میں کہا گیا ہے کہ وزارت اطلاعات و نشریات کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ انٹر نیٹ ویب سائٹ یو ٹیوب پر پابندی عائد کر دے تاکہ ملک میں لوگ Innocence of Muslims نامی اس متنازعہ فلم کے ٹریلر کو نہ دیکھ سکیں۔ بیان کے مطابق،’’یہ ہدایت اس وقت کی گئی، جب یو ٹیوب نے حکومت کے اس مطالبے کو تسلیم نہیں کیا کہ وہ اس توہین آمیز مواد کو ویب سائٹ سے ہٹا دے۔‘‘
روئٹرز نے اس بیان کے حوالے سے مزید بتایا، ’’وزیر اعظم نے کہا ہے کہ توہین مذہب پر مبنی اس موادکو برداشت نہیں کیا جائے گا اور یوٹیوب کی سروس اس وقت تک معطل رہے گی جب تک وہ اس توہین آمیز مواد کو اپنی ویب سائٹ سے ہٹا نہیں دیتی۔‘‘
اسلام مخالف اس فلم کے کچھ کلپس کے انٹر نیٹ پر ریلز کے بعد سے ہی دنیا بھر میں متعدد ممالک میں شدید غم وغصہ پایا جاتا ہے اور اس فلم کے خلاف شروع ہونے والے مظاہرے کئی ممالک میں تشدد کا رنگ اختیار کر چکے ہیں۔پاکستانی میڈیا کے مطابق ملک کے مختلف شہروں میں شروع ہونے والے مظاہروں کے نتیجے میں کم ازکم دو افراد مارے جا چکے ہیں۔ پاکستان میں مظاہروں کا سلسلہ ویک اینڈ پر شروع ہوا۔
پیر کو کراچی کے ساتھ ساتھ لاہور میں بھی مظاہرے کیے گئے، جہاں پولیس نے ہوائی فائرنگ کی، آنسو گیس کے گولے برسائے اور مظاہرین کو منشتر کرنے کے لیے لاٹھی چارج بھی کیا۔ لاہور پولیس کے بقول مظاہرین نے امریکی قونصل خانے کے قریب تعینات پولیس پر پتھراؤ کیا اور امریکی پرچم نذر آتش کیے۔پاکستانی دارالحکومت اسلام آباد میں واقع امریکی سفارتخانے نے معمول کا کام روک دیا ہے۔
(ab/ah(Reuters