1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

محمد آصف نے پابندی کے خلاف اپیل دائر کر دی

8 جنوری 2012

برطانیہ میں سزائے قید کاٹنے والے پاکستانی فاسٹ بولر محمد آصف نے اسپاٹ فکسنگ پر اپنی سات سالہ پابندی کے خلاف اپیل دائر کر دی ہے۔ ان کے وکلاء نے اس بات کی تصدیق کی ہے۔

محمد آصفتصویر: AP

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق انتیس سالہ محمد آصف کے وکلاء نے یہ بات ہفتے کو بتائی۔ ان کا کہنا ہے کہ آصف نے یہ اپیل کورٹ آف آربٹریشن فار سپورٹ (سی اے ایس) یعنی ثالثی کے لیے عدالت برائے کھیل کے سامنے کی ہے۔

آصف کو قانونی معاونت فراہم کرنے والے ادارے SJS Solicitors کی ٹیم نے پریس ایسوسی ایشن کو بتایا ہے کہ انہوں نے آصف کی سزائے قید کے خلاف کورٹ آف اپیل کے سامنے بھی اپیل دائر کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ان کے پاس اپیل کے لیے ٹھوس وجوہات ہیں۔

انہوں نے ایک بیان میں کہا: ’’آئی سی سی کی پابندی کے خلاف سی اے ایس کے سامنے متعدد بنیادوں پر اپیل کی گئی ہے، جن میں یہ دلیل بھی شامل ہے کہ آئی سی سی کے ڈسپلنری ٹربیونل نے اپنے ہی ضابطے کی خلاف ورزی کی، ساتھ ہی محمد آصف کو حاصل بنیادی انسانی حقوق میں بھی خلل ڈالا۔‘‘

بیان میں مزید کہا گیا: ’’اس صورت میں آئی سی سی کی پابندی نہ صرف غلط ہے بلکہ غیر قانونی بھی ہے۔‘‘

سلمان بٹتصویر: AP

اس ٹیم کے ترجمان کا کہنا ہے: ’’کورٹ آف اپیل کے سامنے ایک علیحٰدہ اپیل دائر کی گئی ہے۔ ‘‘

محمد آصف، سابق ٹیسٹ کپتان سلمان بٹ اور فاسٹ بولر محمد عامر پر اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے گزشتہ برس فروری پابندی عائد کر دی تھی۔ ان پر اگست 2010ء میں لارڈز کے میدان پر پاکستان اور انگلینڈ کے خلاف کھیلے جانے والے ٹیسٹ میچ میں دانستہ نو بولز کروانے کا الزام تھا۔

محمد آصف پر لارڈز ٹیسٹ میں ایک دانستہ نو بول کرانے کا الزام ثابت ہوا، جس پر انہیں گزشتہ برس ایک سال قید کی سزا سنائی گئی۔ بٹ کو اس مقدمے میں ڈھائی سال قید کی سزا سنائی گئی جبکہ محمد عامر چھ ماہ قید کی سزا بھگت رہے ہیں۔

رپورٹ: ندیم گِل / خبر رساں ادارے

ادارت: عدنان اسحاق

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں