1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مخدوم شہاب الدین وزارت عظمٰی کے لیے نامزد

21 جون 2012

پاکستان میں جمعے کو ملک کے نئے وزیراعظم کا انتخاب ہونا ہے۔ صدر آصف علی زرداری نے مخدوم شہاب الدین کا نام وزارت عظمٰی کے لیے نامزد کیا ہے۔

تصویر: dapd

پاکستان کے سرکاری ٹیلی وژن کے مطابق سربراہ حکومت کے لیے صدر آصف علی زرداری کے نامزد کردہ امیدوار مخدوم شہاب الدین آج کاغذات نامزدگی جمع کرائیں گے۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق وزارت عظمیٰ کے امیدوار جمعرات کی سہ پہر تین بجے تک کاغذات نامزدگی اسپیکر قومی اسمبلی کے پاس جمع کرا سکتے ہیں۔

مخدوم شہاب کے پاس اس وقت ٹیکسٹائل صنعت سے متعلق وزارت کا قلمدان ہے۔ پاکستان ٹیلی وژن پر نشر کی جانے والی خبر کے مطابق ’’پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سربراہ مملکت آصف علی زرداری نے مخدوم شہاب الدین کو وزات عظمیٰ کے لیے نامزد کیا ہے اور راجہ پرویز اشرف متبادل امیدوار ہوں گے‘‘۔ اس سے قبل صدر زرداری نے پہلے ہی جمعے کے روز وزیر اعظم کے انتخاب کے لیے قومی اسملبی کا اجلاس طلب کیا ہے۔

سابق وزیر اعظم گیلانیتصویر: AP

صدرِ مملکت نے نئے وزیراعظم کے لیے حکومت کی اتحادی جماعتوں کے ساتھ طویل مشاورت کی۔ عدالت کی جانب سے نا اہل قرار دیے جانے والے وزیراعظم یوسف رضا گیلانی 2008ء کے انتخابات کے بعد اس منصب پر فائز ہوئے تھے۔ عدالت نے انہیں حکم دیا تھا کہ وہ سوئس حکام کو صدر زرداری کے خلاف بدعنوانی کے مقدمات دوبارہ سے کھولنے کے لیے خط لکھیں۔ تاہم حکم نہ ماننے کے جرم میں انہیں توہین عدالت کا مرتکب ٹھراتے ہوئے نا اہل قرار دے دیا گیا۔ امریکا نے پاکستان کے موجودہ سیاسی بحران کے تناظر میں کہا کہ وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کو سپریم کورٹ کی طرف سے نااہل قرار دیے جانے پر پیدا ہونے والے بحران کو حکومت ملکی قوانین اور آئینی تقاضوں کےتحت شفاف طریقےسے حل کرے۔

ماہرین کا کہنا ہےکہ منتخب ہونے کے ساتھ ہی نئے وزیراعظم پر بھی سوئس حکام کو خط لکھنے کے حوالے سے دباؤ موجود ہو گا۔ خبر رساں ادارے اے ایف پی کی ایک رپورٹ کے مطابق ’’ صدر زرداری پنجاب سے کسی ایسے وفادار شخص کو اس عہدے کے لیے نامزد کریں گے، جو سوئس حکام کو خط نہ لکھنے کے معاملے میں ان کا بھرپور حمایتی ہو‘‘۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکن سپریم کورٹ پر الزام عائد کر رہے ہیں کہ وہ فوج اور اپوزیشن کے ساتھ مل کر حکومت کو وقت سے پہلے ختم کرنا چاہتی ہے۔

(ai/sks(AFP

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں