1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’مخصوص حالات میں‘ کنڈوم کا استعمال جائز، پاپائے روم

21 نومبر 2010

ایڈز کے خلاف سرگرم کارکنان نے کنڈوم کے استعمال پر پاپائے روم کے بیان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس مہلک بیماری سے انسانی زندگیوں کو بچانے کے لئے ایک تاریخی پیش رفت ثابت ہو گی۔

کیتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ بینیڈکٹ شانزدہمتصویر: AP

کیتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ بینیڈکٹ شانزدہم نے کہا ہے کہ کنڈوم کا استعمال ہمیشہ ہی غلط نہیں ہوتا۔ تاہم انہوں نے کہا کہ اس بات کا فیصلہ حالات اورعوامل پر ہو گا کہ آخر کوئی کنڈوم استعمال کیوں کر رہا ہے۔ پاپائے روم نے اس تازہ مؤقف کو بیان کرتے ہوئے یہ بھی کہا،’ لیکن ایڈز جیسی خوفناک بیماری سے نمٹنے کے لئے یہ کوئی مناسب طریقہ نہیں ہے۔‘ انہوں نے کہا کہ کنڈوم ایڈز کی روک تھام کے لئے ’اخلاقی حل‘ ہرگز نہیں ہے۔

ایک اعشاریہ ایک بلین کتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا نے مزید کہا کہ کنڈوم کا استعمال ایڈز جیسی مہلک بیماری سے بچنے کے لئے جائز ہوسکتا ہے،’ کچھ مخصوص حالات میں، جب انفیکشن کے امکانات کو کم کرنے کے ارادے سے اسے استعمال کیا جائے۔‘

ویٹی کن سٹی مصنوعی مانع حمل کے خلاف ہےاور ایک لمبے عرصے تک اس نے کنڈوم کی مخالفت اسی لئے کی کہ یہ مانع حمل کے طریقے کے طور پر بھی استعمال کیا جاتا ہے۔ مارچ سن 2009ء میں پاپائے روم کے ایک بیان نے اس وقت ایک بحث کا آغاز کر دیا تھا، جب انہوں نے اپنے دورہ افریقہ کے دوران کہا تھا کہ عام لوگوں کو کنڈوم فراہم کرنے کی مہم سے ایڈز کی بیماری مزید پھیل سکتی ہے۔ انہوں نے یہ بیان افریقی ملک کیمرون میں دیا تھا، جہاں ایڈز کے انفیکشن سے بچنے کے ممکنہ طریقوں کی تشہیر کرتے ہوئے کنڈوم بانٹے جا رہے تھے۔

ایڈز بیماری کے خلاف آگاہی کے لئے ایک پوسٹرتصویر: AP

عالمی مبصرین اور مذہبی رہنما، پاپائے روم کے مؤقف میں تبدیلی کو نہایت اہم قرار دے رہے ہیں۔ ان کے مطابق پاپائے روم کا یہ بیان ایک اہم پیش رفت ثابت ہوگا۔ ایڈزاور ایچ آئی وی پر اقوام متحدہ کے خصوصی پروگرام UNAIDS نے بھی پوپ کے اس بیان کو بڑی اہمیت دی ہے۔ اس پروگرام کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر Michel Sidibe کے مطابق،’ اس قدم سے احساس ہوتا ہے کہ جنسی ملاپ میں ذمہ دارانہ رویہ انتہائی اہم ہے اور کنڈوم کے استعمال سے ایچ آئی وی کی روک تھام میں مدد مل سکتی ہے۔‘

پاپائے روم کے یہ بیانات آئندہ ہفتے ایک کتاب میں شائع کئے جائیں گے۔ خیال رہے کہ جنسی ملاپ کے وقت کنڈوم کا استعمال ایڈز جیسی مہلک بیماریوں کی منتقلی کے امکانات کم تو کر سکتا ہے تاہم یہ طریقہ سو فیصدی محفوظ ہرگز نہیں ہے۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: عابد حسین

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں