1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مرسیڈیز نے آٹو پائلٹ کاروں کی فروخت شروع کر دی

6 مئی 2022

مرسیڈیز جرمنی کی پہلی ایسی کمپنی بن گئی ہے، جس نے مکمل طور پر خودکار نظام کے ذریعے چلنے والی کاریں فروخت کرنا شروع کر دی ہیں۔ یہ کاریں موٹروے پر ٹریفک جام کے دوران بھی کنٹرول سنبھالنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔

ARS Elektronik Messe Linz
تصویر: Kerry Skyring

جرمن کار ساز ادارے مرسیڈیز کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق 17 مئی سے صارفین خودکار نظام والی کاروں کی بکنگ کر سکتے ہیں اور رواں سال گرمیوں میں ہی ان کاروں کی ڈیلیوری بھی شروع کر دی جائے گی۔ کمپنی کا کہنا  ہے کہ مرسیڈیز ایس کلاس خریدنے والوں کو آٹو پائلٹ سسٹم کے لیے اضافی طور پر پانچ ہزار یورو ادا کرنے ہوں گے جبکہ ٹیکس اس کے علاوہ ہو گا۔

اسی طرح مرسیڈیز کی الیکٹرک ماڈل کاروں 'ای کیو ایس‘ میں بھی یہ نظام نصب کروایا جا سکتا لیکن اس کے لیے سات ہزار  چار سو یورو اضافی دینا پڑیں گے جبکہ ٹیکس اس کے علاوہ ہو گا۔

ڈرائیور کی مدد کرنے والا ایسا نظام ابھی تک امریکی کمپنی ٹیسلا نے ہی متعارف کروایا تھا۔ مثال کے طور پر ٹیسلا کاریں ایک ہی لائن میں رہتی ہیں، اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ قائم رکھتی ہیں اور حادثے وغیرہ سے بچنے کے لیے گاڑی خود سمت وغیرہ تبدیل کرنے یا بریک لگانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ لیکن ٹیسلا کی گاڑی میں بھی ڈرائیور کو سٹیئرنگ پر ہاتھ رکھنے پڑتے ہیں اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ڈرائیونگ سیٹ پر موجود رہنا پڑتا ہے۔

تصویر: Carsten Koall/dpa/picture alliance

مرسیڈیز جرمنی کی پہلی ایسی کمپنی تھی، جسے خود کار نظام والی کاریں تیار کرنے کی اجازت دی  گئی تھی۔ مرسیڈیز گاڑیوں میں ڈرائیور کچھ بھی کیے بغیر اپنی سیٹ پر بیٹھا رہ سکتا ہے، گاڑی خود چلے گی اور خود ہی اپنے فیصلے کرے گی۔ تاہم مرسیڈیز کی ان نئی گاڑیوں میں بھی ڈرائیور کو کسی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنا ہو گا۔

جرمن سرکاری  حکام نے مرسیڈیز کے نئے 'ڈرائیو پائلٹ‘ نظام پر بھی پابندیاں عائد کی ہیں۔ مثال کے طور پر اس نظام کا استعمال صرف اور صرف موٹروے پر کیا جا سکے گا۔

تاہم مطلوبہ حالات کا اندازہ لگاتے ہی کار خود کار موڈ میں چلی جایا کرے گی۔ جب 'ڈرائیو پائلٹ‘  کار کو کنٹرول کر رہا ہو گا تو اس کی حتمی قانونی ذمہ داری مرسیڈیز پر عائد ہو گی۔ اگر اس نظام نے اشارہ دیا تو ڈرائیور کو دس سیکنڈ کے اندر اندر کار کا کنٹرول سنبھالنا ہو گا۔

 ا ا / ر ب ( ڈی پی  اے)

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں