1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مسافر طیارے نے ایندھن اسکول کے بچوں پر پھینک دیا

15 جنوری 2020

ڈیلٹا ایئرلائن کے ایک مسافر طیارے نے لاس اینجلس انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ہنگامی طور پر پہنچنا تھا۔ جہاز کی محفوظ لینڈنگ کے لیے پائلٹ نے ایندھن اسکول کے اس میدان میں پھینک دیا، جہاں بچے کھیل رہے تھے۔

USA Boston | Delta Air Lines
تصویر: picture-alliance/AP Photo/C. Krupa

کیلیفورنیا سے موصول ہونے والی رپورٹوں کے مطابق  ڈیلٹا ایئرلائن کی فلائٹ 89 مسافروں کو لاس اینجلس انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے لے کر شنگھائی کی جانب روانہ ہوئی لیکن اڑان بھرنے کے تھوڑی دیر بعد ہی اس کے انجن میں مسائل پیدا ہونے کے اشارے موصول ہوئے۔ اس کے بعد ہوائی جہاز کے پائلٹ نے اضافی ایندھن پھینکنا شروع کر دیا، جو ایئرپورٹ سے تقریباً تیرہ کلومیٹر مشرق میں واقع ایک اسکول کے بچوں پر گرا۔

ڈیلٹا ایئرلائن کے ایک ترجمان کا فرانسیسی نیوز ایجنسی اے ایف پی سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا، ''پرواز کے کچھ ہی دیر بعد جہاز کے انجن میں مسائل  پیدا ہوئے، جس کے فورا بعد ہی پائلٹ کو جلد از جلد ایئرپورٹ پر واپس پہنچنے کے لیے کہا گیا۔ ایندھن گرانے کے بعد جہاز کی لینڈنگ بحفاظت ہوئی۔ سیف لینڈنگ کے لیے وزن کم کرنا  معمول کا طریقہ کار کا حصہ ہے۔‘‘

دوسری جانب جن بچوں پر جہاز کا ایندھن گرا ہے، ان میں سے چھپن بچوں کو سانس اور جلد کے ہلکے مسائل کا سامنا کرنا پڑا۔ جاری ہونے والے بیان کے مطابق یہ تمام زخم چھوٹی نوعیت کے تھے۔ دوسری جانب امریکا کی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (ایف ایف اے) نے واقعے کی تحقیقات کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔

ایف ایف اے کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے، ''ایئرپورٹ سے باہر ایندھن خارج کرنے کا ایک مخصوص طریقہ کار ہے۔ اس مخصوص طریقہ کار کے تحت ایندھن اس علاقے میں گرایا جاتا ہے، جہاں آبادی نہ ہو اور اس میں جہاز کی بلندی کا بھی خیال رکھا جاتا ہے تاکہ ایندھن زمین پر پہنچنے سے پہلے ہی ہوا میں ضائع ہو جائے۔‘‘

ا ا / ع ا ( اے ایف پی، اے پی)

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں