ٹیسلا نے جرمنی میں مستقبل کا سائبر ٹرک متعارف کرا دیا
2 مئی 2024امریکی کار ساز کمپنی ٹیسلا نے جرمنی میں مستقبل کا سائبر ٹرک متعارف کرا دیا ہے۔ 3.1 ٹن وزنی، 5.68 میٹر لمبا یہ ٹرک برلن کے ایک شاپنگ سینٹر میں نمائش کے لیے رکھا گیا ہے۔
جمعرات 2 مئی کو برلن کی معروف پوٹسڈامر پلاٹس پر نمائش کے لیے رکھا گیا ٹیسلا کا تیار کردہ یہ سائبر ٹرک جرمن عوام کے لیے نمائش کی پہلی پیشکش ہے۔ ارب پتی ٹیکنالوجی ٹائیکون ایلون مسک کی ملکیت کار ساز کمپنی ٹیسلا کی فیکٹری برلن سے متصلہ علاقے برانڈنبرگ میں گرؤنہائڈے کے مقام پر واقع ہے۔ اس کمپنی کے مطابق ماضی میں ٹیسلا کے اس سائبر ٹرک کی نمائش محض فیکٹری میں ہی کی گئی تھی۔
سائبر ٹرک کی نمائش یورپ بھر میں
ٹیسلا کے اس سائبر ٹرک کی برلن میں نمائش دراصل اس کے یورپ کے ٹور کی پہلی منزل ہے۔ دارالحکومت برلن کے بعد اسے ڈسلڈورف، فرینکفرٹ، ہیمبرگ، ہینوور، میونخ اور اشٹٹ گارٹ میں بھی نمائش کے لیے رکھا جائے گا۔ ٹیسلا کمپنی کو ابھی تک یورپ میں اپنے سائبر ٹرک کے استعمال کی اجازت نہیں ملی۔
اس بارے میں کمپنی نے کسی قسم کی کوئی اطلاعات فراہم نہیں کیں کہ آیا اسے جرمنی اور دیگر یورپی ممالک میں استعمال کی اجازت کب دی جائے گی۔
امریکہ میں پہلے سائبر ٹرک گزشتہ برس نومبر کے اواخر میں فراہم کیے گئے تھے تاہم ابھی چند ہفتے قبل ٹیسلا نے تقریباً 4,000 سائبر ٹرک واپس بلا لیے تھے۔ اس کی وجہ ان کے ایکسلریٹر پیڈلز کے جام ہو جانے کے امکانات تھے، جس کے نتیجے میں یہ بھاری گاڑیاں بے قابو اور بہت تیز رفتار بھی ہو سکتی تھیں۔ اس اقدام نے نومبر کے وسط سے اپریل کے شروع تک بنائے گئے سائبر ٹرک کے اس ماڈل کی فروخت کو متاثر کیا ہے۔
ایلون مسک نے کچھ عرصہ قبل کہا تھا کہ وہ سالانہ ایسے تقریباً ڈھائی لاکھ سائبر ٹرکوں کی ترسیل کا تصور کر سکتے ہیں۔
ک م/ م م ( ڈی پی اے)