1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مستقل نشت، یو اے ای نے حمایت کا یقین دلایا ہے، مودی

18 اگست 2015

بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے دبئی کے کرکٹ اسٹیڈیم میں بھارتی شہریوں کے ایک بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ متحدہ عرب امارات نے بھارت میں 75 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا وعدہ کیا ہے۔

تصویر: Getty Images/AFP/R. Schmidt

نریندر مودی متحدہ عرب امارات کے دو روزہ دورے پر اتوار 16 اگست کو ابوظہبی پہنچے تھے۔ گزشتہ 34 برس کے دوران یو اے ای کا دورہ کرنے والے وہ پہلے بھارتی وزیراعظم ہیں۔ اپنے دو روزہ دورے کے آخری روز انہوں نے دبئی کے کرکٹ اسٹیڈیم میں بھارتی شہریوں کے اجتماع سے خطاب کیا۔ خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق اس اسٹیڈیم میں 50 ہزار کے قریب ایسے بھارتی باشندے موجود تھے جو اس خلیجی ملک میں روزگار کے لیے مقیم ہیں۔ اس اجتماع میں مسلمان اور ہندو دونوں موجود تھے۔

ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق متحدہ عرب امارات میں 2.6 ملین بھارتی شہری رہتے ہیں۔ یہ تعداد نہ صرف سات ریاستوں کے اتحاد پر مشتمل اس ملک کی مقامی آبادی سے زائد بنتی ہے بلکہ اس ملک کی مجموعی آبادی کا تقریباً ایک تہائی ہے۔

دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں بھارتی شہریوں سے خطاب کے دوران نریندر مودی کا کہنا تھا، ’’یو اے ای نے کہا ہے کہ وہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں مستقل نشست کے معاملے میں ہماری حمایت کرے گا۔‘‘ اس پر اسٹیڈیم پر موجود لوگوں نے زور دار تالیاں بجائیں اور بھارتی جھنڈے لہرائے۔ مودی کا مزید کہنا تھا، ’’بھارت کو سلامتی کونسل میں مستقل نشست حاصل کرنی چاہیے۔‘‘

خطاب سے کئی گھنٹے قبل بھارتی وزیراعظم نے دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المختوم اور ابوظہبی کے ولی عہد محمد بین زید النہیان سے ملاقاتیں کیں۔ مودی نے اسٹیڈیم میں اپنے خطاب کے دوران حاضرین کو بتایا کہ ابوظہبی کے ولی عہد نے بھارت میں 75 بلین ڈالرز کی سرمایہ کا وعدہ کیا ہے۔ یہ رقم بھارت میں ریلوے، بندرگاہوں، سڑکوں، ایئر پورٹس اور انڈسٹریل کوریڈورز جیسے انفراسٹرکچر کی تعمیر پر صرف کی جائے گی۔

دونوں رہنماؤں نے آئندہ پانچ برسوں کے دوران باہمی تجارت کے حجم میں 60 فیصد تک اضافے پر بھی اتفاق کیا۔ بھارت یو اے ای کا دوسرا بڑا تجارتی پارٹنر ہے جبکہ یو اے ای بھارت کا تیسرا بڑا پارٹنر ہے۔ گزشتہ برس دونوں ممالک کے درمیان باہمی تجارت کا حجم 60 بلین ڈالرز رہا۔

مودی اتوار 16 اگست کو ابوظہبی پہنچے تھےتصویر: UNI

نریندر مودی اور ابوظہبی کے کراؤن پرنس محمد بن زید النہیان کی طرف سے جاری کیے جانے والے ایک مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارتی وزیراعظم کا دورہٴ متحدہ عرب امارات دونوں ممالک کے درمیان ایک نئی اور وسیع پارٹنر شپ کا آغاز ہے۔

مودی اتوار 16 اگست کو ابوظہبی پہنچے تھے جہاں انہوں نے وہاں قائم ایک لیبر کیمپ کا بھی دورہ کیا۔ 50 ہزار ورکرز کے اس کیمپ میں 40 فیصد کا تعلق بھارت سے ہے۔ انہوں نے ابوظہبی کے مصدر سٹی کا بھی دورہ کیا جو قابل تجدید توانائی کا حامل ایک ماڈل پراجیکٹ ہے اور جہاں ضرر رساں گیسوں کے اخراج کی مقدار صفر بتائی جاتی ہے۔ مودی آج منگل 18 اگست کو علی الصبح وطن واپس پہنچ گئے۔

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں