1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مسلمانوں کے روزوں کے مہینے رمضان کا آغاز

عابد حسین10 جولائی 2013

جرمنی سمیت کئی یورپی ملکوں اور عرب دنیا میں آج پہلا روزہ ہے۔ پاکستان میں کل جمعرات کو پہلا روزہ ہو گا۔ جرمنی اور یورپ میں عموماً مسلمان سعودی عرب میں چاند دیکھنے کے ساتھ رمضان المبارک کا آغاز کرتے ہیں۔

تصویر: AP

جرمنی میں آباد بڑی ترک مسلمان کمیونٹی تقریباً ہر سال ایک دن پہلے روزہ رکھتی ہے اور اس مرتبہ بھی انہوں نے منگل کو پہلا روزہ رکھا۔ سعودی عرب کے علاوہ اردن، کویت، قطر، یمن میں بھی رمضان کے مہینے کا آغاز آج بدھ سے ہو رہا ہے۔ امریکا میں پہلا روزہ منگل کے دن رکھا گیا تھا۔ یورپی ملکوں میں جہاں جہاں ترک یا ترک نژاد کمیونٹی آباد ہے، انہوں نے منگل کے روز سے روزے رکھنا شروع کر دیے ہیں۔ بعض اعداد و شمار کے مطابق اس مرتبہ یورپ میں سب سے لمبا روزہ سویڈن میں ہو گا جو تقریباً اٹھارہ گھنٹے کے برابر ہو گا۔ ایک اور یورپی ملک فِن لینڈ میں بھی روزہ بند کرنے اور کھلنے کا عرصہ تقریباً اٹھارہ گھنٹے کے قریب ہو گا۔

اکثر مسلمان کھجور سے روزہ افطار کرنے کو اہم خیال کرتے ہیںتصویر: Farjana K. Godhuly/AFP/Getty Images

پاکستان میں رویت ہلال کمیٹی کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ سارے ملک میں چاند دیکھنے کی درست اور صیحح شہادت میسر نہیں ہو سکی اور اس باعث پہلا روزہ جمعرات کے دن ہو گا۔ پاکستان کے شمال مغربی صوبے خیبر پختونخوا کی روایت رہی ہے کہ وہ افغانستان کے ساتھ روزہ شروع کرتے تھے لیکن اس مرتبہ پشاور کی مسجد قاسم علی خان کے مفتی شہاب الدین پوپلزئی کے اعلان کے مطابق رمضان کا چاند نظر نہیں آیا اور پہلا روزہ جمعرات کو ہوگا۔ کئی برسوں کے بعد پاکستان میں ایک ساتھ رمضان کے مہینے کا آغاز ہو رہا ہے۔ بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی کی جامع مسجد کے امام ے اعلان کے مطابق پہلا روزہ جمعرات کو ہو گا۔

شورش زدہ ملک شام میں رمضان کے دوران ایک دوکانتصویر: picture-alliance/dpa

جرمنی کے ہمسایہ ملک فرانس میں رمضان کے مہینے کو سائنسی بنیادوں پر شروع کرنے کا سمجھوتا ضرور ہوا لیکن کنفیوژن کی وجہ سے کچھ لوگوں نے منگل کو پہلا روزہ رکھ لیا اور بقیہ آج سے روزوں کا آغاز کریں گے۔ فرانسیسی دارالحکومت پیرس کے شمالی حصے کے مسلمان اور ایک دوسرے شہر لیوں کے مسلمانوں میں اختلاف رائے پیدا ہو گیا تھا۔ فرانس کی مسلم کمیونٹی کے لیڈران نے رواں برس مئی میں سائنسی اصولوں پر طے کیا کہ منگل نو جولائی سے رمضان کا آغاز ہو گا لیکن عین وقت پر مسلمانوں کی ایک بڑی تعداد نے سعودی عرب کے اعلان کے مطابق روزے شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ اس میں پیرس کی گرینڈ مسجد کے امام بھی شامل ہیں۔ فرانس میں پچاس لاکھ کے قریب مسلمان آباد ہیں۔

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے شام کے متحارب دھڑوں اور تمام لوگوں بشمول لیڈروں سے اپیل کی ہے کہ وہ مقدس مہینے رمضان کے احترام میں جنگ و جدال سے گریز کریں۔ بان کی مون کے مطابق اگو وہ اس ماہ کے دوران جنگ سے گریز کرتے ہیں تو امن کی راہ ہموار ہونے میں آسانی ہو گی۔ ادھر عرب دنیا کے ایک اور سیاسی عدم استحکام کے ملک مصر کے عبوری صدر عدلی منصور نے بھی اپنے ملک کے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ رمضان کے مہینے میں مظاہروں کے سلسلے کو روکتے ہوئے ملک میں امن و سلامتی کی فضا کو قائم کرنے میں حکومت کا ساتھ دیں۔

ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں