1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مسلمان آبادی کے خلاف سرگرم یورپی انتہا پسند

21 دسمبر 2010

یورپ میں انتہائی دائیں بازو کی سیاسی جماعتوں نے مسلمانوں کے خلاف اپنی بیان بازی میں شدت پیدا کر دی ہے۔ اِس سلسلے میں مختلف یورپی ممالک کی جماعتیں ایک دوسرے کے ساتھ اپنے روابط مزید مستحکم کر رہی ہیں۔

لندن: ولڈرز کے حق میں مظاہرہتصویر: AP

یہ جماعتیں اسرائیل کو اسلام کے خلاف ایک قلعہ تصور کرتی ہیں اور اِن کے ارکان اِس یہودی ریاست کی اِس حیثیت کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لئے اِس ملک کے دورے بھی کر رہے ہیں۔ فرانس میں نیشنل فرنٹ کے لیڈر ژاں ماری لے پَین نے پُر ہجوم مساجد کے باہر نماز ادا کرتے مسلمانوں کا موازنہ دوسری عالمی جنگ میں نازی جرمنوں کے قبضے سے کرتے ہوئے فرانسیسی سیاسی منظر میں خاصی ہلچل پیدا کر دی تھی۔

سوئٹزرلینڈ میں مساجد کے میناروں پر پابندی کی تحریک کے ایک چیمپیئن آسکر فرائی زِنگر نے گزشتہ ہفتے کے روز پیرس میں دائیں بازو کے انتہا پسندوں کے ایک اجتماع میں خبردار کیا کہ یورپ آبادی کے ساتھ ساتھ سماجی اور نفسیاتی اعتبار سے بھی اسلام کے رنگ میں رنگتا جا رہا ہے۔ اس اجتماع سے جرمنی اور بیلجیئم سے گئے ہوئے کارکنوں نے بھی خطاب کیا۔

گیئرٹ ولڈرز، جن کی دائیں بازو کی عوامیت پسند جماعت ہالینڈ کی اقلیتی حکومت کا ساتھ دے رہی ہےتصویر: AP

گیئرٹ ولڈرز نے، جن کی دائیں بازو کی عوامیت پسند جماعت ہالینڈ کی اقلیتی حکومت کا ساتھ دے رہی ہے، گزشتہ ہفتے خبر رساں ادارے روئٹرز کو بتایا تھا کہ وہ یورپ بھر میں ’اسلام کے خلاف جنگ‘ میں مصروف گروپوں کے باہمی رابطے کے لئے ایک ’انٹرنیشنل فریڈم لائنس‘ منظم کر رہے ہیں۔

رواں مہینے کے اوائل میں ولڈرز نے اسرائیل کا دورہ کیا تھا اور مقبوضہ مغربی اردن میں اسرائیلی بستیوں کی حمایت کی تھی اور یہ کہا تھا کہ وہاں بسنے والے فلسطینیوں کو اردن چلے جانا چاہئے۔ جس وقت ولڈرز اسرائیل کے دورے پر تھے، جرمنی، آسٹریا، بیلجیئم، سویڈن اور دیگر یورپی ممالک سے تعلق رکھنے والے اُن کے ہمنوا بھی اپنے اپنے طور پر اسرائیل کے دورے پر گئے ہوئے تھے۔

فرانس میں نیشنل فرنٹ کے لیڈر ژاں ماری لے پَینتصویر: AP

گزشتہ ہفتے روئٹرز سے باتیں کرتے ہوئے ولڈرز نے کہا تھا کہ ’ہماری ثقافت کی بنیادیں مسیحیت، یہودیت اور انسان دوستی پر قائم ہیں اور وہ (اسرائیلی) ہماری جنگ لڑ رہے ہیں اور اگر یروشلم ہاتھ سے چلا گیا تو اُس کے بعد ایمسٹرڈم اور نیویارک کی باری ہو گی‘۔

ولڈرز اپنے ملک سے باہر موجود اسلام مخالف حلقوں کے ساتھ اتحاد کے تو حامی ہیں لیکن وہ یہ بھی کہتے ہیں کہ دائیں بازو کی کچھ پرانی جماعتیں، جیسے کہ فرانس کی نیشنل فرنٹ یا برٹش نیشنل پارٹی ’محض نسل پرست جماعتیں‘ ہیں، جن کی وہ کوئی پرواہ نہیں کرتے اور نہ ہی اُن کے ساتھ اشتراکِ عمل کے خواہاں ہیں۔

رپورٹ: امجد علی

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں