1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مسلم خاندان کا قتل دہشت گردانہ حملہ تھا، جسٹن ٹروڈو

9 جون 2021

کینیڈا کے صوبے اونٹاریو میں اتوار کو ایک نوجوان نے ایک مسلم خاندان کے پانچ افراد کو اپنے پک اپ ٹرک سے کچل دیا تھا، جس کے نتیجے میں چار افراد ہلاک ہوگئے جبکہ ایک بچہ زخمی ہو گیا۔

Kanada Ottawa Premierminister Justin Trudeau während Fragestunde im Parlament
تصویر: Blair Gable/Reuters

کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے صوبے اونٹاریو کے لندن میں ایک پاکستانی نژاد خاندان کے چار افراد کے قتل کو 'دہشت گرد حملہ‘ قرار دیا ہے۔

وزیر اعظم جسٹس ٹروڈو نے پارلیمان سے خطاب کرتے ہوئے کہا ”یہ قتل کوئی حادثہ نہیں تھا۔ یہ ایک دہشت گردانہ حملہ تھا، جو ہماری کمیونیٹیزمیں سے ایک کے دل میں پنپنے والی نفرت کا نتیجہ تھا۔"

انہوں نے مزید کہا”اگر کوئی شخص یہ سوچتا ہے کہ اس ملک میں نفرت اور نسل پرستی نہیں ہے تو میں ان سے کہنا چاہوں گا کہ ہم اس کی کیا توضیح کریں گے کہ تشدد کا شکار ایک بچہ ہسپتال میں زیر علاج ہے؟ ہم کس طرح اس کے رشتہ داروں سے آنکھ ملا کر یہ کہہ سکیں گے کہ 'اسلاموفوبیا‘ کی کوئی حقیقت نہیں ہے؟“

متاثرہ کنبے کے دور کے رشتہ داروں نے ایک بیا ن جاری کرکے ہلاک ہونے والوں کی تفصیلات بتائی ہیں۔ ان کے مطابق 46 سالہ سلمان افضل، ان کی اہلیہ 44 سالہ مدیحہ، ان کی بیٹی پندرہ سالہ یمنی اور سلمان افضل کی 74 سالہ والدہ کی موت ہوگئی۔ جب کہ نو سالہ بیٹا فائز ہسپتال میں زیر علاج ہے اور صحت یاب ہو رہا ہے۔ متاثرہ کنبے کے دوستوں کا کہنا ہے کہ یہ خاندان چودہ برس قبل کینیڈا آیا تھا۔

تصویر: CARLOS OSORIO/REUTERS

حملہ مسلمانوں سے نفرت کا نتیجہ

کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو کا مزید کہنا تھا''ہم سب امید کرتے ہیں کہ اس چھوٹے بچے کے زخم جلد ٹھیک ہو جائیں حالانکہ ہم جانتے ہیں کہ اس بزدلانہ اسلامو فوبک حملے کی وجہ سے اسے طویل عرصے تک دکھ، افسوس اور غصے کے ساتھ زندگی گزارنا ہو گی۔"

کینیڈا کے وزیر پبلک سیفٹی بل بلیئر نے بھی اس حملے کو اسلامو فوبیا کا خوفناک اقدام قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا ”میرا ماننا ہے کہ اس خاندان کو اس کے عقیدے کی وجہ سے نشانہ بنا یا گیا اور یہ حملہ بظاہر حملہ آور کی مسلمانوں سے نفرت کا نتیجہ معلوم ہوتا ہے۔"

حادثے کے بعد حکام نے اسی روز ایک قریبی پارکنگ لاٹ سے واقعے میں ملوث بیس سالہ نوجوان کو گرفتار کرلیا تھا۔ اس کا نام نیتھانیئل ویلٹ مین بتایا گیا ہے۔ اس پر پہلے درجے کے قتل اور اقدام قتل کے چار الزامات عائد کیے گئے ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ انہیں یقین ہے کہ خاندان پر حملے کی وجہ ان کی مذہبی شناخت تھی۔

تصویر: Nathan Denette/The Canadian Press via AP/picture alliance

پورے ملک میں غم و غصے کی لہر

اس حملے کے نتیجے میں ملک بھر میں غم و غصہ کی لہر دوڑ گئی ہے اور لندن کی طرح ٹورنٹو، وینکوور اور کینیڈا کے دوسرے شہروں میں بھی تعزیتی تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔لندن میں منعقدہ ایک تعزیتی تقریب میں لندن مسجد کے امام عبدالفتح توکل نے کہا''یہ ہمارا شہر ہے۔ کبھی کسی کو آپ کی رنگ، نسل، عقیدے یا جائے پیدائش کی بنیاد پر ایسا محسوس نہ کروانے دیں۔ یہ ہمارا شہر ہے اور ہم کہیں نہیں جائیں گے۔" 

ان کا مزید کہنا تھا‘’یہ ایک شیطانی فعل تھا۔ لیکن آج یہاں کے لوگوں کی روشنی اور افضل کے خاندان کی زندگی کی روشنی ہمیشہ تاریکی کو مٹاتی رہے گی۔“

وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے بھی اس تقریب میں شرکت کی۔ اس موقع پر ہزاروں افراد موم بتیوں، پھولوں اور کارڈز کے ساتھ شریک ہوئے۔ کینیڈا کے حزب اختلاف کے رہنما ایرن او ٹول، این ڈی پی کے رہنما جگمیت سنگھ سمیت دیگر سیاسی رہنما اور اونٹاریو کے پریمیر ڈگ فورڈ بھی اس تقریب میں شریک تھے۔

تصویر: Nathan Denette/The Canadian Press via AP/picture alliance

کینیڈا کی مسلم ایسوسی ایشن نے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ اس خوفناک حملے کے خلاف نفرت اور دہشت گردی کے قوانین کے تحت کی کارروائی کی جائے۔

دریں اثنا پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے اس حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ یہ حملہ اس حقیقت کا مظہر ہے کہ مغربی ملکوں میں اسلاموفوبیا میں اضافہ ہو رہا ہے۔

ج ا / ص ز (اے پی، اے ایف پی، روئٹرز)

 

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں