1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مشتبہ باغیوں کا حملہ، تین بھارتی فوجی ہلاک

امتیاز احمد5 اکتوبر 2015

بھارت کے زیر کنٹرول کشمیر میں پاکستانی سرحد کے قریب مشتبہ باغیوں نے فائرنگ کرتے ہوئے تین بھارتی فوجیوں کو ہلاک کر دیا ہے۔ بھارتی حکام کے مطابق یہ حملہ گزشتہ رات کیا گیا۔

Indien Pakistan Kashmir Konflikt 6.1.2015
تصویر: picture alliance/AP Photo/Channi Anand

بھارتی فوج کے ترجمان کے مطابق پیر کی صبح حافرودہ جنگل میں عسکریت پسندوں کی تلاش جاری تھی کہ انہیں اپنے تین فوجیوں کی لاشیں ملی۔ حافرودہ جنگل بھارتی زیر کنٹرول کشمیر کے مرکزی مقام سری نگر سے تقریباﹰ ایک سو چالیس کلومیٹر شمال مغرب میں واقع ہے۔

بھارتی فوج کے ترجمان کرنل این این جوشی کا نیوز ایجنسی اے ایف پی سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا، ’’ہمارے تین فوجی مارے گئے ہیں۔ یہ ہلاکتیں گزشتہ شب اس وقت ہوئیں، جب عسکریت پسندوں کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔‘‘

کرنل جوشی نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ گزشتہ رات پیش آنے والے ایک دوسرے واقع کے دوران وادی لولب میں مسلح عسکریت پسند مارے گئے ہیں۔ تاہم بھارتی فوج کی طرف سے نہ تو مارے جانے والے باغیوں کی لاشیں دکھائی گئی ہیں اور نہ ہی ان خبروں کی آزاد ذرائع سے تصدیق ممکن ہو پائی ہے۔

قبل ازیں بھارتی فوج نے اتوار کے روز بھی دعویٰ کیا تھا کہ سری نگر کے جنوب میں دو طرفہ فائرنگ کے نتیجے میں دو باغی مارے گئے ہیں۔ بھارتی فوج نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہلاک ہونے والے دونوں باغیوں کا تعلق پاکستان میں موجود عسکری گروپ جیش محمد سے تھا۔ اس واقعے میں ایک بھارتی فوجی کے زخمی ہونے کا بھی بتایا گیا تھا۔

یہ امر اہم ہے کہ بھارت مسلسل پاکستان پر الزام عائد کرتا ہے کہ وہ باغیوں کو مسلح کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں تربیت دے کر بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں داخل کرتا رہتا ہے۔ اسلام آباد حکومت اس الزام کی تردید کرتے ہوئے کہتی ہے کہ وہ کشمیریوں کی جدوجہد کی سفارتی اور اخلاقی حمایت کرتی ہے تاکہ انہیں اپنی شناخت کا حق حاصل ہو سکے اور یہ کہ پاکستان مستقبل میں بھی سفارتی سطح پر ایسا کرتا رہے گا۔

بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں متعدد باغی گروپ سرگرم ہیں اور وہ گاہے گاہے مختلف مقامات پر تعینات بھارتی فوجیوں پر حملے کرتے رہتے ہیں۔ ان گروہوں کا مطالبہ ہے کہ انہیں زیادہ خود مختاری یا پھر بھارت سے آزادی چاہیے۔ کشمیر میں متعین بھارتی فوجیوں کی تعداد ہزاروں میں ہے۔ اب تک ان مسلح کارروائیوں اور کشمیریوں کی سیاسی ہڑتالوں اور مظاہروں کے دوران ہزاروں افراد مارے جا چکے ہیں جبکہ ہلاک ہونے والوں میں زیادہ تر عام شہری شامل ہیں۔

گزشتہ ہفتے پاکستانی وزیر اعظم نواز شریف نے اقوام متحدہ میں تقریر کرتے ہوئے بھارت کے سامنے ایک امن منصوبہ پیش کیا تھا، جس میں متنازعہ علاقوں سے فوجیں پیچھے ہٹا لینے کی تجویز بھی شامل تھی۔ تاہم بھارت کی طرف سے یہ منصوبہ مسترد کر دیا گیا تھا۔

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں