’مشترکہ یورپی فوج‘ کا منصوبہ
9 مارچ 2015
یورپ میں اٹھائیس ملکوں کی فوجیں یا ایک یورپی فوج؟ اس معاملے میں یورپی یونین کے کمیشن کے سربراہ ژاں کلود یُنکر یورپی فوج کے حق میں ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ مستقبل میں یورپ کی مسلح افواج مل کر کام کر سکتی ہیں۔ یورپ میں مشترکہ فوج کا نظریہ کوئی نئی بات نہیں بلکہ یہ ساٹھ سال سے بھی زائد عرصہ پرانا ہے۔ 1952ء میں بھی فرانس، جرمنی، اٹلی اور بینےلکس ممالک (بیلجیم، ہالینڈ اور لکسمبرگ کا اقتصادی اتحاد) مل کر ایک دفاعی برادری تشکیل دینا چاہتے تھے تاہم اس وقت یہ منصوبہ ناکام ہو گیا تھا۔
ماضی کے برعکس اس وقت ژاں کلود یُنکر کو جرمنی کی خاتون وزیر دفاع اُرسلا فان ڈئیر لائن کی حمایت بھی حاصل ہے۔ مشترکہ یورپی فوج کے منصوبے کے بارے میں جرمن وزیر دفاع کا کہنا ہے، ’’ایک مضبوط یورپی فوج اچھا اقدام ہو سکتا ہے۔ اس سے یہ واضح ہو گا کہ انسانی حقوق کی حفاظت اور دنیا میں امن کے لیے یورپی یونین متحد ہے۔‘‘
امن کا دفاع؟
مشترکہ یورپی فوج کی تشکیل پر بحث کی وجہ یوکرائن کا تنازعہ اور مشرقی یورپی ملکوں میں پایا جانے والا خوف بنا ہے۔ یورپ میں نئے سرے سے خارجہ اور سلامتی کی پالیسیوں کے بارے میں سوچا جا رہا ہے۔ یُنکر کا کہنا ہے، ’’ایک مشترکہ فوج کے قیام کی صورت میں روس کو بھی یہ تاثر ملے گا کہ ہم یورپی اقدار کے دفاع کے معاملے میں سنجیدہ ہیں۔‘‘ ان کے مطابق اس طرح وہ دفاعی اخراجات بھی بچیں گے، جو ہر ملک انفرادی طور پر برداشت کر رہا ہے۔
’نیٹو سے متصادم نہیں‘
یونین کے رکن اٹھائیس ملکوں کی علیحدہ علیحدہ فوجوں کی بجائے ایک فوج۔ کیا یہ مغربی دفاعی اتحاد نیٹو کے لیے بھی قابل قبول ہے؟ یُنکر کا کہنا ہے کہ یہ تجویز نیٹو سے متصادم نہیں ہے۔ جرمن وزیر دفاع کے مطابق یورپی ملک نیٹو سے جُڑے ہوئے ہیں لیکن یورپ کی اپنی مضبوط فوج ہونی چاہیے اور اسے معلوم ہونا چاہیے کہ نیٹو میں اس کا مقام کیا ہے۔
اس حوالے سے جاری مشترکہ فوجی مشنز کا حوالہ بھی دیا جا رہا ہے۔ افریقی ملک مالی میں جرمن اور فرانسیسی افواج ایک ساتھ مل کر کام کر رہی ہیں۔ اسی طرح جرمن فوج ہالینڈ کے فوجی دستوں اور پولینڈ کی فوج کے ساتھ مشترکہ طور پر فرائض انجام دینے کا تجربہ بھی کر چکی ہے۔
یورپی یونین مشترکہ یورپی فوج کا آغاز ان ممالک سے کرنا چاہتی ہے، جو پہلے سے ہی خارجہ اور سلامتی کی پالیسیوں پر مل کر کام کر رہے ہیں۔ ان ممالک میں جرمنی، فرانس، ہالینڈ اور پولینڈ شامل ہیں۔