1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مشرف کی پاکستان واپسی، پروگرام مؤخر

28 جنوری 2012

پاکستان کے سابق صدر جنرل پرویز مشرف نے وطن واپس آنے کا اپنا پروگرام مؤخر کر دیا ہے۔ ان کی پارٹی نے اس کی وجہ یہ بتائی ہے کہ پاکستان واپس آنے پر انہیں گرفتار کیا جا سکتا ہے۔

پاکستان کے سابق صدر جنرل پرویز مشرفتصویر: AP

پرویز مشرف کی سیاسی پارٹی آل پاکستان مسلم لیگ کے سیکرٹری جنرل محمد علی سیف نے خبر رساں اداروں کو بتایا ہے کہ حکومت پاکستان مسلسل دھمکیاں دے رہی ہے کہ مشرف کے واپس پہنچنے پر انہیں فوری طور پر گرفتار کر لیا جائے گا۔ محمد علی سیف نے کہا، ’انہوں نے آخر کار یہ فیصلہ کیا ہے کہ وہ پارٹی کی ایگزیکٹیو کمیٹی کے مشورے کو تسلیم کرتے ہوئے پاکستان آنے کا پروگرام ملتوی کر دیں۔‘

خبر رساں ادارے اے ایف پی نے محمد علی سیف کے حوالے سے مزید بتایا، ’پرویز مشرف کے پاکستان واپس آنے کے بارے میں حتمی فیصلہ پارٹی کرے گی۔‘ پرویز مشرف تین برس قبل اقتدار سے الگ ہونے کے بعد خود ساختہ جلا وطنی اختیار کر کے لندن چلے گئے تھے۔ وہ تب سے لندن اور دبئی میں ہی قیام پذیر ہیں۔

محمد علی سیف کے مطابق پرویز مشرف اس وقت تک پاکستان واپس نہیں آئیں گے جب تک ملک کے سیاسی حالات ان کے لیے سازگار نہیں ہو جاتے۔ ’پارٹی سمجھتی ہے کہ اس مخصوص وقت میں ان کا وطن واپس آنا پارٹی کے مفادات میں نہیں ہے۔‘ آل پاکستان مسلم لیگ کے سیکرٹری جنرل نے کہا کہ اس وقت ملک میں جاری سیاسی چپقلش میں حکومت کی کوشش ہو گی سابق صدر پاکستان مشرف کے خلاف کارروائی کر کے عوام کی توجہ حقیقی مسائل سے ہٹا دی جائے۔

پرویز مشرف نے رواں برس جنوری میں اعلان کیا تھا کہ وہ وطن واپس آکر سیاست میں حصہ لیں گے اور انتخابات لڑیں گے۔ جب سے مشرف نے یہ اعلان کیا ہے تب سے ہی پاکستان پیپلز پارٹی کی اتحادی حکومت نے کہنا شروع کر دیا کہ مشرف کے پاکستان آنے پر ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ مشرف بے نظیر بھٹو کے قتل کیس کے علاوہ بلوچ قوم پرست رہنما اکبر بگٹی کے قتل میں ملوث ہونے کے شبے میں مطلوب ہیں۔

جمعہ کی صبح پاکستانی وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے ایک مرتبہ پھریقین دہانی کروائی کہ اگر پرویز مشرف پاکستان واپس آئے تو انہیں گرفتار کر لیا جائے گا۔ رواں ماہ ہی ایک انٹرویو میں مشرف نے اعتراف کیا تھا کہ پاکستان جانے پر ان کو شدید خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: شامل شمس

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں