1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مشرقِی جرمنی کے ’’محلِ جمہوریت‘‘ کا عروج اور زوال

کشور مصطفیٰ کرسٹینا بُراک
25 اپریل 2026

1976 سے 1990 تک مشرقی برلن میں موجود یہ شاندار عمارت "ہاؤس آف دی پیپل"کمیونسٹ ریاست کی طاقت کی علامت رہی۔ اگرچہ یہ عمارت ایک متنازع فیصلے کے تحت منہدم کر دی گئی مگر اس سے وابستہ یادیں آج بھی زندہ ہیں۔

موسم سرما کے ایک دھوپ سے چمکتے ہوئے دن میں لی گئی محل جمہوریہ کی تصویر
مشرقی برلن کی عمارت "ہاؤس آف دی پیپل" کمیونسٹ ریاست کی طاقت کی علامت تھی۔تصویر: Ruffer/Caro/picture alliance

محلِ جمہوریت کی داستان

یہ محل مشرقی جرمنی کی ایک نمایاں اور علامتی عمارت تھا۔  اس کا افتتاح تقریباً پچاس سال قبل ہوا۔ یہ عمارت جرمن ڈیموکریٹک ریپبلک (جی ڈی آر) کے دور میں تعمیر کی گئی اور اسے ریاستی طاقت، کمیونسٹ نظریات اور عوامی زندگی کی علامت سمجھا جاتا تھا۔ یہاں سرکاری تقاریب، اجلاس اور ثقافتی سرگرمیاں منعقد ہوتی تھیں۔

2006 سے 2008 کے درمیان اس محلِ جمہوریت کو ایک متنازع فیصلے کے تحت منہدم کر دیا گیا۔ کچھ لوگوں کے نزدیک یہ اقدام تاریخ کو مٹانے کے مترادف تھا، جبکہ دیگر کچھ اسے ایک نئے دور کی شروعات سمجھتے تھے۔ اگرچہ یہ عمارت اب موجود نہیں، مگر یہ جرمن تاریخ کے ایک اہم دور، اس سے جڑے اختلافات اور سیاسی پیچیدگیوں کی علامت کے طور پر آج بھی یاد کی جاتی ہے۔

کمیونسٹ ریاست کی نمائشی عمارت

1972 میں جب جی ڈی آر کو قائم ہوئے 23 برس ہو چکے تھے اور عالمی سطح پر اس کی پہچان بڑھ رہی تھی تو اس وقت کی جرمن  قیادت نے ایک ایسی عمارت تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا جو اس کے جدید اور پُراعتماد تشخص کی نمائندگی کرے۔ کمیونسٹ پارٹی (ایس ای ڈی) نے اسے "عوام کا گھر یعنی ہاؤس آف دی پیپل" قرار دیا۔ ان کے مطابق یہ ایک ایسی جگہ تھی جو سوشلسٹ اقدار کی علامت بھی تھی اور عوام کے لیے ثقافتی و تفریحی مرکز بھی۔

اس عمارت کو ریاستی طاقت، کمیونسٹ نظریات اور عوامی زندگی کی علامت سمجھا جاتا تھاتصویر: akg-images/picture alliance

برلن میں دریائے اشپرے کے کنارے جہاں کبھی پروشین محل کھڑا تھا، 1973 میں محلِ جمہوریت کی تعمیر شروع ہوئی۔ ریاست نے اس منصوبے پر بے دریغ وسائل خرچ کیے اور صرف تین برس میں عمارت مکمل کر لی گئی۔ 

مشرقی برلن سے مغربی برلن فرار ہونے والی سرنگ

02:18

This browser does not support the video element.

 23 اپریل 1976 کو یہ عمارت عوام کے لیے کھول دی گئی اور اسے جدید طرزِ تعمیر اور شان و شوکت کی مثال قرار دیا گیا۔

ریاستی طاقت اور تفریح کا سنگم

محلِ جمہوریت میں دو اہم ہال تعمیر کیے گیے۔ ایک چھوٹا ہال جسے جی ڈی آر پارلیمان  کے طور پر استعمال کرتی تھی۔

اور ساتھ ہی ایک بڑا ہال سرکاری اجلاسوں، موسیقی کے پروگراموں اور عالمی فنکاروں کی پرفارمنس کے لیے بھی بنایا گیا۔

دونوں ہال ایک وسیع لابی کے ذریعے جڑے ہوئے تھے جو آرٹ گیلری کے طور پر بھی استعمال ہوتا تھا۔ عمارت میں مختلف منزلوں پر ریستوراں، بارز، کیفے، آئس کریم شاپس، ڈسکو اور بولنگ ایلی بھی موجود تھیں۔ جس سے یہ جگہ ریاستی طاقت کے ساتھ عوامی تفریح کا مرکز بھی بن گئی۔

محلِ جمہوریت کی عمارت میں مختلف منزلوں پر ریستوراں، بارز، کیفے، آئس کریم شاپس، ڈسکو اور بولنگ ایلیز بھی موجود تھیںتصویر: Straube/akg-images/picture alliance

کچھ لوگوں کے لیے یہ عمارت روزمرہ زندگی سے ہٹ کر ایک خوشگوار وقفہ تھی۔ تاہم ناقدین اسے ضرورت سے زیادہ شان و شوکت کا مظہر سمجھتے تھے۔

انہدام اور انجام

جی ڈی آر کے خاتمے کے ساتھ ہی محلِ جمہوریت کی تقدیر بھی بدل گئی۔ ستمبر 1990 میں ایسبیسٹوس کی آلودگی (ایسبیسٹوس ایک تعمیراتی مٹیریل ہے جس کے باریک ریشے ٹوٹ کر ہوا میں پھیل جائیں تو کئی بیماریوں کا سبب بن سکتے ہیں)کے باعث اسے بند کر دیا گیا۔ حالانکہ یہ عمارت صرف 14 برس استعمال میں رہی تھی۔

مشرقی برلن میں 30 سال بعد گارڈن شو کا اہتمام

02:44

This browser does not support the video element.

بہت سے لوگوں کے لیے عمارت کی بندش ان کی زندگی کے ایک اہم دور کے خاتمے کی علامت تھی کیونکہ یہ ان کے روزمرہ معمولات، کام اور ریاستی نظام سے جڑی ہوئی تھی۔ اگلے چند برسوں میں عمارت کو مکمل خالی کر دیا گیا اور صرف اس کا ڈھانچا باقی رہ گیا۔

  2003 میں جرمن پارلیمنٹ نے اس باقی ماندہ ڈھانچے کو گرا کر ایک نئی عمارت تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا جسے متحدہ جرمنی کے دارالحکومت کے لیے زیادہ موزوں سمجھا گیا۔ یہ فیصلہ خاصا متنازع ثابت ہوا۔

جی ڈی آر کے خاتمے کے ساتھ ہی محلِ جمہوریت کی تقدیر بھی بدل گئیتصویر: Miguel Villagran/AP Photo/picture alliance

2000 کی دہائی کے وسط میں کچھ عرصے کے لیے اس خالی ڈھانچے کو فنکاروں کے لیے نمائش اور پرفارمنس کی جگہ کے طور پر کھول دیا گیا۔ کچھ حلقے اسے سلسلے کو برقرار رکھنا چاہتے تھے۔ ناقدین کے نزدیک بھی محلِ جمہوریت کو مکمل طور پر ختم کرنامشرقی جرمنی کی تاریخ کو مٹانے کی کوشش تھی۔

 2006 سے 2008 کے درمیان محلِ جمہوریت کے آخری آثار بھی ختم کر دیے گئے۔ اس کا فولاد پگھلا کر دیگر منصوبوں میں استعمال کیا گیا، جن میں دبئی کے بڑے تعمیراتی منصوبے بھی شامل تھے۔

جرمنی کا اتحاد، کب کیا ہوا؟

02:37

This browser does not support the video element.

موجودہ صورتحال

آج محلِ جمہوریت کی جگہ ہمبولٹ فورم موجود ہے۔ یہ ایک ثقافتی مرکز اور عجائب گھر ہے جس کی  عمارت جزوی طور پر اُس پروشین محل کی نقل ہے جسے کبھی مشرقی جرمنی کے رہنماؤں نے ناپسند کرتے ہوئے گرا دیا تھا۔

آج محلِ جمہوریت کی جگہ ہمبولٹ فورم موجود ہے۔ یہ ایک ثقافتی مرکز اور عجائب گھر ہےتصویر: Peer Grimm/dpa/picture alliance

اگرچہ اب بھی یہاں کبھی کبھار محلِ جمہوریت سے متعلق عارضی نمائشیں ہوتی ہیں، مگر اس کی  کوئی مستقل نمائش یا نقل موجود نہیں۔ بس ان لوگوں کی یادیں باقی ہیں جنہوں نے اسے دیکھا، محسوس کیا یا کسی نہ کسی صورت اس سے جڑا ہوا ماضی گزارا۔

ادارت: رابعہ بگٹی

 

ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں