1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مشرقی یورپ سے پارٹنرشپ روس کے خلاف نہیں، میرکل

عاطف توقیر24 نومبر 2013

جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے کہا ہے یورپی یونین مشرقی یورپی ممالک سے تعلقات میں بہتری چاہتی ہے، تاہم اس کا مقصد روسی مفادات کو نقصان پہنچانا ہرگز نہیں۔

تصویر: picture-alliance/dpa

جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے اپنے بیان میں کہا کہ وہ اس موضوع پر روسی صدر ولادیمیر پوٹن سے گفتگو کرنا چاہتی ہیں۔ میرکل کی جانب سے یہ بیان یوکرائن کے اس اقدام کے بعد سامنے آیا ہے، جس میں کی ایف حکومت نے یورپی یونین کے ساتھ تاریخی معاہدہ برائے شراکت کو روکنے کا اعلان کیا تھا۔ کہا جا رہا ہے کہ یوکرائن نے یہ اقدام روسی دباؤ میں آ کر اٹھایا، کیوں کہ روس کی خواہش ہے کہ یوکرائن یورپی یونین کی قربت اختیار نہ کرے۔

اپنے ہفتہ وار پوڈکاسٹ بیان میں چانسلر میرکل نے کہا، ’ایسا ہرگز نہیں کہ یورپی یونین چھ مشرقی یورپی ممالک سے ایسوسی ایشن معاہدے روس کے خلاف کرنا چاہتی ہے۔‘

میرکل کا کہنا ہے کہ وہ پوٹن سے فوری ملاقات کی خواہاں ہیںتصویر: picture alliance/Russian Look

واضح رہے کہ یورپی یونین ایسوسی ایشن معاہدے کے لیے مطالبہ کرتی ہے کہ وہ معاشی انضمام، سفری پابندیوں کے خاتمے اور سیاسی تعاون میں اضافے جیسے اقدامات ان مشرقی یورپی ممالک میں اصلاحات کے عوض کرے گی۔ یورپی یونین ان ممالک کے لیے اقتصادی امداد بھی ایسوسی ایشن معاہدے کا حصہ بنائے ہوئے ہے۔

تاہم روس کی جانب سے ان ممالک کو شدید دباؤ کا سامنا ہے، جس میں یوکرائن کے روس کے ساتھ تجارت میں رکاوٹوں اور مالدووا سے الکوحل مشروبات کی درآمد پر پابندی جیسے اقدامات شامل ہیں۔

روس ان ممالک پر ماسکو حکومت کی حمایت یافتہ کسٹم یونین میں شامل ہونے کے لیے دباؤ ڈالے ہوئے ہیں۔ واضح رہے کہ کسٹم یونین میں بیلا روس اور قازقستان شامل ہیں۔ روس کی کوشش ہے کہ یوکرائن اور دیگر مشرقی یورپی ممالک یورپی یونین کی قریب نہ جائیں۔

جمعرات کے روز کی ایف حکومت نے اعلان کیا تھا کہ وہ یورپی یونین کے ساتھ تجارتی ڈیل اور ایسوسی ایشن معاہدے کے لیے جاری مذاکرات روک رہا ہے۔ خیال رہے کہ یورپی یونین اور یوکرائن کے درمیان تجارتی ڈیل پر رواں ماہ 29 نومبر کو ایک سربراہی اجلاس میں دستخط ہونا تھے۔ مالدووا اور جارجیا اس معاہدے پر اب بھی دستخط کرنے کے خواہاں ہیں۔

جرمن چانسلر میرکل نے اپنے بیان میں کہا کہ وہ پہلی فرصت میں صدر پوٹن سے مل کر روس کے خدشات کا خاتمہ کرنا چاہتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ روس یورپی یونین کا ایک اہم پارٹنر ملک ہے اور یورپی یونین روس کے ساتھ تعاون چاہتی ہے۔

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں