1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
معاشرہبھوٹان

کاربن نیگیٹو ملک بھوٹان بھی جنگ سے متاثر، ایندھن بے حد مہنگا

کشور مصطفیٰ اے ایف پی کے ساتھ
2 اپریل 2026

مشرق وسطیٰ میں جاری جنگ کے اثرات ہمالیائی بادشاہت بھوٹان تک بھی جا پہنچے ہیں، جہاں حکومت نے ایندھن کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافے کو ’’بیرونی عوامل‘‘ کا نتیجہ قرار دیا ہے۔

بھوٹان کا مونگار ٹاؤن
بھوٹان گیسوں کے اخراج کے حوالے سے ’’کاربن نیگیٹو‘‘ ملک ہےتصویر: Christian Offenberg/Zoonar/picture alliance

اپنے ہاں فضا میں زہریلی کاربن گیسوں کے اخراج کے حوالے سے ''کاربن نیگیٹو‘‘ ملک کہلانے والا بھوٹان پانی سے بجلی پیدا کرنے کے بڑے منصوبوں پر زیادہ انحصار کرتا ہے اور بھارت کو بجلی برآمد کر کے کافی آمدنی بھی حاصل کرتا ہے۔ تاہم اپنے ہاں ایندھن کی ضروریات وہ بھارت ہی کے ذریعے پوری کرتا ہے۔ اس لیے بھارت میں پیدا ہونے والی معدنی ایندھن کی قلت اب بھوٹان میں بھی بحرانی صورت حال کی  وجہ بن گئی ہے۔

ملکی دارالحکومت تھمپو میں پٹرول پمپوں پر صارفین کی طویل قطاریں دیکھی گئیں۔ مقامی شہری کرما کالدن نے نیوز ایجنسی اے ایف پی سے گفتگو میں کہا کہ حالات حکومت کے اختیار میں نہیں۔ انہوں نے کہا، ''ہم بے بس ہیں۔ ایران جنگ اور بھارت میں مہنگائی کے باعث حکومت کے ہاتھ بندھے ہوئے ہیں۔‘‘ 

 

بھوٹان اپنے ہاں ایندھن کی ضروریات وہ بھارت ہی کے ذریعے پوری کرتا ہےتصویر: Michael Gründel/Fotostand/picture alliance

 

بھوٹانی حکومت نے بدھ کی رات ایندھن کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان کیا اور ساتھ ہی ملک میں توانائی کی بچت کے اقدامات بھی متعارف کرا دیے۔ ملکی وزیر اعظم کے دفتر کے مطابق گزشتہ ہفتوں میں عالمی منڈیوں میں ایندھن کی قیمتیں نمایاں حد تک بڑھی ہیں، اور ایسا ''کنٹرول سے باہر عوامل‘‘ کی وجہ سے ہوا۔

توانائی کی قیمتوں میں اضافے سے الیکٹرک رکشوں کا ٹرینڈ زیادہ؟

03:56

This browser does not support the video element.

بھوٹان نے 21 مارچ کو فیول سبسڈی کا اعلان کیا تھا تاکہ گھریلو صارفین پر اضافی مالی بوجھ کم کیا جا سکے، مگر اس کے باوجود 28 فروری کو ایران جنگ شروع ہونے کے بعد سے اس ملک میں پٹرول کی قیمتوں میں 60 فیصد  سے زائد کا اضافہ ہو چکا ہے۔

بھوٹان کی ملکی کرنسی میں پٹرول کی فی لٹر قیمت پہلے 65 تا 95 نگلترم تھی، جو فروری کے بعد سے بڑھ کر اس سبسڈی والی قیمت کے برابر تک پہنچ چکی ہے، جو حکومت نے یکم اپریل کو مقرر کی۔

نیپال میں پٹرول کی قیمتوں میں 60 فیصد سے زائد کا اضافہ ہو چکا ہےتصویر: Sunil Sharma/ZUMA Press Wire/dpa/picture alliance

حکومت نے ایندھن کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے تناظر میں عوام سے تعاون کی اپیل بھی کی ہے۔ ایک حکومتی بیان میں کہا گیا، ''قومی خزانے پر پڑنے والے بھاری بوجھ کے پیش نظر تمام سرکاری اداروں کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ ایندھن کے استعمال میں کمی کے لیے اقدامات کریں، جیسے پیدل دفتر جانا، غیر ضروری سفر سے گریز کرنا اور اگر ممکن ہو تو گھر سے کام کرنا۔‘‘

ادارت: مقبول ملک

ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں