1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مشقت پر مجبور چینی مزدور کے لاپتہ بیٹے کی مسخ شدہ لاش برآمد

21 جنوری 2022

چین میں کورونا وائرس کے مٹھی بھر نئے کیسز میں سے ایک کیس ان دنوں سوشل میڈیا صارفین کی غیر معمولی توجہ کا سبب بنا۔ یہ ایک تارک وطن چینی کارکن کا کیس ہے جس کے لاپتہ بیٹے کی موت کی تصدیق ہو گئی ہے۔

Hongkong Corona Pandemie Hamster werden getötet
تصویر: Tyrone Siu/REUTERS

چین میں ژوئے نامی ایک محنت کش شہری کو رواں ہفتے ملکی سوشل میڈیا پر سب سے زیادہ صارفین کی ہمدردی حاصل ہوئی۔ اس کی کہانی نے ایک نیا مگر افسوس ناک موڑ اس وقت اختیار کیا، جب جمعے کے روز ملکی پولیس نے اس کے لاپتہ بیٹے کی طویل عرصے پہلے ہی موت کی تصدیق کر دی۔

چوالیس سالہ مزدور ژوئے کا شمار اس وقت ان چند افراد میں ہوتا ہے، جن کے بیجنگ میں کورونا ٹیسٹ کے مثبت رزلٹ آنے کی خبر عام ہوئی۔ چین اپنی 'زیرو کووڈ اسٹریٹیجی‘ کے تحت کورونا وائرس کی منتقلی کا سبب بننے والے گمنام افراد کی تفصیلات شائع کرتا رہتا ہے۔ یوں یہ معلومات سامنے آ جاتی ہیں کہ ایسے شہری کہاں رہتے ہیں اور اس طرح ان سے رابطہ آسان ہو جاتا ہے اور یہ جاننے میں بھی مدد ملتی ہے کہ یہ افراد کن لوگوں سے اور کہاں مل چکے ہیں یا ان کا کس کس سے رابطہ ہوا تھا۔

'کورونا کو حیاتیاتی ہتھیار کے طور پر تیار نہیں کیا گیا' امریکی خفیہ ادارے

 ژوئے کی زندگی

ژوئے کی سفری معلومات سے یہ انکشاف ہوا کہ وہ اپنے خاندان کی کفالت اور اپنے گمشدہ بیٹے کی تلاش کے اخراجات پورا کرنے کے لیے کئی ملازمتیں کرتا ہے۔ یہ ملازمتیں زیادہ تر مزدوری ہوتی ہیں۔ وہ تعمیراتی منصوبوں کے لیے استعمال ہونے والے ساز و سامان کو ایک سے دوسری جگہ پہنچانے کا کام کرتا ہے، صرف ایک نہیں بلکہ کئی جگہوں پر اور خاص طور پر رات کے وقت۔ ژوئے نے بتایا کہ اس کا بیٹا ژوئے ژوئےٹونگ اگست 2020 ء میں مشرقی چینی صوبے شانگ ڈونگ سے لاپتہ تھا۔ اس کی گمشدگی کی رپورٹ ملنے پر ژوئے نے اعلیٰ حکام کو درخواست بھی دی تھی۔

’کورونا کے آغاز کی تلاش کا عمل سیاست سے زہر آلود ہو رہا ہے‘

 

جانوروں کی فروخت کی دکانوں پر بھی کڑی نظر رکھی جا رہی ہےتصویر: Tyrone Siu/REUTERS

پولیس کا بیان

ژوئے کا بیٹا ژوئےٹونگ جس علاقے سے لاپتہ ہوا تھا، وہاں کے شہر ویہائی کی پولیس نے جمعے کو سوشل میڈیا پر ایک بیان میں کہا کہ 'انتہائی مسخ شدہ حالت‘ میں ایک لاش برآمد ہوئی، جس کی شناخت کے لیے ڈی این اے ٹیسٹ استعمال کیا گیا، تو پتا چلا کہ وہ لاش ژوئے کے بیٹے ژوئےٹونگ کی ہے۔ اس امر کا اعلان کرتے ہوئے پولیس نے کہا، ''سکیورٹی دفتر نے ڈی این اے کی شناخت کے لیے ژوئے کی بیوی سے لیے گئے خون کے نمونے استعمال کیے، جس سے اس امر کی تصدیق ہو گئی کہ یہ گلی سڑی لاش اس کے بیٹے کی ہے۔ تاہم  ژوئےٹونگ کے والدین نے اس شناختی عمل کے نتائج قبول کرنے سے انکار کر دیا ہے۔‘‘ پولیس نے مزید بتایا کہ تب سے اس جوڑے نے اس پورے واقعے کے خلاف قانونی ایکشن لیا ہے اور کارروائی جاری رکھی ہوئی ہے۔

چین نے کس طرح لاک ڈاؤن سے کورونا وائرس کو شکست دی؟

لاپتہ بیٹے کے باپ کا بیان

ژوئےٹونگ کا  باپ ژوئے ماضی میں ماہی گیر رہ چکا ہے۔ اس نے اپنے بیان میں کہا کہ وہ گزشتہ سال بیجنگ گیا تھا کیونکہ اس کا بیٹا ماضی میں وہاں بطور باروچی کام کر چکا تھا۔ ژوئے کے بقول اس کا بیٹا مختلف صوبوں میں جا کر مختلف نوعیت کی ملازمتیں کر چکا تھا۔ ژوئے کے کورونا وائرس کا شکار ہونے کی خبر پھیلنے پر سوشل میڈیا پر ایک ہیش ٹیگ بہت مقبول ہوا اور لاکھوں افراد نے اس پوسٹ پر اپنے تاثرات کا اظہار کیا۔ ہیش ٹیگ کچھ یوں تھا، ''کنٹیکٹ ٹریسر کے ذریعے تلاش کیا جانے والا چینی مزدور۔‘‘ دریں اثناء اس ہیش ٹیگ کو جمعے کے روز سوشل میڈیا پلیٹ فارمز سے حذف کر دیا گیا۔

عالمی ادارہٴ صحت نے ایک اور چینی ویکسین کی منظوری دے دی

بیجنگ لیبارٹری میں کووڈ 19 ٹیسٹ تصویر: Yao Jianfeng/Xinhua/picture alliance

چینی سنسرشپ

اس ہیش ٹیگ کو غیر فعال بنانے کے ساتھ ساتھ چینی سینسرشپ سسٹم نے ژوئے سے متعلق کچھ مزید خبروں کی سوشل میڈیا پر شیئرنگ بھی محدود کر دی۔ آن لائن مواد کا مطالعہ کرنے والے بہت سے تبصرہ نگاروں نے ژوئے کی حالت زار کو بیجنگ کے پہلے اومیکرون کے شکار مریض کے طرز زندگی سے متصادم قرار دیا۔ چین میں سرکاری طور پر اعلان شدہ اومیکرون کا شکار پہلا مریض ایک بینک ملازم تھا۔ یہ شخص لگژری مالز میں شاپنگ کرتا تھا اور اپنے اسکیئنگ جیسے شوق پورے کرتا تھا۔ اس کے حالات زندگی کےبارے میں اطلاعات مقامی حکام کی طرف سے اس کی سفری سرگرمیوں سے ملنے والی اطلاعات کی مدد سے  عام کی گئی تھیں۔

 

ادھر ژوئوے  نے یکم تا 17 جنوری کام کی تلاش میں تعمیراتی مقامات سمیت دو درجن مقامات کا دورہ کیا۔ وہ مزدوری کے لیے زیادہ تر راتوں کو نکلتا تھا تاہم گھر سے باہر کھانا اس نے صرف ایک ہی بار کھایا تھا۔ یہ اندرون ملک نقل مکانی کرنے والے لاکھوں چینی کارکنوں کے عمومی طرز زندگی کا حصہ ہے۔

یاد رہے کہ چین نے ونٹر اولمپکس کے آغاز سے پہلے سے کووڈ انیس کے خلاف سخت ترین کریک ڈاؤن شروع کر رکھا ہے۔ چین میں انتہائی سخت کورونا ضوابط پائے جاتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ وہاں گزشتہ ہفتے مقامی سطح پر وائرس کی منتقلی کے محض چھ نئے کورونا کیسز ریکارڈ کیے گئے۔

ک م / م م (اے ایف پی)

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں