مصباح کی جارحانہ بیٹنگ، پاکستان فتح سے ہمکنار
11 فروری 2015پندرہویں کرکٹ ورلڈ کپ سے پہلے آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیم کا مقابلہ پاکستان کے حق میں چار وکٹوں کی فتح سے ہوا۔ انگلینڈ نے پاکستان کو فتح کے لیے دو سو اکاون رنز کا ہدف دیا جو پاکستان نے 49 ویں اوور میں حاصل کر لیا۔ چالیس سالہ مصباح الحق نے اکانوے اسکور کر کے شائقین کا دل خوش کر دیا۔ وہ اکانوے کے اسکور پر ناٹ آؤٹ رہے۔ مصباح نے کُل نناوے بالز پر دو چھکے اور پانچ چوکے لگائے۔ چوتھی وکٹ پر وہ عمر اکمل کی پارٹنر شپ میں کھیل رہے تھے۔ اس پارٹنر شپ میں پاکستانی ٹیم کو 133رنز ملے۔ جبکہ عمر اکمل نے تین چھکوں اور تین چوکوں کی مدد سے پینسٹھ رنز کی اننگز کھیلی۔
بدھ کو انگلینڈ کے کپتان اوئن مورگن نے ٹاس جیتا اور پہلے بلے بازی کرنے کا فیصلہ کیا تو انگلینڈ نےگیری بیلنس اور جوائے روٹ کی نصف سنچریوں کی بدولت آٹھ وکٹوں کے نقصان پر دو سو پچاس رنز بنائے۔
بیلنس نے ستاون رنز کی اننگز کھیلی جبکہ روٹ پچاسی رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ ان کے علاوہ ایلکس ہیلز اور جورڈن نے بھی 31، 31 رنز کی اننگز کھیلیں۔ پاکستان کے لیے یاسر شاہ تین وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب بولر رہے جبکہ سہیل خان نے دو اور شاہد آفریدی، وہاب ریاض اور احسان عادل نے ایک ایک وکٹ لی۔
پاکستان کی جانب سے دیگر کھلاڑیوں میں عمر اکمل پینسٹھ، حارث سہیل تینتیس، یونس خان انیس جبکہ صہیب مقصود بیس رنز بنا کر نمایاں رہے۔ انگلینڈ کی جانب سے اینڈرسن، سٹورٹ براڈ ،جورڈن اور ٹریڈویل نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
انگلینڈ کی جانب سے جے ای روٹ پچاسی جبکہ جی ایس بلانسے ستاون رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ انگلینڈ نے مقررہ پچاس اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر دو سو پچاس رنز بنائے تھے۔