مصر میں ایچ آئی وی کے پھیلاؤ پر اقوام متحدہ کو تشویش
عاطف توقیر
4 دسمبر 2017
اقوام متحدہ نے مصر میں ایڈز کا باعث بننے والے ایچ آئی وی وائرس کے پھیلاؤ میں تیزی پر شدید تشویش ظاہر کرتے ہوئے بتایا ہے کہ مصر میں اس وائرس کا شکار بننے والے مریضوں میں چالیس فیصد تک کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
اشتہار
اقوام متحدہ کے مطابق اس بیماری سے جنگ اور تحفظ کی راہ میں بڑی رکاوٹ مصری معاشرے میں اس بابت کم آگہی کے علاوہ مریضوں کو درپیش سماجی مسائل بھی ہیں، جن کی وجہ سے وہ اپنی بیماری چھپاتے ہیں۔ اقوام متحدہ کے مطابق مصر میں اس وبا سے جنگ کے لیے سرمایے کی قلت کا سامنا ہے۔
اقوام متحدہ کے حکام کے مطابق مصر میں اس وائرس کے نئے کیسز میں زیادہ تر تعداد نوجوان یا کم عمر افراد کی ہے۔
95 ملین آبادی کے ملک مصر میں ایچ آئی وی کے مریضوں کی تعداد مشرقِ وسطیٰ میں ایران، سوڈان اور صومالیہ کے بعد سب سے زیادہ ہے۔
ذہنی دباؤ سے نمٹنے کے سات آزمودہ طریقے
’سٹریس‘ یا ذہنی دباؤ بہت سی بیماریوں کو جنم دیتا ہے۔ اس سے لوگ ڈپریشن کا شکار ہو جاتے ہیں، دل کمزور ہو جاتا ہے اور دل کے دورے کا خطرہ بھی بڑھ جاتا ہے۔ ان سات مشوروں پر عمل کریں اور ٹینشن اور ذہنی دباؤ سے نجات پائیں۔
تصویر: Fotolia
ورزش کریں
اعتدال کے اندر رہتے ہوئے جاگنگ اور سائیکلنگ کرنے سے ذہنی دباؤ سے نجات حاصل کرنے میں مدد ملتی ہے۔ ورزش کرنے سے اعصابی نظام اینڈروفین نامی ہارمون چھوڑتا ہے، جو آپ کے اندر خوشی اور پھرتی کا احساس پیدا کرتا ہے۔ انتہائی ضروری بات یہ ہے کہ جاگنگ یا سائیکلنگ وغیرہ کرتے ہوئے کسی کے ساتھ مقابلہ نہ کریں کیونکہ اس سے بھی ’اسٹریس‘ والے ہارمون کی سطح بڑھنے لگتی ہے۔
تصویر: Colourbox/PetraD
توجہ مرکوز کریں
مراقبے، یوگا اور سانس کی مشقوں سے بھی ذہنی دباؤ کو کم کیا جا سکتا ہے۔ اس مقصد کے لیے پٹھوں کو آرام دینے والی مختلف طرح کی تھیراپی سے بھی فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے۔ اس کے علاوہ آپ مالش اور مساج بھی کروا سکتے ہیں۔ یہ چیزیں بہت زیادہ ذہنی تناؤ کی صورت میں بھی بے انتہا مفید ثابت ہوئی ہیں۔
تصویر: Colourbox/Pressmaster
پُرسکون جگہ تلاش کریں
اگر آپ کے گھر میں کوئی پُرسکون کمرہ ہے تو دن میں پندرہ تا بیس منٹ وہاں ضرور گزاریں۔ بڑے شہروں میں اکثر گھروں میں سکون نہیں مل پاتا۔ آپ کسی میوزیم، لائبریری یا پھر عبادت کی جگہ پر بھی جا کر بیٹھ سکتے ہیں۔ کئی بار خاموشی ہی بڑے سے بڑے مرض کی دوا بن جاتی ہے۔
تصویر: Colourbox/A. Mijatovic
فطرت سے قربت
ہالینڈ کے محققین نے پتہ چلایا ہے کہ سبز رنگ انسان پر اچھے اثرات مرتب کرتا ہے اور اسے سکون کا احساس دیتا ہے۔ یہ بات بھی ثابت ہو چکی ہے کہ جو لوگ کسی پارک کے قریب رہتے ہیں یا جن کے گھر میں صحن ہوتا ہے، ان کی ذہنی صحت دیگر لوگوں کے مقابلے میں بہتر ہوتی ہے۔ کسی سر سبز جگہ کی سیر کرنے ضرور جایا کریں۔
تصویر: Colourbox
کچھ بھی نہ کریں
زیادہ تر لوگوں کا معمول ہی یہ بن جاتا ہے کہ دن بھر دفتر اور اس کے بعد کا وقت دوستوں اور رشتہ داروں کے درمیان۔ لیکن اگر آپ کسی ذہنی دباؤ کا شکار ہیں، تو کچھ وقت صرف اور صرف اپنے ساتھ بھی گزاریں۔ لوگوں کا ساتھ آپ کے لیے باعثِ مسرت ہونا چاہیے نہ کہ ذہنی دباؤ کا سبب۔ اگر موڈ نہیں ہے تو کسی کی دعوت قبول کرنے سے انکار کرتے ہوئے گھبرائیں نہیں۔
تصویر: Colourbox
وقفے لیں
دن بھر کمپیوٹر کے سامنے بیٹھ کر کام کرتے رہنے سے خون میں تناؤ پیدا کرنے والے ہارمونز کی مقدار بڑھنے لگتی ہے۔ اس کو کم کرنے کے لیے درمیان درمیان میں وقفے کرنے چاہییں۔ کچھ دیر تازہ ہوا میں ٹہل کر آئیں۔ پٹھوں کو پُرسکون رکھنے کی ورزش سے بھی بہت فرق پڑتا ہے اور انسان خود کو تازہ دم محسوس کرتا ہے۔
تصویر: Colourbox
خوب آرام کریں
نیند پوری نہ ہونا بھی ذہنی دباؤ کی ایک وجہ بنتا ہے۔ ایک بالغ شخص کو سات سے لے کر نو گھنٹے تک کی نیند کی ضرورت ہوتی ہے۔ نیند میں ہی آپ کے دماغ کی صفائی بھی ہوتی ہے اور قدرتی طور پر دباؤ کم ہو جاتا ہے۔ ہمیشہ کسی ہوا دار کمرے میں سوئیں اور ایسی چیزوں (مثلاً کسی کے خراٹوں) سے بچنے کی کوشش کریں، جو نیند میں خلل کا باعث بن سکتی ہوں۔
تصویر: Colourbox
7 تصاویر1 | 7
اقوام متحدہ کے مطابق مریضوں کو اس وائرس کی تشخیص پر جیل بھیجنے سمیت سماجی سطح پر شدید مشکلات جیسے واقعات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ مصر میں اس بیماری کو ہم جنس پرستی سے جوڑا جاتا ہے۔ مصر میں ہم جنس پرستی کی قانونی ممانعت تو نہیں یعنی اس بابت کوئی باقاعدہ قانون موجود نہیں ہے۔ تاہم اسے قدامت پسند مصری معاشرے میں مذہب اور فطرت کے خلاف قرار دیا جاتا ہے۔
پاکستان میں ایڈز کا وائرس بہت تیزی سے پھیلتا ہوا
02:49
اقوام متحدہ کے ادارہ برائے ایڈز سے وابستہ احمد خمیس نے خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس سے بات چیت میں کہا، ’’مصر میں اس وائرس کے شکار افراد میں 25 تا 30 فیصد سالانہ کے اعتبار سے اضافہ دیکھا جا رہا ہے اور وائرس کے پھیلاؤ کی یہ شرح خوف ناک حد تک زیادہ ہے۔ اس بیماری کو شکست دینے کی راہ میں ایک بڑی رکاوٹ ڈونرز کی جانب سے سرمایے کی فراہمی میں تعطل بھی ہے۔‘‘
اقوام متحدہ کے ادارہ برائے ایڈز کے مطابق مصر میں ایچ آئی وی کے شکار افراد کی رجسٹرڈ تعداد گیارہ ہزار ہے، جب کہ مصری وزارت صحت کے مطابق یہ تعداد سات ہزار کے لگ بھگ ہے۔ تاہم وائرس کے پھیلاؤ کی شرح اور نئے کیسز کی تعداد کے حوالے سے اقوام متحدہ اور مصری وزارت صحت متفق ہیں۔