1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مصر کے ’سرکاری صحافی‘ ساکھ کی بحالی میں مصروف

15 فروری 2011

مصر کے سرکاری میڈیا میں طویل عرصے تک حکومتی دباؤ کے تحت کام کرنے والے صحافی اب حسنی مبارک کے چلے جانے کے بعد اپنی ساکھ کی بحالی میں مصروف ہوگئے ہیں۔

تصویر: picture-alliance/dpa

سماجی میل ملاپ کی ویب سائٹس ٹویئٹر اور فیس بک کے ذریعے مصر کا نوجوان حلقہ نئی سماجی آزادی کا لطف اٹھا رہا ہے۔ اس کے برعکس روایتی قدامت پسند میڈیا سے وابستہ افراد کو اپنا سابقہ مقام برقرار رکھنے میں مشکل پیش آرہی ہے۔

سرکاری ٹیلی وژن نیل نیوز اور سرکاری اخبار ال احرام سے وابستہ صحافی بالخصوص مشکل میں گھر گئے ہیں۔ ملکی آبادی کی اکثریت کو اب بین الاقوامی میڈیا تک رسائی حاصل ہے، جو حکومت مظالف مظاہروں کی براہ راست کوریج فراہم کر رہا تھا۔

ایک مصری شہری مظاہرین کے جشن کی سرخی سے سجا اخبار دکھاتے ہوئےتصویر: AP

ایک وقت میں جب الجزیرہ اور بی بی سی جیسے ادارے مصر بھر میں جاری مظاہروں کی شدت سے متعلق رپورٹیں پیش کر رہے تھے اسی دوران نیل نیوز اور ال احرام سے وابستہ صحافی ’سب ٹھیک ہے‘ کی اطلاعات فراہم کر رہے تھے۔ نیل نیوز کی 41 سالہ اینکر سہا ال نقش کا کہنا ہے کہ قاہرہ حکومت انہیں ایسا کرنے پر مجبور کرتی تھی۔

نقش سمیت ان کی بعض دیگر ساتھیوں نے اب نیل نیوز چھوڑ دیا ہے۔ نقش کا کہنا ہے کہ ان سرکاری اداروں میں کام کرنے والا عملہ اب تبدیلی کے عمل کا حصہ بن رہا ہے۔

مصر میں حسنی مبارک کے استعٰفے کے ساتھ ہی جب یہ تاثر عام ہوا کہ ملکی فوج عوامی تحریک کو نہیں دبائے گی تو مقامی میڈیا کے رویے میں واضح تبدیلی دیکھنے میں آئی۔ تاہم مصری عوام کی اکثریت میں سرکاری میڈیا اپنی ساکھ بحال نہ کرسکی، جن کے نزدیک سرکاری میڈیا سے وابستہ افراد ’جھوٹے‘ ہیں۔ اس چھاپ کو مٹانے کے لیے یہ صحافی اب سرگرم ہوگئے ہیں۔

مصری سرکاری ٹیلی وژن پر نائب صدر عمر سلیمان کا خطابتصویر: AP

اس کی ایک مثال Al-Gomhouria اخبار ہے۔ مبارک کے حامی سمجھے جانے والے اس اخبار سے وابستہ درجنوں صحافی اب اس اخبار کے ایڈیٹر اور مینیجر کی تبدیلی کا مطالبہ کرنے لگے ہیں۔ سہا ال نقش جیسے مصری صحافی جو بظاہر مجبورًا سابق صدر مبارک کی ’شاندار قیادت کے گن گاتے تھے‘ اب اس میڈیا کی آزادی کی تحریک کے رکن بن گئے ہیں۔

نقش کا کہنا ہے کہ اگرچہ مبارک اب اقتدار میں نہیں رہے تاہم ان کے سابق خوشامدی اب بھی سرکای میڈیا میں طاقتور پوزیشن میں ہیں، جن سے چھٹکارا حاصل کرنے کی ضرورت ہے۔ وہ ملکی سطح پر ریڈیو اور ٹیلی وژن کے صحافیوں کی ایک آزاد و متحد یونین کے قیام کو اس مسئلے کا ایک حل سمجھتی ہیں۔

رپورٹ : شادی خان سیف

ادارت : عدنان اسحاق

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں