1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

معروف صحافی نجم سیٹھی پنجاب کے نگران وزیراعلٰی نامزد

26 مارچ 2013

پنجاب کی پارلیمانی کمیٹی نے نگران وزیراعلیٰ کے لئے پیپلز پارٹی کے نامزد کردہ نجم سیٹھی کے نام پر اتفاق کرلیا ہے۔جس کے بعد نجم سیٹھی کو باقاعدہ طور پر وزیراعلٰی نامزد کرنے کے لیے سمری گورنر پنجاب کو ارسال کر دی گئی۔

تصویر: Abdul Sabooh

یاد رہے کہ پاکستان میں جمہوری حکومت کے پانچ سال مکمل ہونے کے بعد وہاں مرکز اور تین صوبوں میں پہلے ہی نگران حکومتوں کا قیام عمل میں آ چکا ہے۔ سب سے بڑی آبادی والے صوبے پنجاب میں قائم مقام وزیراعلٰی کے انتخاب کے لیے مشاورت کئی روز سے جاری تھی، جس کے بعد پارلیمانی کمیٹی نے متفقہ طور پر پنجاب کی اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے نامزد کردہ معروف صحافی نجم سیٹھی کے نام پر اتفاق کر لیا۔

پنجاب میں قائم مقام وزیراعلٰی کی نامزدگی کے لیے قائم کی گئی پارلیمانی کمیٹی میں اپوزیشن کی نمائندگی میجر (ر) ذوالفقار گوندل، شوکت بسرا اور مسلم لیگ (ق) کے چوہدری ظہیر کر رہے تھے جب کہ مسلم لیگ (ن) کی جانب سے رانا ثنااللہ، مجتبٰی شجاع الرحمان اور اقبال چنڑ شریک تھے۔

پنجاب کے نگراں وزیر اعلیٰ کے انتخاب کے لئےپاکستان مسلم لیگ اور پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے جسٹس (ر) زاہد حسین اور معروف صحافی نجم سیٹھی کے نام پیش کیے گئے جب کہ مسلم لیگ (ن) کی جانب سے خواجہ ظہیر احمد اور جسٹس (ر) عامر رضا کے نام تجویز کیے گئے تھے۔

آئین کے مطابق منگل کو پارلیمانی کمیٹی کا نگران وزیراعلٰی کی نامزدگی کا استحقاق ختم ہو رہا تھا لہذا نگراں وزیراعلیٰ کے تقرر کے لیے پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس کئی گھنٹے جاری رہا، جس کے بعد ن لیگ اور اپوزیشن کی چھ رکنی پارلیمانی کمیٹی نے پنجاب کے نگراں وزیر اعلیٰ کے لئے پیپلز پارٹی کے نامزد کردہ نجم سیٹھی کے نام پر اتفاق کرلیا۔ جس کا باقاعدہ اعلان کمیٹی کے اجلاس کے اختتام پر کیا گیا۔

(دائیں سے بائیں) نجم سیٹھی دوسری نشست پر کراچی لیٹریچر فیسٹول میں اظہار خیال کرتے ہوئےتصویر: DW

پنجاب کی وزارت اعلٰی کے لیے نامزد ہونے والے نجم سیٹھی ایک معروف صحافی اور سیاسی تجزیہ کار ہیں۔ وہ 1948ء میں پیدا ہوئے اور لاہور کے گورنمنٹ کالج سے گریجویشن کی اور کیمبرج یونیورسٹی سے معاشیات میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی۔ نجم سیٹھی اس سے پہلے بھی نگران وفاقی وزیر رہ چکے ہیں جب کہ ان کی اہلیہ جگنو محسن بھی معروف سماجی کارکن ہیں۔

رپورٹ: زبیر بشیر

ادارت:عاطف توقیر

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں