1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

معروف فلمی ہدایتکار پولانسکی رہا

13 جولائی 2010

سوئٹزر لینڈ کی وزارت انصاف نے مشہور فلم ڈائریکٹر رومن پولانسکی کی امریکہ حوالگی کی درخواست سے اتفاق نہیں کیا اور اس کے بعد ان کی نظر بندی ختم کر دی گئی ہے۔ امریکہ نے اس فیصلے پر مایوسی کا اظہار کیا ہے۔

رومن پولانسکی: فائل فوٹوتصویر: AP

رومن پولانسکی کی رہائی کا پولینڈ اور فرانس کی حکومتوں سمیت ہالی وڈ کے نامی گرامی فنکاروں کی جانب سے خیر مقدم کیا گیا ہے۔ سوئٹزر لینڈ کی وزارت انصاف کے مطابق پولانسکی کو امریکی حکام کے حوالے کرنے سے متعلق درخواست میں قانونی سقم ہیں اور اسی لئے وہ تکنیکی اعتبار سے ملک بدر کر کے امریکہ نہیں بھجوائے جا سکتے۔

وزارت انصاف کے فیصلے کے بعد عالمی شہرت کے ہدایتکار رومن پولانسکی کی ان کے گھر پر نظر بندی ختم کرتے ہوئے انہیں آزادی کا پروانہ دے دیا گیا۔ سوئس حکام کا کہنا ہے کہ پولانسکی امریکہ سے راہ فرار اختیار کرنے سے قبل اپنے فعل کی سزا بھگت چکے ہیں۔

پولانسکی کی رہائی کا اعلان سوس وزیر Eveline Widmer-Schlumpf نے کیا۔تصویر: AP

سوئس حکام کے اس فیصلے کو امریکی دفتر خارجہ نے مسترد کر دیا ہے اور کہا ہے کہ پولانسکی کو امریکہ میں ریاستی استغاثہ کے حوالے کرنے کے سلسلے میں کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔ سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ نے امریکہ کی قانونی درخواست میں تکنیکی پہلوؤں سے نقائص پائے جانے کے سلسلے میں سوئس اعتراضات سے اتفاق نہیں کیا۔ امریکی شہر لاس اینجلیز کے پروسیکیوٹرز کو پولانسکی سن 1978 میں ایک تیرہ سالہ لڑکی کے ساتھ جنسی رابطوں کے ارتکاب کے سلسلے میں مطلوب ہیں۔ امریکی وزارت انصاف کا بھی کہنا ہے کہ وہ اب دیگر امکانات پر غور کر رہی ہے۔

پولانسکی دس ماہ تک سوئس حکام کی حراست میں رہے۔ ان کی نقل و حرکت کی نگرانی کے لئے ان کے بازو پر بندھے الیکٹرانک ’بریسلیٹ‘ کے سگنل ریلیز کرنے عمل کو بھی حکام نے معطل کر دیا ہے۔ سوئس حکام کا کہنا ہے کہ رہائی پانے والے پولانسکی اب جہاں چاہیں جا سکتے ہیں، ان پر کسی قسم کی کوئی پابندی نہیں ہے۔ امید کی جا رہی ہے کہ وہ فرانس لوٹ جائیں گے۔ پولانسکی کو پیر کو بعد دوپہر رہا کیا گیا تھا، جس کے بعد وہ گسٹاڈ میں واقع اپنے اس گھر سے کسی نامعلوم منرل کی جانب روانہ ہو گئے۔ گسٹاڈ کے اس گھر میں وہ گزشتہ سال دسمبر سے نظر بند تھے۔ پولانسکی کو سوئس حکام نے امریکہ کی درخواست پر گزشتہ سال ستمبر میں حراست میں لیا تھا۔

گسٹاڈ، سوئٹزر لینڈ کا وہ مکان جہاں پولانسکی نے نظربندی کے ایام گزارےتصویر: AP

پولانسکی کئی معرکہ آراء فلموں کے ہدایتکار ہیں۔ ان کی ایک فلم ’دی پیانسٹ‘ کو سن 2002 کی بہترین فلم قرار دیا گیا تھا۔ پولانسکی عصر حاضر کے انتہائی معتبر اور باریک بین فلم ڈائریکٹر خیال کئے جاتے ہیں۔ ان کی مشہور پروڈکشنز میں ’چائنہ ٹاؤن‘، ’بِٹر مون‘ اور ’روز میری بےبی‘ سمیت بہت سی انتہائی کامیاب فلمیں شامل ہیں۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں