1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

معروف کرکٹ کامنٹیٹر ٹونی گریگ انتقال کر گئے

29 دسمبر 2012

انگلش کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور معروف کامنٹیٹر ٹونی گریگ دل کا دورہ پڑنے کی وجہ سے انتقال کر گئے ہیں۔ ان کی عمر66 برس تھی۔

تصویر: AP

جنوبی افریقہ میں پیدا ہونے والے ٹونی گریگ حال ہی میں پھیپھڑوں کے کینسر میں مبتلا پائے گئے تھے۔ سڈنی کے سینٹ ونسنٹس ہسپتال کے ترجمان ڈیوڈ فیکٹر نے اے ایف پی کو بتایا ہے کہ ٹونی گریگ بروز ہفتہ مقامی وقت کے مطابق ایک بج کر پینتالیس منٹ پر دل کا دورہ پڑنے کی وجہ سے انتقال کر گئے۔ دبئی میں اگست میں ہونے والی پاکستان اور آسٹریلیا کی سیریز کے دوران ٹونی گریگ کو اپنی بیماری کے بارے میں علم ہوا تھا۔

ٹونی گریگ نے 1972ء تا 1977ء کے دوران اٹھاون ٹیسٹ میچوں میں انگلینڈ کی نمائندگی کی تھی، جن میں سے چودہ میچوں میں انہوں نے کپتنانی کے فرائض بھی سر انجام دیے۔ انہوں نے بائیس ایک روزہ میچوں میں بھی شرکت کی۔

ٹونی گریگتصویر: Getty Images

ٹیسٹ کرکٹ میں انہوں نے قریب چالیس کی اوسط سے مجموعی طور پر تین ہزار 599 رنز بنائے جبکہ بولنگ میں قریب بتیس کی اوسط سے 141 وکٹیں بھی حاصل کیں۔ بعد ازاں انہوں نے کرکٹ کو خیر باد کہہ کر آسٹریلوی اسپورٹس میڈیا کمپنی کیری پیکر سے الگ ہونے والے ایک گروپ ’ورلڈ سیریز کرکٹ ‘کے لیے کام کرنا شروع کر دیا تھا۔

ٹونی گریگ کی وجہ شہرت ان کا کرکٹ کامنیٹری میں منفرد انداز تھا۔ انہوں نے بطور کرکٹ مبصر مشہور ہونے کے بعد ایک طویل عرصے تک ’نائن نیٹ ورک‘ کے لیے کام کیا۔ انہوں نے تین دہائیوں سے زائد عرصے تک کرکٹ کامینٹری کی۔ ناقدین کے بقول کرکٹ میں رنگینی پیدا کرنے والوں میں ٹونی گریگ کا نام ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

ٹونی کریگ کی موت پر دنیائے کرکٹ کی متعدد نامور شخصیات نے فوری طور پر اپنا ردعمل ظاہر کرتے ہوئے دکھ کا اظہار کیا ہے۔ انگلش کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹسمین میٹ پرائر نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا، ’’مجھے یقین نہیں آ رہا کہ میرا ایک ہیرو اب اس دنیا میں نہیں رہا۔‘‘ اسی طرح پاکستانی قومی کرکٹ ٹیم کے کوچ ڈیوڈ واٹمور نے بھی اپنے ایک ٹویٹ میں ٹونی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا، ’’ عظیم انسان، عظیم کیریئر، ہم انہیں یاد کریں گے۔‘‘

(ab/at (AFP, Reuters

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں