1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

معیشت کے لئے بروڈبینڈ انٹرنیٹ کی افادیت

3 اکتوبر 2010

یورپین کمیشن نے خبردار کیا ہے کہ اگر یورپی ممالک نے تیز رفتار انٹرنیٹ کی فراہمی یقینی نہیں بنائی تو اگلے دو برس کے دوران یورپ بھر میں دس لاکھ تک ملازمتیں خطرے سے دوچار ہوجائیں گی۔

تصویر: AP

یورپین یونین کی کمشنر برائے ڈیجیٹل ایجنڈا نیلی کرُوس کی جانب سے پیر 20 ستمبر کو جاری کئے جانے والے بیان میں انتہائی تیز رفتار انٹرنیٹ کوریج کو یورپ کی معاشی ترقی اور سماجی پیوستگی کے لئے نہایت اہم قرار دیا گیا ہے۔

کرُوس کے مطابق یورپی ممالک کو ہاتھ پر ہاتھ دھرے نہیں بیٹھنا چاہیے کہ ان کی کاروباری مسابقت میں بعض ایسے ایشیائی ممالک آگے نکل جائیں جہاں یورپ کے مقابلےمیں سو گنا تیز انٹرنیٹ کی سہولت دستیاب ہے۔

یورپی یونین کے اعداد وشمار کے مطابق براڈ بینڈ انٹرنیٹ یورپ کے ایک چوتھائی حصے میں دستیاب ہے۔ تاہم اگر یہ مان لیا جائے کہ یہ تعداد دنیا بھر میں سب سے زیادہ ہے تو پھر بھی صرف ایک فیصد یورپی باشندوں کو انتہائی تیز رفتار انٹرنیٹ تک رسائی حاصل ہے جو کہ کم از کم 100 میگا بٹس فی سیکنڈ کی رفتار سے کام کرتا ہو۔

یورپین کمیشن کی جانب سے اس صورتحال سے نمٹنے کے لئے جو منصوبہ ترتیب دیا ہے کہ اس کے مطابق سال 2013ء تک براڈ بینڈ انٹرنیٹ تک رسائی یورپ بھرمیں ہرجگہ دستیاب ہونی چاہیے، تاکہ یورپی معیشت کاروباری مسابقت کا مقابلہ کرسکے۔ جبکہ سال 2020ء تک تمام یورپی باشندوں کو الٹرا ہائی سپیڈ انٹرنیٹ کی فراہمی یقینی بنانے کی تجویز بھی دی گئی ہے۔

حالیہ برسوں میں یورپی یونین معاشی ترقی کے لحاظ سے اپنے مقابل ملکوں سے کافی پیچھے چلی گئی ہے، جن میں امریکہ اور جاپان کے علاوہ تیزی سے ترقی کرتی ہوئی معاشی طاقت چین بھی شامل ہے۔ یورپی حکام آن لائن سروسز کو اس مسابقتی دنیا میں ایک اہم جزو خیال کرتے ہیں جن کے ذریعے وہ اپنا کھویا ہوا معاشی مقام دوبارہ حاصل کرسکتے ہیں۔

نیلی کرُوس کے مطابق تیزرفتار براڈ بینڈ انٹرنیٹ یورپ کی ترقی اور بہبود کے لئے آکسیجن کی حیثیت رکھتا ہے۔ مزید یہ کہ تجویز کردہ اقدامات سے یورپی باشندوں کو اول درجے کے انٹرنیٹ تک رسائی حاصل ہوجائے گی جس کی کہ نہ صرف وہ توقع کرتے ہیں بلکہ جو ان کی ضرورت بھی ہے۔

یورپین یونین کی کمشنر برائے ڈیجیٹل ایجنڈا کے دفتر سے جاری کی جانے والی ہدایات میں رکن ممالک سے کہا گیا ہے کہ وہ اگلے تین برس کے دوران مطلوبہ ریڈیو ویولینتھ کی دستیابی یقینی بنائیں تاکہ انتہائی جدید اور تیز رفتار وائرلیس انٹرنیٹ سہولیات مہیا کرنے والی کمپنیوں کو مطلوبہ ویولینتھ دستیاب ہوسکے۔

کمشنر برائے ڈیجیٹل ایجنڈا نیلی کرُوس نے یورپی حکومتوں کو یہ بھی ہدایت دی ہے کہ وہ ملکی پالیسیوں میں ایسی تبدیلیاں لائیں جس سے براڈ بینڈ انٹرنیٹ کے پھیلاؤ کے لئے سرمایہ کاری کو فروغ حاصل ہو، جن میں اس مقصد کے لئے اضافی فنڈنگ جیسے اقدامات بھی شامل ہیں۔

رپورٹ : افسر اعوان

ادارت : عدنان اسحاق

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں