1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مغربی کنارے میں خیموں سے فلسطینی مظاہرین کی بے دخلی

13 جنوری 2013

اسرائیلی سکیورٹی فورسز نے مقبوضہ مغربی کنارے میں نئی تعمیرات کے لیے مختص ایک علاقے سے تقریباﹰ ایک سو فلسطینی مظاہرین کو نکال دیا ہے۔ انہوں نے وہاں خیمے لگا رکھے تھے۔

تصویر: picture-alliance/landov

اسرائیل کی سپریم کورٹ نے جمعے کو فیصلہ سنایا تھا کہ خیمے چھ دِن تک قائم رکھے جا سکتے ہیں، جو ای وَن کہلانے والے جغرافیائی لحاظ سے نازک علاقے میں قائم کیے گئے ہیں۔

اسی دوران اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو نے خیموں میں موجود لوگوں کو ہٹانے کے احکامات جاری کر دیے تھے۔ پولیس کے ایک ترجمان کا کہنا ہے کہ عدالت نے مظاہرین کو ہٹانے کی اجازت دی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ فی الحال خیمے نہیں ہٹائے گئے۔

نیتن یاہو نے گزشتہ برس نومبر میں ای وَن میں نئی تعمیرات کا سلسلہ شروع کرنے کا اعلان کیا تھا، جس پر شدید ردِ عمل سامنے آیا تھا۔ یورپی سفارت کاروں نے خبردار کیا تھا کہ یہ اقدامات متصل فلسطینی ریاست کے قیام کی امیدوں کا گلہ گھونٹ سکتے ہیں۔

اسرائیلی وزارتِ عظمیٰ نے ہفتے کو ایک بیان میں کہا تھا کہ حکومت خیموں سے متعلق فیصلے میں تبدیلی کے لیے عدالت میں درخواست دے رہی ہے۔ اس بیان میں بتایا گیا تھا کہ سکیورٹی فورسز کو اس علاقے تک جانے والے راستے بند کرنے کی ہدایات بھی دے دی گئی ہیں۔

اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہوتصویر: GALI TIBBON/AFP/Getty Images

اس بیان کے کچھ گھنٹوں بعد اسرائیلی پولیس اور بارڈر گارڈ خیموں کے علاقے میں داخل ہوئے۔ انہوں نے وہاں موجود تقریباﹰ ایک سو افراد کو نکل جانے کے لیے کہا۔

وہ‍اں جمعے کو 20 خیمے نصب کیے گئے تھے جن کا مقصد مستقبل کی فلسطینی ریاست کے لیے زمین محفوظ کرنا تھا۔

علاقہ چھوڑنے سے انکار کرنے والے مظاہرین کو پولیس نے وہاں سے نکالا، تاہم تشدد کا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا۔

پولیس ترجمان مِکی روزین فیلڈ نے کہا: ’’سب لوگوں کو بہت احتیاط اور آرام سے نکالا گیا جبکہ پولیس اہلکاروں اور مظاہرین کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔‘‘

خیموں کے اس کمپاؤنڈ کو ’باب الشمس‘ کا نام دیا گیا تھا جولبنان کے مصنف الیاس خوری کے ایک ناول سے لیا گیا، جس میں ایک رومانوی داستان کے ذریعے فلسطینیوں کی تاریخ بیان کی گئی ہے۔ قبل ازیں خوری نے وہاں جمع مظاہرین سے یکجہتی کے اظہار کے لیے ان سے بات کی تھی۔

اسرائیل نے سابق امریکی صدر جارج ڈبلیو بش کے دباؤ کی وجہ سے گزشتہ کئی برسوں سے ای وَن کے علاقے میں تعمیرات روک رکھی تھیں۔ اس وقت وہاں صرف ایک پولیس ہیڈ کوارٹرز قائم ہے۔

ng/aba (Reuters)

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں