1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
تنازعاتیوکرین

مغرب یوکرین کو مزید ہتھیار فراہم کرنے سے خبردار رہے، پوٹن

29 مئی 2022

روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے جرمن چانسلر اور فرانسیسسی صدر سے ٹیلی فون پربات چیت کرتے ہوئے یوکرین کو مغربی ممالک کی طرف سے مزید ہتھیار فراہم کرنے سے خبردار کیا ہے۔ دوسری جانب روس نے ایک اہم یوکرینی قصبے پر قبضہ کر لیا ہے۔

Kombobild Vladimir Putin - Olaf Scholz - Emmanuel Macron

روسی صدارتی دفتر سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق صدر پوٹن نے جرمن چانسلر اولاف شُولس اور فرانسیسی صدر ایمانویل ماکروں سے یوکرین کی تازہ صورتحال کے بارے میں گفتگو کی ہے۔ روسی صدر نے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر مغرب کی طرف سے یوکرین کو مزید ہتھیار فراہم کیے گئے تو نہ صرف صورتحال غیرمستحکم ہو سکتی ہے بلکہ انسانی بحران جیسا المیہ بھی جنم لے سکتا ہے۔

دوسری جانب جرمن چانسلر اور فرانسیسی صدر نے 80 منٹ دورانیے کی اس بات چیت میں روس سے دوبارہ جنگ کے خاتمے کا مطالبہ کیا ہے۔ جرمن حکومت کے ترجمان اسٹیفن ہیبسٹرائٹ نے کہا ہے کہ چانسلر اور فرانسیسی صدر نے ''فوری طور پر جنگ بندی اور روسی فوجیوں کی پسپائی‘‘ پر زور دیا ہے۔

برلن سے ملنے والی معلومات کے مطابق یہ ٹیلی فون کال جرمنی اور فرانس کی کوششوں سے ممکن ہوئی ہے۔

یوکرینی جنگی قیدیوں کی قسمت کا فیصلہ

پیرس سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق دونوں مغربی سیاست دانوں نے تقریباً 2500 یوکرینی جنگجوؤں کی رہائی پر بھی اصرار کیا، جنہوں نے بندرگاہی شہر ماریوپول کا دفاع کیا تھا۔ روسی فوج نے اس یوکرینی شہر کا مہینوں تک محاصرہ جاری رکھا اور ابھی ایک ہفتہ قبل ہی مکمل فتح کا اعلان کیا تھا۔

کریملن کے مطابق صدر پوٹن نے جمود کا شکار امن مذاکرات کو دوبارہ شروع کرنے کے لیے رضامندی ظاہر کی ہے۔ اس فون کال میں دنیا میں فوڈ سیفٹی کے بارے میں بھی تفصیل سے بات کی گئی۔ مغرب روس سے مطالبہ کر رہا ہے کہ وہ یوکرین کی بحیرہ اسود کی بندرگاہوں کی ناکہ بندی ختم کرے تاکہ یہ ملک دوبارہ گندم کی برآمد شروع کر سکے۔

دوسری جانب صدر پوٹن نے یوکرینی اناج کی برآمد پر رعایت دینے کا وعدہ کیا ہے لیکن ساتھ ہی اپنے ملک کے خلاف مغربی پابندیوں میں نرمی کے اپنے مطالبے کی تجدید بھی کی ہے۔

روس کا مشرقی یوکرین میں اہم اسٹریٹیجک قصبے پر قبضہ

دوسری جانب مشرقی یوکرین میں روسی فورسز کی پیش قدمی جاری ہے۔ روس کے مطابق اس نے مشرقی یوکرین کے ایک اہم قصبے پر قبضہ کر لیا ہے۔ لیمن نامی قصبے پر قبضے سے روسی فوجیوں کو ڈونباس خطے کے مشرق اور جنوب مغرب میں روڈ اور ریلوے نیٹ ورک کو کنٹرول کرنے میں مدد ملے گی۔ کییف نے بھی اس خطے میں روسی پیش قدمی کا اعتراف کیا ہے۔ برطانوی انٹیلجنس کے مطابق روس کے حالیہ حملے کسی نئے محاذ کی تیاری کا پیش خیمہ ہو سکتے ہیں۔ برطانوی انٹیلجنس کے مطابق روس کا مقصد لوہانسک اور ڈونیسک خطے پر مکمل قبضہ کر کے وہاں روس میں شمولیت کے حوالے سے ریفرنڈم کروانا ہو سکتا ہے۔

ا ا / ب ج ( اے ایف پی، روئٹرز)

 

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں