1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مفادات کے تحفظ کے چینی اور مصری مقاصد مشترک ہیں، شی جن پنگ

5 فروری 2022

چینی صدر شی جن پنگ نے اپنے مصری ہم منصب عبدالفتاح السیسی کے ساتھ ملاقات میں کہا ہے کہ چین اور مصر مفادات کے تحفظ کے لیے ایک سی حکمت عملی اور مقاصد کے حامی ہیں۔

Eröffnungsfeier | Olympische Winterspiele 2022 | Peking, China
تصویر: Carl Court/Getty Images

چینی سرکاری نشریاتی ادارے سی جی ٹی این کے مطابق صدر شی جن پنگ نے کہا کہ  چین و عرب، چین و افریقہ اور چین و ترقی پذید ممالک کے درمیان وسیع تر اشتراک عمل یک جہتی کی علامت ہے۔

ایران، چین اور روس کی بحری مشقیں

امریکی روانگی کے بعد چین افغانستان سے قربت کا خواہش مند

خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق مصر میں السیسی دور حکومت میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر مغربی ممالک کی تنقید کے تناظر میں قاہرہ حکومت نے مغربی دنیا سے قدرے دوری اختیار کی ہے اور چین کے ساتھ قربت اسی کا نتیجہ ہے۔

چینی صدر شی جن پنگ نے السیسی سے ملاقات میں کہا، "چین اور مصر اپنے مفادات کے تحفظ، ترقی کے مشترکہ راستے، شہریوں کے معیار زندگی میں بہتری اور دنیا میں انصاف کی ترویج کی حکمت عملی اور مقصد شیئر کرتے ہیں۔"

ان کا مزید کہنا تھا کہ دونوں ممالک اہم امور اور مفادات کے تناظر میں ایک دوسرے کی حمایت اور تعاون کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔

یہ بات اہم ہے کہ مصر میں منتخب صدر محمد مرسی کو برطرف کر کے اقتدار پر قبضہ کرنے والے جنرل السیسی نے مخالفین کے خلاف وسیع تر کریک ڈاؤن کیا ہے، جس کا سلسلہ جاری ہے۔ اسی تناظر میں مصر کو بین الاقوامی خصوصاً مغربی تنقید کا سامنا رہا ہے۔

2017 میں قاہرہ کی الازہر یونیورسٹی سے درجنوں ایغور طلبہ کو گرفتار کر کے چین بھیج دیا گیا تھا، چین میں ایغور مسلمانوں کے خلاف شدید تر کریک ڈاؤن جاری ہے۔

دوسری جانب کورونا وائرس کے خلاف چینی ویکسین سینو فارم کی متعدد مفت شپمنٹس مصر کے لیے روانہ کی جاتی رہی ہیں۔ چین نے ہی مصر میں  براعظم افریقہ کے پہلے ویکسین پروڈکشن یونٹ کے قیام میں بھی مدد فراہم کی تھی۔

چینی عورتیں بچے کیوں پیدا نہیں کرنا چاہتیں؟

01:33

This browser does not support the video element.

السیسی دنیا کے ان 30 عالمی رہنماؤں یا اہم عالمی تنظیموں کے سربراہوں میں سے ایک ہیں، جو جمعے کی شب بیجنگ میں سرمائی اولمپکس کی افتتاحی تقریب میں شرکت کے لیے پہنچے ہیں۔ صدر شی جن پنگ نے سن 2019 کے بعد سے اب تک کوئی غیرملکی دورہ نہیں کیا ہے اور وہ اولمپکس مقابلوں کی افتتاحی تقریبر میں شرکت کے لیے چین پہنچنے والے عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں کر رہے ہیں۔

ہفتے کی دوپہر تک شی جن پنگ قازقستان، ترکمانستان، سربیا کے رہنماؤں سے بھی مل چکے ہیں۔ جمعے کو چینی صدر نے اپنے روسی ہم منصب ولادیمیر پوٹن سے بھی ملاقات کی تھی۔

ع ت، ع ب (اے پی)

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں