1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
اقتصادیاتتھائی لینڈ

مقصد بہتر ملکی معیشت: 50 ملین شہریوں کے لیے 12.5 بلین ڈالر

24 جولائی 2024

تھائی لینڈ کی حکومت نے ملکی معیشت میں بہتری اور کاروباری گرم بازاری کی خاطر 50 ملین سے زائد اہل شہریوں میں 450 بلین بھات بطور تحفہ تقسیم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ رقم 12.5 بلین امریکی ڈالر کے برابر بنتی ہے۔

تھائی لینڈ کے شہر ساموت ساخون  کا ایک کاروباری علاقہ
تھائی لینڈ کے شہر ساموت ساخون کا ایک کاروباری علاقہتصویر: Julian Küng

بنکاک سے بدھ 24 جولائی کو موصولہ رپورٹوں کے مطابق تھائی حکومت نے اس گفٹ کیش اسکیم کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس قدام کے ذریعے قدرے کم رفتار ہو چکی تھائی معیشت میں زیادہ تیزی اور کاروباری گرم بازاری کو ممکن بنانا ہے۔

تھائی لینڈ: ہم جنس شادی کو قانونی حیثیت دینے والا جنوب مشرقی ایشیا کا پہلا ملک

ملک کے نائب وزیر خزانہ جُولاپن آمورن ویوات نے بنکاک میں یہ اعلان کرتے ہوئے صحافیوں کو بتایا کہ اگلے ماہ کی یکم  تاریخ سے تھائی لینڈ کے 50 ملین سے زائد حق دار شہری فی کس 277 امریکی ڈالر کے برابر رقم کے حصول کے لیے اپنی رجسٹریشن کرانا شروع کر سکیں گے۔

ادائیگیاں ڈیجیٹل پےمنٹس کی صورت میں

انہوں نے کہا کہ اس کیش ہینڈ آؤٹ اسکیم کے تحت سرکاری خزانے سے رقم وصول کرنے والے شہریوں کو یہ ادائیگیاں ڈیجیٹل پے منٹ سسٹم کے تحت کی جائیں گی۔ اس کے علاوہ کسی بھی وصول کنندہ شہری کو یہ اجازت نہیں ہو گی کہ وہ یہ رقوم یا ان کا کوئی حصہ گانجے، زیورات یا لاٹری ٹکٹوں کے خریداری پر خرچ کرے۔

بنکاک ایئر پورٹ پر مسافروں کا ہجوم: ہر سال کئی ملین غیر ملکی تھائی لینڈ کی سیاحت کرتے ہیںتصویر: Mailee Osten-Tan/Getty Images

نائب وزیر خزانہ کے مطابق شہریوں کو ڈیجیٹل ٹرانسفر کے ذریعے منتقل کی گئی ایسی رقوم صرف مخصوص اور رجسٹرڈ دکانوں یا کاروباری مراکز میں ہی خرچ کی جا سکیں گی اور ان میں ایسی دکانیں شامل نہیں ہوں گی، جو گانجا، زیورات یا لاٹری ٹکٹیں بیچتی ہوں۔

چینی مافیا دھوکا دہی کے مراکز کیسے چلاتا ہے؟

بنکاک حکومت کا ارادہ ہے کہ ملکی شہریوں کو مجموعی طور پر 450 بلین تھائی بھات یا 12.5 بلین امریکی ڈالر کے برابر یہ رقوم سال رواں کی چوتھی سہ ماہی کے آغاز پر (یکم اکتوبر سے) تقسیم کرنا شروع کر دی جائیں گی۔

نائب وزیر خزانہ نے بتایا کہ اس منفرد حکومتی اقدام کے ذریعے ملکی وزیر خزانہ پیچائی چُنہاواجیرا تھائی معیشت میں ایسے اضافی مالی وسائل شامل کرنا چاہتے ہیں، جن سے کاروبار کو تقویت ملے اور اقتصادی گرم بازاری بھی دیکھنے میں آئے۔

حکومت کی کیش ہینڈ آؤٹ اسکیم کے تحت ملنے والی رقم سے کوئی بھی شہری گانجا (تصویر)، زیورات یا لاٹری کی ٹکٹ نہیں خرید سکے گاتصویر: Lillian Suwanrumpha/AFP

مجموعی قومی پیداوار کے بیس فیصد سیاحت کی صنعت سے

تھائی لینڈ جنوب مشرقی ایشیا کا ایک ایسا ملک ہے، جہاں ہر سال کئی ملین کی تعداد میں غیر ملکی سیاحت کے لیے جاتے ہیں۔ تھائی معیشت کے لیے سیاحتی صنعت اتنی اہم ہے کہ اس ملک کی مجموعی قومی پیداوار کا تقریباﹰ پانچواں حصہ صرف اسی ایک شعبے کی وجہ سے ممکن ہوتا ہے۔

گزشتہ برسوں میں تاہم تھائی لینڈ کو سیاحت سے ہونے والی آمدنی میں کورونا وائرس کی عالمی وبا اور غیر ملکی سیاحوں کی بدلتی ہوئی سفری اور سیاحتی ترجیحات کے باعث کافی کمی ہو چکی ہے۔

دس ملین سیاحوں کی آمد پر تھائی لینڈ میں جشن

کورونا وائرس کی عالمی وبا سے قبل تھائی لینڈ کی سیاحت کو جانے والے غیر ملکیوں میں سب سے زیادہ تعداد چین کے باشندوں کی ہوتی تھی، جو 2019ء میں تقریباﹰ 11 ملین رہی تھی۔ عالمی وبا کے بعد سے تاہم چینی سیاح ابھی تک پہلے جتنی تعداد میں تھائی لینڈ نہیں جاتے۔

عالمی بینک کے اقتصادی تخمینوں کے مطابق تھائی معیشت میں اس سال 2.4 فیصد کی شرح سے ترقی دیکھنے میں آئے گی، جو 2023ء میں 1.9 فیصد کی اقتصادی شرح نمو کے مقابلے میں واضح طور پر زیادہ ہو گی۔

م م / ع ت  (اے ایف پی)

تھائی لینڈ میں ہندو مت کے دیوتا گنیش کے پیروکار

02:42

This browser does not support the video element.

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں