ملائیشیائی وزیراعظم کے سوتیلے بیٹے پر بھی کرپشن الزام عائد
5 جولائی 2019
ملائیشیا کے سابق وزیراعظم کے سوتیلے بیٹے نے ملکی بینک سے لاکھوں ڈالر کی مبینہ منتقلی کا الزام مسترد کر دیا ہے۔ نجیب رزاق کے سوتیلے بیٹے کو جمعہ پانچ جولائی کو عدالت میں پیش کیا گیا تھا۔
اشتہار
سابق وزیراعظم نجیب رزاق کے سوتیلے بیٹے رضا عزیز پر الزام ہے انہوں نے ملکی سرمایہ کاری بینک 1MDB سے ڈھائی سو ملین امریکی ڈالر کے قریب رقم وصول کر کے اِسے اپنی فلم پروڈکشن کمپنی کے اکاؤنٹ میں منتقل کیا تھا۔ عدالتی کٹہرے میں موجود رضا عزیز نے اس مالی خرد برد کے الزام کو قبول کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ رضا عزیز، رزاق فیملی کے تیسرے فرد ہیں جنہیں کرپشن الزام کا سامنا ہے۔
عدالت میں بتایا گیا کہ رضا عزیز نے یہ خطیر رقم 1MDB بینک سے حاصل کر کے ریڈ گرینائٹ پکچرز کے اکاؤنٹ میں منتقل کیے تھے۔ اسی فلم پروڈکشن کمپنی کے اکاؤنٹ میں یہ رقم سن 2011 اور سن 2012 میں منتقل کی گئی تھی۔ عدالت میں رضا عزیز نے انتہائی خاموشی کے ساتھ الزامات کو سنا اور انہیں تسلیم کرنے سے انکار کر دیا۔
رضا عزیز کی ریڈ گرینائٹ فلم پروڈکشن کمپنی نے' دی وولف آف وال اسٹریٹ‘ نامی فلم بنائی تھی۔ یہ فلم پانچ آسکر ایوارڈز کی نامزدگیاں حاصل کرنے میں کامیابی حاصل کی تھی۔
اس میں سال کی بہترین فلم کی نامزدگی بھی شامل تھی۔ اس کے ہدایت کار مارٹن سکورسیسی تھے اور مرکزی کردا لیونارڈو ڈی کیپریو نے ادا کیا تھا۔
عدالت کو بتایا گیا کہ 1MDB سے تقریباً ڈھائی سو ملین ڈالر سوئٹزرلینڈ کے ایک بینک میں فلم پروڈکشن کمپنی کے دو مختلف اکاؤنٹس میں منتقل کیے تھے۔ امریکی تفتیش کاروں نے بھی تصدیق کی ہے کہ دونوں اکاؤنٹ ریڈ گرینائٹ پکچرز لمیٹڈ کے تھے۔ سوئٹزرلینڈ کے جس بینک میں رقم منتقل کی گئی تھی، اُس کی سنگاپور اور امریکا کی شاخوں میں یہ منتقلی ہوئی تھی۔
بیالیس سالہ رضا عزیز کو کرپشن کے پانچ الزامات کا سامنا ہے۔ الزامات ثابت ہونے کی صورت میں انہیں کم از کم پانچ برس تک سزا یا بھاری جرمانے کی سزا سنائی جا سکتی ہے۔ اس وقت وہ ضمانت پر رہا ہیں۔
ع ح، ع ا، نیوز ایجنسیاں
دنیا کے کرپٹ ترین ممالک
ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کے ’کرپشن پرسپشن انڈیکس 2017‘ میں دنیا کے ایک سو اسی ممالک کی کرپشن کے حوالے سے درجہ بندی کی گئی ہے۔ کرپٹ ترین ممالک پر ایک نظر
تصویر: picture-alliance/U.Baumgarten
1۔ صومالیہ
افریقی ملک صومالیہ 9 پوائنٹس حاصل کر کے 180ویں نمبر پر ہے۔ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کے مطابق سن 2016 میں صومالیہ کے دس پوائنٹس تھے جب کہ اس سے گزشتہ تین برسوں کے دوران بھی یہ ملک آٹھ کے اسکور کے ساتھ کرپٹ ترین ملک رہا تھا۔
2۔ جنوبی سوڈان
افریقی ملک جنوبی سوڈان بارہ کے اسکور کے ساتھ 179ویں نمبر پر رہا۔ سن 2014 اور 2015 میں جنوبی سوڈان کو پندرہ پوائنٹس دیے گئے تھے تاہم گزشتہ دو برسوں کے دوران اس افریقی ملک میں بدعنوانی میں اضافہ ہوا ہے۔
تصویر: Reuters/T. Negeri
3۔ شام
سب سے بدعنوان سمجھے جانے ممالک میں تیسرے نمبر پر شام ہے جسے 14 پوائنٹس ملے۔ سن 2012 میں خانہ جنگی شروع ہونے کے ایک سال بعد شام کا اسکور 26 تھا۔
تصویر: Getty Images/AFP/B. Kilic
4۔ افغانستان
کئی برسوں سے جنگ زدہ ملک افغانستان ’کرپشن پرسپشین انڈیکس 2017‘ میں 15 کے اسکور کے ساتھ چوتھا کرپٹ ترین ملک قرار پایا۔ پانچ برس قبل افغانستان آٹھ پوائنٹس کے ساتھ کرپٹ ترین ممالک میں سرفہرست تھا۔
تصویر: DW/H. Sirat
5۔ یمن
خانہ جنگی کے شکار مشرق وسطیٰ کا ایک اور ملک یمن بھی 16 کے اسکور کے ساتھ ٹاپ ٹین کرپٹ ترین ممالک کی فہرست میں شامل رہا۔ سن 2012 میں یمن 23 پوائنٹس کے ساتھ نسبتا کم کرپٹ ملک تھا۔
تصویر: picture-alliance/dpa/Y. Arhab
6۔ سوڈان
افریقی ملک سوڈان بھی جنوبی سوڈان کی طرح پہلے دس بدعنوان ترین ممالک کی فہرست میں شامل ہے۔ سوڈان 16 کے اسکور حاصل کر کے یمن کے ساتھ عالمی درجہ بندی میں 175ویں نمبر پر ہے۔
تصویر: Getty Images/AFP/B. Chol
7۔ لیبیا
شمالی افریقی ملک لیبیا 17 پوائنٹس کے ساتھ کُل ایک سو اسی ممالک کی اس فہرست میں 171ویں نمبر پر رہا۔ سن 2012 میں لیبیا کا اسکور اکیس تھا۔
تصویر: picture alliance/AP Photo/H. Malla
8۔ شمالی کوریا
شمالی کوریا کو پہلی مرتبہ اس انڈیکس میں شامل کیا گیا اور یہ ملک بھی سترہ پوائنٹس حاصل کر کے لیبیا کے ساتھ 171ویں نمبر پر رہا۔
تصویر: picture-alliance/AP Photo/W. Maye-E
9۔ گنی بساؤ اور استوائی گنی
وسطی افریقی ممالک گنی بساؤ اور استوائی گنی کو بھی سترہ پوائنٹس دیے گئے اور یہ لیبیا اور شمالی کوریا کے ساتھ مشترکہ طور پر 171ویں نمبر پر رہے۔
تصویر: Getty Images/AFP/S. Kambou
10۔ وینیزویلا
جنوبی امریکی ملک وینیزویلا 18 کے مجموعی اسکور کے ساتھ ایک سو اسی ممالک کی اس فہرست میں 169ویں نمبر پر ہے۔
تصویر: Getty Images/AFP/J. Barreto
بنگلہ دیش، کینیا اور لبنان
جنوبی ایشائی ملک بنگلہ دیش سمیت یہ تمام ممالک اٹھائیس پوائنٹس کے ساتھ کرپشن کے حوالے سے تیار کردہ اس عالمی انڈیکس میں 143ویں نمبر پر ہیں۔
تصویر: picture-alliance/AP Photo/A.M. Ahad
ایران، یوکرائن اور میانمار
پاکستان کا پڑوسی ملک ایران تیس پوائنٹس حاصل کر کے چار دیگر ممالک کے ساتھ مشترکہ طور پر 130ویں نمبر پر رہے۔
تصویر: picture-alliance/AA/S. Coskun
پاکستان، مصر، ایکواڈور
پاکستان کو 32 پوائنٹس دیے گئے اور یہ جنوبی ایشیائی ملک مصر اور ایکواڈور کے ساتھ کل 180 ممالک میں میں مشترکہ طور پر 117ویں نمبر پر ہے۔ سن 2012 میں پاکستان کو 27 پوائنٹس دیے گئے تھے۔
تصویر: Creative Commons
بھارت اور ترکی
بھارت، ترکی، گھانا اور مراکش چالیس کے مجموعی اسکور کے ساتھ مشترکہ طور پر 81ویں نمبر پر ہیں۔