ملائیشیا، نجیب رزاق کے بیرون ملک سفر پر پابندی عائد
12 مئی 2018خبر رساں ادارے روئٹرز نے ملائیشیا کے حکام کے حوالے سے بتایا ہے کہ سابق وزیر اعظم نجیب رزاق اور ان کی اہلیہ کے بیرون ملک سفر کرنے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ حکومت کی طرف سے جاری کردہ ایک مختصر بیان میں کہا گیا ہے کہ بدعنوانی کے الزامات سے بچنے کی خاطر ان کے ملک سے فرار ہونے کے شک کی بنیاد پر یہ پابندی عائد کی گئی ہے۔
مہاتیر محمد اپنی حکومت محض 10 وزراء کے ساتھ چلائیں گے
92 سالہ مہاتیر محمد، دنیا کے معمر ترین منتخب رہنما
ملائیشیا میں الیکشن، رزاق کا مقابلہ مہاتیر سے
میڈیا رپورٹوں کے مطابق ہفتے کے دن نجیب رزاق نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا ہے کہ وہ اس حکومتی فیصلے کا احترام کرتے ہیں اور متعلقہ حکام سے مکمل تعاون کو تیار ہیں۔ گزشتہ ہفتے ہی منعقد ہونے والے الیکشن میں رزاق کا حکمران سیاسی اتحاد باریشان ناسیونال (بی این) سابق وزیراعظم مہاتیر محمد کے اپوزیشن سیاسی اتحاد سے شکست کھا گیا تھا۔
مہاتیر محمد کی قیادت میں اپوزیشن سیاسی اتحاد نے ملائیشیا میں ساٹھ برس بعد پہلی مرتبہ کامیابی حاصل کی۔ بانوے سالہ مہاتیر نے وزارت عظمیٰ کا حلف اٹھانے کے بعد عوام سے وعدہ کیا تھا کہ وہ ملک میں بدعنوانی کا خاتمہ ممکن بنائیں گے۔ نجیب رزاق پر بدعنوانی کے الزامات عائد کیے جاتے ہیں اور ناقدین کے مطابق حالیہ الیکشن میں ان کی ناکامی کی ایک بڑی وجہ لاکھوں ڈالر مالیت کا وہ اسکینڈل بھی بنا، جو سن دو ہزار پندرہ سے نجیب کے لیے سیاسی مشکلات کا باعث بنا ہوا تھا۔
دوسری طرف ایک اور اہم پیشرفت یہ ہے کہ نجیب رزاق نے اپنی سیاسی پارٹی ’یو ایم این او‘ کی سربراہی کو خیر باد کہہ دیا ہے۔ میڈیا رپورٹوں کے مطابق نجیب نے باریشان ناسیونال (بی این) کی چیئرمین شپ سے بھی استعفیٰ دے دیا ہے۔
بدھ کو ہوئے الیکشن میں بری کارکردگی پر تبصرہ کرتے ہوئے نجیب نے کہا، ’’جو کچھ ہوا، ہمیں اس پر افسوس ہے۔ جمہوری اصولوں کی اقدار کا احترام کرتے ہوئے ہم عوام کے فیصلے کو قبول کرتے ہیں۔‘‘ نجیب رزاق نے کہا ہے کہ پارٹی نائب اور سابق نائب وزیر اعظم زاہد حمیدی ان کی جگہ پارٹی قیادت سنبھالیں گے۔
ع ب/ ع ت / خبر رساں ادارے