پاکستان کی نوبل انعام یافتہ شہری ملالہ یوسف زئی نے افریقی ملک نائجیریا میں چیبوک لڑکیوں سے ملاقات کی اور اس ملک میں ’تعلیمی ایمرجنسی‘ نافذ کرنے پر زور دیا ہے۔
اشتہار
نیوز ایجنسی اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق بیس سالہ ملالہ یوسف زئی نے نائجیریا کے قائم مقام صدر سے ملاقات کے دوران لڑکیوں کے لیے تعلیمی مواقع بڑھانے کی بات کی۔ اقوام متحدہ کی رپورٹ کے مطابق نائجیریا میں 10.5 ملین بچے اسکول نہیں جاتے اور ان میں سے 60 فیصد تعداد لڑکیوں کی ہے۔ ان میں سے اکثر بچوں کا تعلق ملک کے شمالی علاقے سے ہے جہاں شدت پسند گروہ بوکو حرام نے ریاست کے خلاف جنگ کی آڑ میں بے پناہ اسکول تباہ کر دیے ہیں۔
نائجیریا میں بوکو حرام کے عسکریت پسندوں نے 2014ء میں کیا سرحدی شہر چیبوک شہر سے 200 سے زیادہ طالبات کو اغوا کر لیا تھا۔ ملالہ یوسف زئی نے بھی ان لڑکیوں کی رہائی کی عالمی مہم میں حصہ لیا تھا۔
ملالہ یوسف زئی نے نائجیریا کے دورے کے موقع پر کہا،’’ مرکزی اور مقامی حکومت کو چاہیے کہ سرکاری سطح پر ملک بھر میں تعلیم حاصل کرنے کی سہولیات فراہم کی جائیں اور ملک بھر میں بچوں کے حقوق سے متعلق قوانین کے نفاذ کو یقینی بنایا جائے۔‘‘
چیبوک لڑکیوں کے اغوا کے ایک برس بعد ملالہ نے ایک کھلے خط میں لکھا تھا کہ وہ ان تمام لڑکیوں سے ملاقات کی طلب گار ہیں۔ اب تک 106 لڑکیوں کو اغوا کاروں سے بازیاب کرایا جا چکا ہے۔ ان میں سے کچھ بوکو حرام کی قید سے فرار ہونے میں بھی کامیاب ہوئی ہیں۔
ملالہ کی سالگرہ عراقی لڑکیوں کے ہمراہ
نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی نے اپنی بیسویں سالگرہ عراق میں داخلی طور پر نقل مکانی پر مجبور لڑکیوں کے ساتھ منائی۔ ملالہ ان تصاویر میں عراقی لڑکیوں کے ساتھ پارک میں موجود ہیں۔
تصویر: Twitter/@MalalaFund
ملالہ عراق میں
اس تصویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ملالہ جھولا جھول رہی ہیں اور انتہائی خوش نظر آ رہی ہیں۔
تصویر: Twitter/@MalalaFund
عراق کی لڑکیاں اب آزاد
ملالہ فنڈ کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر شائع ہونے والی اس تصویر کے ساتھ لکھا گیا ہے کہ ملالہ عراق میں ان بچیوں کے ساتھ ہیں جو جنگ کی وجہ سے اسکول نہیں جاسکتی تھیں۔ اب وہ آزاد ہیں اور ملالہ کی سال گرہ ایک پارک میں منا رہی ہیں۔
تصویر: Twitter/@MalalaFund
ملالہ کا سفر
ملالہ فنڈ کی ویب سائٹ کے مطابق ملالہ نے دنیا کے مختلف علاقوں کی لڑکیوں سے ملاقات اور ان کا حوصلہ بڑھانے کے لیے اپنے سفر کا آغاز اس سال اپریل میں کیا۔
تصویر: picture-alliance/AP Photo/K. Senosi
امریکی شہر لنکاسٹر، پہلی منزل
سب سے پہلے وہ امریکی شہر لنکاسٹر پہنچی۔ یہاں ملالہ نے مہاجرین سے ملاقات کی اور تارکین وطن افراد کی جانب سے شروع کیے گئے کاروبار کے بارے میں جانا۔ امریکا کے اس شہر نے سن 2013 سے اب تک 1300 مہاجرین کو پناہ دی ہے۔
تصویر: Reuters/S. Keith
گرل پاور‘ نامی دورے کی اگلی منزل کینیڈا
’گرل پاور‘ نامی دورے کی اگلی منزل کینیڈا تھی۔ جہاں ملالہ نے کینیڈا کے وزیر اعظم اور دیگر رہنماؤں سے ملاقاتوں میں اس بات پر زور دیا کہ لڑکیوں کی تعلیم دنیا کے مستقبل میں سب سے اہم سرمایہ کاری ہے۔
تصویر: Reuters/C. Wattie
ملالہ کی سالگرہ عراقی لڑکیوں کے ہمراہ
اب اپنی سالگرہ کے موقع پر ملالہ عراق پہنچی ہے۔ گزشتہ روز اپنی بیسویں سالگرہ ملالہ نے عراق کی لڑکیوں کے ساتھ ایک پارک میں منائی۔
تصویر: Twitter/@MalalaFund
6 تصاویر1 | 6
اب بھی 113 لڑکیاں بوکو حرام کے قبضے میں ہیں۔ ملالہ یوسف زئی نے رہائی پانے والی لڑکیوں سے ملاقات کی جو حکومت کی زیرنگرانی ایک عمارت میں رہائش پذیر ہیں۔ ملالہ کا کہنا ہے،’’ میں امید کرتی ہوں کہ بوکو حرام کی قید سے باقی لڑکیوں کو بھی جلد رہائی مل سکے گی۔‘‘