1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ملنگا کی واپسی، کینیا کے لیے پریشانی کا پیش خیمہ

1 مارچ 2011

سری لنکا کے کوچ نے امید ظاہر کی ہے کہ آج منگل کو عالمی کپ کے کینیا کے خلاف کھیلے جانے والے میچ میں سری لنکا کی ٹیم میں فاسٹ بولر لاسِتھ ملنگا بھی شامل ہوں گے۔

تصویر: AP

سری لنکا کی ٹیم کو اپنے گزشتہ میچ میں پاکستان کے ہاتھوں گیارہ رنز سے شکست ہوئی تھی۔ بعد ازاں ماہرین نے خیال ظاہر کیا تھا کہ سری لنکن ٹیم کی بولنگ میں کوئی خاص کمال نہیں تھا، جس کی وجہ سے پاکستانی بلے بازوں نے ایک بڑا سکور بنا لیا تھا۔ اب امید کی جا رہی ہے کہ ملنگا کی واپسی سے کینیا کی مشکلات میں اضافہ ہو جائے گا۔

سری لنکا کے کوچ Trevor Bayliss نے کہا ہے کہ ملنگا جو گزشتہ دو ہفتوں سے کمر کی تکلیف میں مبتلا تھے، آج کے میچ میں دستیاب ہوں گے: ’’ملنگا کے فیزیو تھیراپسٹ نے کہا تھا کہ ملنگا کے لیے دو ہفتے انتہائی اہم ہوں گے۔ اب یہ دو ہفتے پورے ہو گئے ہیں۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ملنگا اب فٹ ہیں اور اس بات کا انحصار سلیکشن کمیٹی پر ہے کہ وہ انہیں منتخب کرتی ہے یا نہیں۔

ملنگا واحد ایسے بولر ہیں جنہوں نے عالمی کپ مقابلوں میں مسلسل چار گیندوں پر چار وکٹیں حاصل کی ہوئی ہیںتصویر: AP

ایسی اطلاعات بھی ہیں کہ سری لنکا کی سلیکشن کمیٹی کینیا کے خلاف ملکی ٹیم کے اس میچ میں آف سپنر مرلی دھرن کو شاید آرام دینے کی غرض سے فائنل ٹیم میں شامل نہ کرے۔ دوسری طرف اپنے پہلے دونوں میچوں میں ناکامی کے بعد کینیا کی کوشش ہو گی کہ آج کے میچ میں وہ کوئی اچھی کارکردگی دکھائے۔

اس وقت گروپ اے میں پہلے نمبر پر پاکستان کی ٹیم ہے، جس نے اپنے دونوں میچوں میں کامیابی کے ساتھ چار پوائنٹس حاصل کر رکھے ہیں۔ اگرچہ آسٹریلیا نے بھی اپنے دونوں میچوں میں کامیابی حاصل کی ہے اور اس کے بھی چار پوائنٹس ہیں تاہم اس کی اوسط پاکستان سے بہتر نہیں ہے۔ اس گروپ میں تیسرے نمبر پر سری لنکا جبکہ چوتھے نمبر پر نیوزی لینڈ کی ٹیم ہے۔

گروپ بی میں اس وقت بھارت تین پوائنٹس کے ساتھ پہلے جبکہ اتنے ہی پوائنٹس کے ساتھ انگلینڈ کی ٹیم دوسرے نمبر پر ہے۔ کل پیر کے روز ویسٹ انڈیز نے اپنے دوسرے میچ میں ہالینڈ کو شکست دے کر گروپ بی میں تیسری پوزیشن سنبھال لی تھی۔ جنوبی افریقہ نے اب تک ایک ہی میچ کھیلا ہے اور وہ ابھی تک اس گروپ میں چوتھے نمبر پر ہے، پانچویں نمبر پر بنگلہ دیش کی ٹیم ہے۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں