1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ملکہ الزبتھ دو دن بعد ملکہ وکٹوریہ کا ریکارڈ توڑ دیں گی

مقبول ملک7 ستمبر 2015

برطانوی ملکہ الزبتھ ثانی بدھ نو ستمبر کے روز برطانیہ پر طویل ترین عرصے تک حکمرانی کرنے کا ملکہ وکٹوریہ کا ریکارڈ توڑ دیں گی۔ الزبتھ ثانی کو ملکہ برطانیہ کی ذمے داریاں سنبھالے تریسٹھ برس سے زائد کا عرصہ ہو چکا ہے۔

ملکہ الزبتھ اب تک برطانوی پارلیمان سے 62 مرتبہ سالانہ خطاب کر چکی ہیںتصویر: Reuters/H. Hanschke

لندن سے پیر سات ستمبر کو موصولہ نیوز ایجنسی اے ایف پی کی رپورٹوں کے مطابق برطانیہ پر طویل ترین عرصے تک حکمرانی کا موجودہ ریکارڈ ملکہ وکٹوریہ کا ہے، لیکن بدھ نو ستمبر لندن کے مقامی وقت کے مطابق شام ساڑھے پانچ بجے الزبتھ ثانی برطانیہ پر طویل ترین عرصے تک حکمرانی کرنے والی شخصیت بن جائیں گی۔

برطانوی شاہی خاندان کی سربراہ کے طور پر ملکہ الزبتھ ثانی کے اقتدار کی خاص بات یہ ہے کہ اب تک ان کی حکمرانی میں برطانیہ میں بارہ وزرائے اعظم حکومتی سربراہان کی ذمے داریاں انجام دے چکے ہیں۔ ان میں سے پہلے سر ونسٹن چرچل تھے، جو اس وقت لندن حکومت کے سربراہ تھے، جب 25 برس کی عمر میں 1952ء میں شہزادی الزبتھ نے ملکہ کی ذمے داریاں سنبھالی تھیں۔

ملکہ الزبتھ برطانوی پارلیمان سے اب تک 62 مرتبہ سالانہ خطاب کر چکی ہیں۔ برطانوی شاہی خاندان کی سربراہی سنبھالنے کے بعد موجودہ ملکہ نے اب تک 97 غیر ملکی دورے کیے ہیں، جن میں سے پہلا 1955ء میں سربراہ مملکت کے طور پر ان کا ناروے کا دورہ تھا اور آخری ابھی اسی سال جون میں جرمنی کا کئی روزہ سرکاری دورہ۔

برطانیہ پر طویل ترین عرصے تک حکمرانی کا موجودہ ریکارڈ ملکہ وکٹوریہ کا ہےتصویر: dpa

برطانوی ملکہ کے بارے میں ایک قابل ذکر بات یہ بھی ہے کہ ان کے پاس اپنا کوئی پاسپورٹ نہیں ہے کیونکہ انہیں تاج برطانیہ کی مالک ہونے کی وجہ سے کہیں جانے کے لیے کسی پاسپورٹ کی ضرورت نہیں پڑتی۔

ان کی پرنس فیلپ کے ساتھ شادی کو 67 برس ہو چکے ہیں۔ ملکہ الزبتھ ابھی شہزادی الزبتھ ہی تھیں کہ 20 نومبر 1947ء کے روز ان کی پرنس فیلپ کے ساتھ شادی ہوئی تھی۔ ملکہ الزبتھ اپنے شریک حیات پرنس فیلپ کو اپنی ’طاقت اور سہارا‘ قرار دیتی ہیں۔

اس وقت دنیا کے کسی بھی ملک میں طویل ترین عرصے تک حکمرانی کرنے والی شاہی شخصیت تھائی لینڈ کے بادشاہ بھومی بول کی ہے، جنہیں تخت پر براجمان ہوئے قریب 69 برس ہو چکے ہیں۔ وہ برطانیہ میں ملکہ الزبتھ کے تخت پر براجمان ہونے سے بھی چھ برس پہلے تھائی لینڈ میں بادشاہ کے منصب پر فائز ہوئے تھے۔

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں