1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ملکہ برطانیہ الزبتھ 96 برس کی ہو گئیں

21 اپریل 2022

لندن میں آج ملکہ برطانیہ کی 96ویں سالگرہ کے موقع پر انہیں توپوں کی سلامی دی گئی۔ ملکہ الزبتھ کو سب سے زیادہ طویل مدت تک تاجِ برطانیہ اپنے پاس رکھنے کا اعزاز حاصل ہے۔

Queen Elizabeth II at Sandringham House
تصویر: Avalon/Photoshot/picture alliance

جمعرات کے روز ملکہ الزبتھ کی سالگرہ کے موقع پر لندن اور وِنڈسر بھر میں خصوصی طور پر توپوں کی سلامی دی گئی جب کہ فوجی بینڈس نے 'سالگرہ مبارک ہو‘ کی دھنیں بجائیں۔ ملکہ برطانیہ پچھلے ستر سال سے تاجِ برطانیہ سر پر سجائے ہوئے ہیں۔ اس موقع پر ملکہ برطانیہ کی دو گھوڑوں کے ہمراہ تصویر جاری کی گئی ہیں۔ ملکہ رواں برس تخت نیشنی کی پلاٹینیم جوبلی بھی منا رہی ہیں۔

برطانوی ملکہ الزبيتھ اور شوہر فلپ کی شادی کی 73ویں سالگرہ

برطانوی ملکہ الزبتھ کی پراسرار جائیداد

اس موقع پر شاہی خاندان کے علاوہ حکومتی وزراء کی جانب سے بھی ملکہ الزبتھ کو سالگرہ کی تہنیت دی گئی ہے۔ صحت کے مسائل کی بنا پر ملکہ الزبتھ کئی عوامی ذمہ داریوں سے رواں برس سبک دوش ہو چکی ہیں۔

اپنی سالگرہ کے لیے ملکہ لندن کے مغرب میں قلعہ ونڈسرگئیں۔ ملکہ کے پوتے شہزادہ ویلیم اور ان کی اہلیہ کیٹ نے ایک ٹوئٹر پیغام میں لکھا، ''برطانیہ، دولت مشترکہ اور دنیا بھر کے لیے انتہائی متاثر کن شخصیت کی سالگرہ اس پلاٹینیم جوبلی سال میں اور بھی خصوصی ہو گئی ہے۔‘‘

وزیراعظم بورس جانسن، جو اس وقت بھارت کا دورہ کر رہے ہیں، نے بھی ملکہ کو سالگرہ کی مبارک باد دیتے ہوئے دلی تہنیت پیش کی ہے۔ ایک ویڈیو پیغام میں جانسن نے کہا، '' ملکہ پچھلے ستر برسوں سے پوری تندہی سے ہمارے ملک کے لیے خدمات انجام دے رہی ہیں۔‘‘

اسی تناظر میں خصوصی باربی ڈول بھی متعارف کروائی گئی ہےتصویر: MATTEL/REUTERS

پلاٹینیم جوبلی کے حوالے سے کھلونے بنانے والی ادارے میٹل نے 'باربی ڈول‘ کو ملکہ کے لباس میں متعارف کروایا ہے۔

الزبتھ چھ فروری 1952 کو بادشاہ جارج ششم کے انتقال کے بعد تخت نشین ہوئیں تھیں۔ اس وقت وہ بین الاقوامی دورے پر کینیا میں تھیں جب کہ تب کینیڈا، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ سمیت ایک درجن سے زائد علاقے تخت برطانیہ سے جڑے تھے۔ ملکہ الزبتھ کے شوہر شہزادہ فیلِپ ننانوے برس کی عمر میں پچھلے سال انتقال کر گئے تھے۔

ملکہء برطانیہ الزبتھ کی 90ویں سال گرہ

02:35

This browser does not support the video element.

جب ملکہ نے تاج پہنا اس وقت سوویت یونین میں جوزف اسٹالن اور چین میں ماؤزے ڈونگ حکمران تھے جب کہ امریکا میں ٹرومین صدر تھے۔ خود برطانیہ میں ونسٹن چرچل وزیراعظم کے منصب پر کام کر رہے تھے۔

رواں برس فروری میں ملکہ الزبتھ کووِڈ انیس میں مبتلا ہوئیں تھیں اور کہا جا رہا تھا کہ اس بیماری کے بعد وہ خود کو بہت کم زور محسوس کر رہی ہیں۔ گزشتہ برس اکتوبر میں ملکہ نے ایک شب ہسپتال میں گزاری تھی، تاہم ان کی بیماری سے متعلق تفصیلات نہیں بتائی گئی تھیں۔  اسی تناظر میں وہ پچھلے کچھ عرصے سے عوامی تقریبات میں بہت کم دکھائی دیتی ہیں۔ گزشتہ ماہ لیکن اپنے شوہر کی برسی کے موقع پر وہ لندن کے ویسٹ منسٹر قبرستان میں شاہی خاندان اور دیگر اہم شخصیات کے ساتھ نظر آئی تھیں۔

 

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں