ملک نے ماہا ’آپا‘ کو طلاق دے دی
7 اپریل 2010شعیب ملک نے سات سال قبل بھارتی شہر حیدرآباد سے تعلق رکھنے والی عائشہ صدیقی نامی لڑکی سے نکاح کیا تھا، لیکن وہ مسلسل اس بات سے انکار کرتے چلے آ رہے تھے۔
ملک اب پندرہ اپریل کو بھارتی ٹینس سٹار ثانیہ مرزا کے ساتھ رشتہ ازدواج میں بندھنے والے ہیں۔ مرزا اور ملک کی شادی سے پہلے عائشہ صدیقی کے والد نے شعیب ملک کے خلاف دھوکہ دہی، فون پر دھمکیاں دینے اور اُن کی بیٹی کو ہراساں کرنے کے سلسلے میں مقدمہ درج کرایا تھا۔ پولیس کیس کے باعث پاکستانی کرکٹر ملک کی پریشانیوں میں اضافہ ہوگیا تھا۔
ثانیہ مرزا کے چچا مسٹر شفیع نے بدھ کے روز عائشہ صدیقی کے گھر پر ایک مشترکہ نیوز کانفرنس میں کہا کہ ملک اور صدیقی کے نکاح کا تنازعہ اب ایک سمجھوتے کے نتیجے میں ختم ہوگیا ہے۔ فریقین کے درمیان اس معاہدے کے تحت اب شعیب ملک کو آئندہ تین ماہ تک شرعی اعتبار سے عائشہ صدیقی کو پانچ پانچ ہزار روپے کی رقم ادا کرنا ہوگی۔ اطلاعات کے مطابق اب ملک کے خلاف دائر تمام مقدمے واپس لئے جائیں گے۔ اس سلسلے میں پولیس میں عرضی بھی داخل کر دی گئی ہے۔
شعیب ملک کے خلاف عائشہ صدیقی کو ہراساں کرنے، اسے چھوڑ کر دوسری لڑکی سے شادی کرنے اور چپ رہنے کی دھمکیاں دینے کے سنگین الزامات ہیں۔ بنجارا ہلز پولیس نے بتایا کہ شعیب ملک پر 420، 498-A اور 506 دفعات کے تحت مقدمات درج ہیں۔
فریقین کے درمیان اس تنازعے کو ختم کرنے کے لئے حیدرآباد کی مسلم برادری اور عائشہ صدیقی اور ثانیہ مرزا کے قریبی رشتہ داروں نے کلیدی کردار ادا کیا۔
جوائنٹ پریس کانفرنس کے وقت عائشہ صدیقی کی والدہ فریسہ اور ریاست آندھرا پردیش میں کانگریس کے جنرل سیکریٹری عابد رسول خان صدیقی کے گھر پرموجود تھے۔ مسٹر خان اور مسٹر شفیع نے بتایا کہ تنازعہ کا خوش اسلوبی سے خاتمہ ہوگیا ہے۔ ان کے مطابق شعیب ملک اور عائشہ صدیقی کے نکاح کا متنازعہ معاملہ اسلام اور مسلم برادری کی بدنامی کا سبب بن رہا تھا۔
پریس کانفرنس کے موقع پر عائشہ کی والدہ فریسہ نے بتایا کہ اپنی بیٹی کو انصاف ملنے پر اب وہ بہت خوش ہیں۔’’میری بیٹی کو بہت سارے مصائب اور مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ آخر کار میری دختر کے ساتھ انصاف ہوگیا ہے۔ اب وہ بہت خوش ہیں۔‘‘
انڈین ٹینس سٹار ثانیہ مرزا کے ساتھ شادی کرنے کا خواب آنکھوں میں سجائے بھارتی شہر حیدرآباد پہنچے پاکستانی کرکٹ کھلاڑی شعیب ملک زبردست ذہنی تناوٴ کا شکار ہوگئے تھے۔
اٹھائیس سالہ کرکٹر ملک گزشتہ ہفتے حیدر آباد پہنچے تھے، جہاں انہوں نے ثانیہ مرزا کے ساتھ نکاح کرنے کا باقاعدہ اعلان کیا۔ شعیب ملک نامہ نگاروں کے حساس سوالوں کا جواب نہیں دے پا رہے تھے تاہم وہ عائشہ صدیقی کے ساتھ فون پر اپنے نکاح کو ''غیر معتبر‘‘ قرار دے رہے تھے۔
اس وقت شعیب ملک کو قومی کرکٹ بورڈ کی طرف سے ایک سال کی پابندی کا بھی سامنا ہے۔
رپورٹ: گوہر نذیر گیلانی/خبر رساں ادارے
ادارت: افسر اعوان