1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ممبئی: عمارت گرنے سے متعدد ہلاک اور زخمی

10 جون 2021

بھارتی شہر ممبئی میں ایک تین منزلہ عمارت پڑوس کے مکان پر گر گئی، جس سے آٹھ بچوں سمیت کم سے کم 11 افراد ہلاک ہو گئے۔ موسلا دھار بارشوں سے صنعتی شہر ممبئی میں زندگی درہم برہم ہو کر رہ گئی ہے۔

Indien Starke Regen in Mumbai
تصویر: Hemanshi Kamani/REUTERS

بھارت کے صنعتی شہر ممبئی میں گزشتہ رات ایک تین منزلہ رہائشی عمارت پڑوس کے مکان پر گر گئی، جس کی وجہ سے آٹھ بچوں سمیت کم سے کم گيارہ افراد ہلاک ہو  گئے۔ اس واقعے میں دیگر متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں جن کا مقامی ہسپتال میں علاج چل رہا ہے۔ شہر میں گزشتہ دو روز سے موسلا دھار بارش ہو رہی ہے، جس کی وجہ سے عمارت گرنے کا یہ واقعہ پیش آیا۔

ممبئی میں آفات سے نمٹنے والے محکمے ڈیزاسٹر مینیجمنٹ کے حکام کے مطابق رات دیر گئے میں یہ واقعہ شہر کے شمالی مضافاتی علاقے میں عبد الحمید روڈ پر ملوانی گیٹ کے پاس پیش آيا۔ پولیس حکام کے مطابق امدادی کارروائیاں اب بھی جاری ہیں اور ملبہ ہٹانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

حکام نے مزید بتایا کہ جائے حادثے کے آس پاس کی مزید عمارتیں بھی بوسیدہ حالت میں ہیں اس لیے کسی ممکنہ حادثے سے بچنے کے لیے ان کو بھی خالی کرا لیا گيا ہے۔ مقامی لوگ بھی امدادی کاموں میں مدد کر رہے ہیں اور حادثے میں کچھ بچ جانے والوں افراد کو محفوظ مقام پر پہنچایا گيا ہے۔

تصویر: Imtiyaz Shaikh/AA/picture alliance

ایک ریاستی وزير اسلم شیخ نے جمعرات کی صبح جائے حادثہ کا دورہ کرنے کے بعد کہا کہ عمارت زیادہ بارش ہونے کی وجہ سے منہدم ہوئی ہے۔ ممبئی ساحل سمندر پر آباد شہر ہے جہاں مون سون کے سیزن میں زبردست بارش ہوتی ہے۔ شہر میں گزشتہ دو روز سے مسلسل بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جس کی وجہ سے عام زندگی بری طرح متاثر ہوئی ہے۔

مون سون کی آمد اور بارش کا قہر

اس برس ممبئی میں مون سون کی بارشوں کا آغاز نو جون بروز بدھ سے ہوا اور پہلے ہی دن کئی گھنٹوں تک مسلسل بارشوں سے شہر کے کئی علاقے زیر آب آ گئے ۔ اس کی وجہ سے نہ صرف گاڑیوں کی آمد و رفت میں خلل پڑا بلکہ کئی علاقوں میں مقامی ریل سروس بھی بری طرح متاثر ہوئی۔ خراب موسم کی وجہ سے متعدد پروازیں بھی منسوخ کرنا پڑیں۔اطلاعات کے مطابق لینڈنگ میں دشواری کی وجہ سے کئی پروازوں کے روٹس کو بھی بدلنا پڑا۔

شہر میں کورنا وائرس کی روک تھام کے لیے اب بھی بہت سی بندشیں عائد ہیں اور بارش کے سبب پانی بھر جانے کی وجہ سے صحت سے متعلق روز مرہ کی ضروری سرگرمیاں بھی متاثر ہوئی ہیں۔  

اس دوران محکمہ موسمیات نے ممبئی شہر اور اس کے آس پاس آئندہ تین روز تک مزید تیز بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔

ساحلی شہر ممبئی دنیا میں فلمی صنعت کے لیے بھی معروف ہے تاہم مون سون کی بارش کی وجہ سے جون اور ستمبر کے مہینے میں عمارتیں گرنے کے واقعات اب ایک عام سی بات ہے۔ ماہرین کے مطابق مون سون کے سیزن میں مسلسل زبردست بارشوں کی وجہ سے عمارتیں کمزور ہو جاتی ہیں اور عمارتوں کی منہدم ہونے کی یہی اہم وجہ ہے۔ 

گزشتہ برس ستمبر میں ممبئی کی ایک چار منزلہ عمارت گر گئی تھی جس میں دس افراد ہلاک ہوئے تھے۔ ہر برس بارشوں کے موسم میں شہر کے مختلف علاقے کے زیر آب آنے کے واقعات بھی عام بات ہیں جس سے جانی و مالی نقصان بھی ہوتا ہے۔

(نیوز ایجنسیاں) 

ممبئی کو ماحول دوست بنانے کی کوشش

02:04

This browser does not support the video element.

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں