منشیات فروشوں سے پاک ریو ڈی جینیرو کے علاقے ترقی کی جانب گامزن
23 دسمبر 2010ایک بڑے کمرشل بینک کی جانب سے لگایا گیا یہ کرسمس ٹری ایک اور خوش آئند امر کی طرف بھی اشارہ کرتا ہے، یعنی ریوکی گنجان آباد کچی بستیوں اور پسماندہ شہری علاقوں میں کاروباری مواقع کا پیدا ہونا۔ ریو میں منشیات کا کاروبار کرنے والوں کی آپس کی جنگ کے باعث اس علاقے میں کاروباری مواقع کئی برسوں سے نہ ہونے کے برابر تھے۔
آلیماؤ کو منشیات کے بیوپاریوں سے پاک کرنے کے ایک ماہ بعد اب وہاں بینک، ٹیلی کام اور یوٹیلیٹی کمپنیاں پرجوش انداز میں حکومت کے ساتھ مل کر وہ خلا پر کرنے کی کوششوں میں مصروف ہو گئی ہیں، جو ایک لاکھ کی آبادی والے اس پسماندہ علاقے کو طویل عرصے سے نظر انداز کرنے کی وجہ سے پیدا ہو گیا تھا۔
ان تجارتی اداروں کے محرکات اور مقاصد بہت واضح ہیں۔ ایک اخباری انٹرویو میں ایک ٹیلی کام فرم کے مالک نے کہا کہ علاقے میں امن قائم ہونے کے بعد راتوں رات ریو ڈی جینیرو میں ان کے صارفین کی تعداد میں ہونے والا اضافہ کسی بھی چھوٹے شہر میں موجود صارفین کی تعداد کے برابر تھا۔
حالیہ دنوں میں زمین کی قیمتوں میں اضافہ، زیر سمندر تیل کی تلاش کی تیاری اور ٹیکس دہندگان میں کی تعداد میں اضافہ اس حقیققت کی طرف اشارہ ہیں کہ جلد ہی برازیل کی معیشت کو مزید استحکام ملے گا۔
دوسری جانب برازیلین حکومت نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ وہ 2014 ء میں ریو میں ہونے والے ورلڈ کپ سے پہلے اس خطے کو جرائم پیشہ افراد سے پاک کرتے ہوئے وہاں امن عامہ کی صورتحال کو بہت تسلی بخش بنا دے گی۔
رپورٹ: عنبرین فاطمہ
ادارت: مقبول ملک