1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

منشیات کی اسمگلنگ، پاکستان میں قید چیک جمہوریہ کی ماڈل بری

1 نومبر 2021

چیک جمہوریہ کی وزارت خارجہ کے مطابق پاکستان میں قید ٹیریزا ہلوسکووا کو بری کر دیا گیا ہے۔ اس چیک ماڈل کو سن دو ہزار انیس میں منشیات کی اسمگلنگ کے الزام میں آٹھ برس سے زائد کی سزائے قید سنائی گئی تھی۔

Pakistan | Tereza Hluskova
تصویر: Arif Ali/AFPGetty Images

چیک جمہوریہ کی وزارت خارجہ نے ملکی ماڈل ٹیریزا ہلوسکووا کے وکیل کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں پاکستان کی ایک عدالت نے بری کر دیا ہے۔ اس پچیس سالہ خاتون کو جنوری دو ہزار اٹھارہ میں لاہور ایئر پورٹ سے اس وقت گرفتار کیا گیا تھا، جب ان کے بیگ سے نو کلوگرام ہیروئن برآمد ہوئی تھی۔

اس وقت پاکستانی کسٹمز حکام نے ایک ویڈیو جاری کی تھی، جس میں ملزمہ کے بیگ سے ہیروئن برآمد ہوتی ہوئی دیکھی جا سکتی تھی۔ یہ چیک ماڈل لاہور ایئر پورٹ سے ایک فلائٹ کے ذریعے متحدہ عرب امارات جا رہی تھی۔ بعد ازاں مقدمہ چلا تو ہلوسکووا کو آٹھ سال اور آٹھ ماہ قید کی سزا کے ساتھ ساتھ جرمانے کی سزا بھی سنائی گئی تھی۔

تصویر: Arif Ali/AFPGetty Images

ملزمہ کا کہنا تھا کہ کسی دوسرے شخص نے ان کے بیگ میں یہ ہیروئن رکھی تھی اور انہیں اس کا علم نہیں تھا۔

ٹیریزا ہلوسکووا نے اپنی سزا کے خلاف اپیل اپریل دو ہزار انیس میں دائر کی تھی۔ پاکستان کے مقامی میڈیا کے مطابق لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے اس غیر ملکی ماڈل کی اپیل کی سماعت کی۔

چیک وزارت خارجہ کی طرف سے کی جانے والی ایک ٹویٹ میں کہا گیا ہے، ''(ہلوسکووا کے) وکیل کی معلومات کی بنیاد پر ہم یہ تصدیق کر سکتے ہیں کہ عدالت نے اپیل پر اپنا فیصلہ سناتے ہوئے اس چیک شہری کو بری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔‘‘ اس ٹویٹ میں مزید کہا گیا ہے، ''فیصلے پر عمل درآمد کے چند دنوں کے اندر ہی انہیں جیل سے رہائی ملنا چاہیے۔‘‘  ہلوسکووا ایک ماڈل کی حیثیت سے پاکستان گئی تھیں اور وہاں تین ماہ تک قیام کے بعد متحدہ عرب امارات کے لیے روانہ ہو رہی تھیں۔ وہ لاہور کی کوٹ لکھپت جیل میں قید تھیں۔

پاکستان ڈرگ اسمگلنگ کے لیے ان راستوں کا حصہ ہے، جن کے ذریعے منشیات پوری دنیا میں اسمگل کی جاتی ہیں۔ یہ راستے افغانستان سے وسطی ایشیا، یورپ اور شمالی امریکا تک جاتے ہیں۔

ا ا / م م (اے ایف پی)

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں